پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں نے سخت فیصلے ملک بچانے کے لئے کئے،یوسف رضا گیلانی
عالمی معاہدے ریاست کے ساتھ ہوتے ہیں پارٹی کے ساتھ نہیں، سابقہ حکومت نے حکومت جانے پر بین الاقوامی معاہدے کے خلاف ورزی کی،یوسف رضا گیلانی
ملتان(اظہار عباسی سے )سابق وزیراعظم پاکستان سینیٹرسید یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ عمران خان نے حکومت جانے کے بعد ملک اور اداروں کے خلاف باتیں کیں وہ ملک کے واحد سیاستدان ہیں جنہیں تمام بنیادی حقوق حاصل ہیں۔ ملتان میں دربار حضرت موسیٰ پاک شہیدؒ کے احاطہ میں نماز عید کی ادائیگی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ سابقہ حکمرانوں کو جب معلوم ہوا کہ وہ جانے والے ہیں تو انہوں نے آئی ایم ایف سے معاہدے کی جان بوجھ کر خلاف ورزی کی ،ہم نے ریاست بچانے کے لئے مشکل فیصلے ملکر کئے ورنہ ملک ڈیفالٹ کرجاتا۔
جنوبی پنجاب صوبہ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے 3ماہ میں صوبہ کا وعدہ کیا لیکن پارلیمنٹ کو بلڈوز کرکے ای وی ایم اور اوور سیز پاکستانیوں کے ووٹ والے بل تو پاس کر لئے جنوبی پنجاب کو مکمل طور نظر انداز کیا جب ہمیں اکثریت ملی جنوبی پنجاب صوبہ بنائیں گے ۔قومی سلامتی کمیٹی کےکے ان کیمرہ اجلاس کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ افغانستان اور ہمارے اردگرد بہت کچھ ہورہا ہے یہ اجلاس ہمارے مطالبے پر سیاسی قیادت کو اعتماد میں لینے کے لئے بنایا گیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عالمی معاہدے ریاست کے ساتھ ہوتے ہیں پارٹی کے ساتھ نہیں، سابقہ حکومت نے حکومت جانے پر بین الاقوامی معاہدے کے خلاف ورزی کی۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ برطانیہ سمیت پوری دنیا میں مہنگائی کی لہر آئی ہے، اگر ایک سال عبوری حکومت بنتی تو ملک بہت مشکل میں ہوتا۔ پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں نے سخت فیصلے ملک بچانے کے لئے کئے ہیں۔ تحریک انصاف کہتی تھی اقتدار میں آتے ہی ملک کے حالات بدل دیں گے، قوم نے دیکھا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے عوام کے ساتھ کیا ظلم کیا۔ عمران خان واحد وزیراعظم ہیں جنہیں نکالا گیا۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل سکیورٹی کونسل کا اجلاس بہت اہم ہوتا ہے، پیپلز پارٹی کا مطالبہ تھا کہ قومی سلامتی کے اجلاس میں پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا جائے۔ میڈیا ٹاک کے موقع پر صوبائی وزیر علی حیدر گیلانی، سابق ایم این اے عبدالقادر گیلانی، علی موسیٰ گیلانی، سید احمد مجتبیٰ گیلانی، درگاہ حضرت موسیٰ پاک شہیدؒ کے سجادہ نشین مخدوم سید ابوالحسن گیلانی اور پیپلز پارٹی کے رہنماء فرحان گیلانی بھی موجود تھے۔