امریکی کانگریس ویمن ایوٹ کلارک کا پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کا اعتراف
بروکلین (نیویارک) میں پاکستانی تنظیم ”PAANY‘ ‘ اور اکنا ریلیف کی گذشتہ ہفتوں سے جاری اشیاءخوردونوش کی تقسیم کے سلسلے کو کانگریس ویمن کلارک نے امیگرنٹس کمیونٹیز کی خدمات کی روشن مثال قراردیا
نیویارک (اردو نیوز)پاکستانی امریکن ایسوسی ایشن آف نیویارک ( PAANY)، اکنا ریلیف اور آشیانہ ایڈلٹ ڈے کئیر سنٹرکے زیراہتمام کرونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونیوالے معاشی بحران کے شکار ضرورتمندوں اور مستحق افراد میں گروسری اورتازہ پھلوں وسبزیاں تقسیم کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔یہ سلسلہ کونی آئی لینڈ ایونیو بروکلین پر واقع ’آشیانہ سنٹر‘ کے دفترمیں جاری ہے ۔
واضح رہے کہ مختلف پاکستانی امریکن تنظیموں کی جانب سے نیویارک میں بڑی تعداد میں کھانے پینے کی اشیاءفراہم کی جارہی ہیں تاکہ کرونا وائرس سے متاثرہ نیویارکرز کی مدد کی جاسکے۔
اشیاءخوردو نوش تقسیم کرنے کے اس سلسلے میں یو ایس کانگریس ویمن ایوٹ کلارک نے بھی حصہ لیا ۔وہ ’آشیانہ سنٹر‘ پہنچیں جہاں انہیں پروگرام کے منتظمین چوہدری اسلم ڈھلوں، محمد کریم وٹو،عبدالعزیز وٹو، اور معمر انورگجر، ذوالفقار باجوہ نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ خوش آمدید کہا ۔
کانگریس ویمن کلار ک نے کورونا وائرس کے دوران انسانیت کی بہترین خدمت کرنے پر پاکستانی کمیونٹی کو سراہا اور کہا کہ امریکی مسلمانوں اور پاکستانی امریکن کا جذبہ قابل فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم تیزی سے معیشت کی بحالی اور بتدریج لاک ڈاو¿ن کے خاتمے کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ایوان نمائندگان میں سپیکر کانگریس نینسی پلوسی کے ایوان نمائندگان میں منظور کردہ اقتصادی بل کی کامیابی کے لئے کوشاں ہیں ۔اگر یہ بل کامیاب ہوگیا تو کورونا سے متاثر ہونے والے امریکن کو معاشی طور پر سنبھلنے میں مدد ملے گی۔
کانگریس وومین نے اکنا ریلیف ،اسلم ڈھلوں، محمد کریم وٹو اور دیگر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات قابل رشک ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی نے انہیں ہمیشہ متاثر کیا ہے۔ اسلم ڈھلوں،کریم وٹو اور عبدالعزیز نے کانگریس وومین اور انکے ڈسٹرکٹ نمائندے اورلینڈو راس کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
بروکلین کے ڈسٹرکٹ اٹارنی ایرک گنزالز مصروفیت کی بنا پر شریک نہ ہوسکے لیکن انہوں نے اپنے نمائندے بھیجے تھے جنہوں نے منتظمین کے ساتھ مل کر مستحقین میں اشیاءخوردونوش تقسیم کیں ۔تقریباً 200 سے زائد افراد میں ایک دن میں اشیاءخوردونوش تقسیم کی گئیں ۔ انسانی خدمت کے اس عظیم کام میں ’پانی‘ کے بانی و چیئرمین چوہدری اسلم ڈھلوں کے ساتھ ناز فارمیسی اور آشیانہ ایڈلٹ ڈے کئیر کے روح رواں محمد کریم وٹواور جیو فارمیسی کے عبدالعزیز وٹو، اکنا ریلیف فوڈ پینٹری کے انچارج معمر انورگجر اور انکی ٹیم نے خاص طور سے حصہ لیااور ضرورتمندوں میں خوراک تقسیم کی۔
اس موقع پر نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے افسران بھی موجود تھے۔ چوہدری اسلم ڈھلوں نے کہا کہ کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مدد کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی اور اکنا ریلیف کے زیراہتمام نیویارک سٹی کے مئیر کے تعاون سے ضرورتمندوں اور مستحق افراد میں خوراک کی تقسیم کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب مل جل کر مشکلات کی اس گھڑی میں ایک دوسرے کا خیال رکھیں تو مسائل کا سامنا بخوبی کرسکتے ہیں۔
اسلم ڈھلوں نے کریم وٹو،عزیز وٹو، اور دیگر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس انسانی خدمت میں اہم کردار ادا کیا۔کریم وٹو اور عزیز وٹو نے کہا کہ کرونا وبا کے دوران جس طرح امریکی پاکستانی تنظیموں نے مجموعی اور لوگوں نے انفرادی طور پر مستحق اور ضرورتمندوں کی مدد کی وہ قابل داد ہے. انہوں نے کہا ایسے حالات میں لوگوں کا ایک دوسرے کے ساتھ تعاون خوش آئند بات ہے۔
Yvetter Clarke, Pakistani American community