اوورسیز پاکستانی اپوزیشن کی بحران اور عدم استحکام کی سیاست کی مذمت کرتے ہیں، ضمیر احمد چوہدری
تحریک انصاف یو ایس اے کے ساتھی ، اوورسیز کمیونٹی عمران خان کے دست و بازو بن کر اپوزیشن کی تخریبی سیاست کو ناکام بنائیں گے ،ترجمان پی ٹی آئی یو ایس اے (نیویارک)
نیویارک (اردونیوز ) پاکستان تحریک انصاف امریکہ ، نیویار ک کے ترجمان ضمیر احمد چوہدری نے کہا ہے کہ امریکہ سمیت دنیا بھر میں بسنے والے اوورسیز پاکستانی بخوبی سمجھتے ہیں کہ وزیر اعظم عمران خان 74سالہ فرسودہ سیاسی نظام کے خاتمے کو توڑنے کے لئے جتنی جدوجہد کررہے ہیں، اتنا ہی فرسودہ نظام کے پروردہ کرپٹ سیاستدانوں کی جانب سے مزاحمت کی جا رہی ہے۔یہی مزاحمت اپوزیشن کی تخریبی سیاست کی شکل میں آج پوری قوم کے سامنے عیاں ہو رہی ہے ۔اپنے بیان میں ضمیر احمد چوہدری نے کہا کہ ہم اپوزیشن کی ملک میں بحران اور عدم استحکام پیدا کرنے کی سیاست کی مذمت کرتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے امریکہ سمیت دنیا میں موجود لاکھوں ساتھی ، اپنے چئیرمین اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں ۔ اوورسیز میں بسنے والی پاکستان کی محب وطن کمیونٹی ، وزیر اعظم عمران خان کا دست و بازو بن کر اپوزیشن کی ملک دشمن اور عوام دشمن سیاست کو نہ صرف دنیا بھر میں بے نقاب کرے گی بلکہ اسے برح طرح ناکام بنائے گی ۔
ضمیر احمد چوہدری نے کہا کہ عمران خان ، پاکستان کو داخلی و خارجہ چیلنجوں سے نکا ل کر ملک کو تعمیر و ترقی کی منازل کی طرف لے جانا چاہتے ہیں لیکن اپوزیشن والے اس راہ میں رکاوٹ بن کر عوام کو مسلسل غربت اور غلامی میں رکھنا چاہتے ہیں ۔اس سیاست کو عوام نے سال 2018کے الیکشن میں مسترد کیا تھا اور عمران خان کو پانچ سال کا مینڈیٹ دیا تھا۔ عمران خان اپنے مینڈیٹ کے مطابق مدت پوری کریں گی اور انشاءاللہ آئندہ الیکشن میںعوام انہیں ایک بار پھر مینڈیٹ دے گی ۔