نیویارک سے مسلم امریکن زوہران ممدانی الیکشن جیتنے کےلئے پرعزم
ایسٹوریا ، سٹائین وے کوینز سے موجودہ اسمبلی ویمن کے مقابلے میں سٹیٹ اسمبلی ڈسٹرکٹ 36سے زوہران ممدانی میدان میں آگئے ، مسلم ڈیموکریٹس بھی ساتھ کھڑے ہو گئے
زوہران ممدانی ڈیموکریٹک پارٹی میں موجودہ اسمبلی وومین اوریلا سائما ٹوس کو سٹیٹ اسمبلی ڈسٹرکٹ36میں چیلج کررہے ہیں، مسلم ڈیموکریٹس کلب کا ممدانی کے لئے فنڈ ریزنگ استقبالیہ
نیویارک (اردو نیوز ) مسلم امریکن کمیونٹی نیویارک کے 28سالہ جواں سال رکن زوہران ممدانی رواں سال نیویارک سٹیٹ اسمبلی کے الیکشن میں سامنے آگئے ہیں ۔ انہوں نے کوینز بورو کے علاقے ایسٹوریا، سٹائین وے کے حلقہ پر مشتمل اسمبلی ڈسٹرکٹ 36سے سٹیٹ اسمبلی کا الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے ۔اس حلقے سے ڈیموکریٹک پارٹی کی ارویلا سائما ٹوس موجودہ اسمبلی ویمن ہیں جنہیں ڈیموکریٹ پارٹی سے ہی تعلق رکھنے والے ،زوہران ممدانی الیکشن میں چیلنج کرنے جا رہے ہیں ۔
مسلم امریکن کمیونٹی نیویارک کی ایک اہم اور نمائندہ تنظیم مسلم ڈیموکریٹس کلب کی جانب سے زوہران ممدانی کے اعزاز میں فنڈ ریزنگ استقبالیہ کا اہتمام کیا گیا جس میں اٹارنی علی نجمی ، عالیہ لطیف، صدف مہدی ،ڈاکٹراعجاز احمد، پرویز صدیقی ، کاشف حسین ، زونیرا چغتائی سمیت مسلم و پاکستانی کمیونٹی کے اہم ارکان نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔
زوہران ممدانی کے آباو¿ اجداد دو سو سال قبل ہندوستان سے یوگنڈا منتقل ہو گئے تھے ۔زوہران کے والدین یوگنڈا سے برطانیہ اور پھر وہاں سے امریکہ منتقل ہو گئے ۔ممدانی امریکہ میں ہی پیدا ہوئے ۔
زوہران ممدانی اپنی انتخابی مہم کے لئے 51ہزار ڈالرز اکٹھا کر چکے ہیں ۔
اٹارنی علی نجمی نے زوہران ممدانی کو متعارف کرواتے ہوئے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ منتخب ایوانوں میں مسلم امریکن کمیونٹی اپنی نمائندگی خود کرے اور پالیسی و فیصلہ سازی میں اپنا کردار ادا کرے ۔اسمبلی ڈسٹرکٹ 36میں کمیونٹی کی بڑی تعداد بستی ہے اور نیویارک سٹیٹ اسمبلی میں اس ڈسٹرکٹ کی نمائندگی کرنے کے لئے ممدانی موزوں امیدوار ہیں ۔ پوری کمیونٹی کو اس کی ہر ممکن سپورٹ کرنی چاہئیے ۔
زوہران ممدانی نے خطاب کرتے ہوئے اپنا، اپنے والدین اور آباو¿ اجداد کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ سال پہلے مجھے علم ہوا کہ اٹارنی علی نجمی ، نیویارک سٹی کونسل کا الیکشن لڑررہے ہیں ۔ مجھے ان سے ملنے کا اشتیاق پیدا ہوا اور مجھے آج بھی وہ دن یاد ہے کہ جب میں ٹرین لے کر ان سے ملنے گیا۔آج میرے الیکشن میں علی نجمی اور کمیونٹی میرے ساتھ کھڑی ہے ۔ یہی وہ سفر ہے کہ جس میں ہمیں آگے بڑھنا ہے ۔
زوہران ممدنی نے کہا کہ اسمبلی ویمن ارویلا سائما ٹوس کی جگہ اسمبلی ڈسٹرکٹ 36کے لوگوں کو ایک نئے نمائندے کی ضرورت ہے جو کہ البنی میں ان کی موثرانداز میں نمائندگی کر سکے ۔ انہوں نے کہا کہ اس اسمبلی ڈسٹرکٹ میں مسلم امریکن ووٹرز کی اتنی تعدادبستی ہے کہ اگر وہ سب ووٹ دیں تو ہم آسانی سے کامیاب ہو سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں کسی ایک کمیونٹی نہیں بلکہ سب کی البنی میں نمائندگی کرنا چاہتا ہوں۔ اس لئے میری پالیسی ،اس حلقے کے عوام کی امنگوں کی عکاس ہو ںگی ۔
زوہران ممدانی نے کہا کہ 14فروری سے پہلے ووٹرز اپنی پارٹی تبدیل کر سکتے ہیں۔ میں کمیونٹی کے ان ووٹرز کہ جو ریپبلکن یا آزاد ہیں، سے کہوں گا کہ وہ خود کو ڈیموکریٹس کے طور پر رجسٹر کروائیں تاکہ وہ صدارتی اور سٹیٹ پرائمری الیکشن میں حصہ لے سکیں ۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ اگر زوہران ممدانی الیکشن جیتے ہیں تو وہ نیویارک سٹیٹ اسمبلی میں پہنچنے والے پہلے ساو¿تھ ایشین مسلمان ہوں گے۔
تقریب میں موجود کلب کے اور مسلم کمیونٹی کے ارکان نے ممدانی کو اپنی بھرپور سپورٹ کا یقین دلایا ۔
Zohran Kwame Mamdani, Assemblyman elections 2020