بروکلین میں یکم فروری کو ورلڈ حجاب ڈے منایا جائیگا
World Hijab Day to be celebrated in Brooklyn, New York
کونی آئی لینڈ ایونیو ، بروکلین پر نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کمیونٹی افئیرز بیورو اور آؤٹ ریچ یونٹ کے زیر اہتمام ورلڈ حجاب ڈے کی خصوصی تقریب ہو گی
ورلڈ حجاب ڈے کی تقریب 836کونی آئی لینڈ ایونیو بروکلین پر منعقد ہوگی، کمیونٹی کی خواتین کو شرکت کی دعوت عام، خواتین میں حجاب بھی تقسیم کئے جائیں گے
نیویارک (اردونیوز ) نیویارک میں پاکستانی ، ساؤتھ ایشن اور مسلم امریکن کمیونٹی کے سب سے بڑے گڑھ کونی آئی لینڈ ایونیو بروکلین (نیویارک) پر یکم فروری کو ”ورلڈ حجاب ڈے “ (حجاب کا عالمی دن ) منایا جائیگا۔ ورلڈ حجاب ڈے کے انعقاد میں نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کمیونٹی افئیرز یونٹ اور امیگرنٹ آؤٹ ریچ یونٹ ، پاکستانی و مسلم امریکن کمیونٹی کی مختلف اہم تنظیموں کے ساتھ مل کر اپنا کردار ادا کررہا ہے ۔
ورلڈ حجاب ڈے کے انعقاد میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی اہم تنظیمیں اور قائدین راجہ کمیونٹی سنٹر کے راجہ آزا د گل ، PSAکمیونٹی آرگنائزیشن کی نائلہ صادق، ”COPO“ کے محمد رضوی ، ہیپی فیملی سوشل اڈلٹ ڈے کئیر سنٹر کی ذکیہ خان ، احسن اعجاز، پاکستانی امریکن مرچنٹس ایسوسی بروکلین کے عزیز بٹ ، بابر بٹ، بروکلین ایمرج کے ذکریا خان ،روبینہ عزیز ، کمیونٹی رہنما راجہ اسد پرویز اہم کردارادا کررہے ہیں ۔ فیملی ہیلتھ کئیر پلازہ کی ڈاکٹرعذرا واسطی اوربی پی گیس سٹیشن کے چوہدری امتیاز گلیانہ کی جانب سے تقریب کے انعقاد کے سلسلے میں اپنی جگہ فراہم کرنے پر منتظمین کی جانب سے شکرئیہ ادا کیا گیا ہے ۔ ورلڈ حجاب ڈے کی تقریب صبح گیارہ سے لے کر دوپہر ایک بجے تک 836کونی آئی لینڈ ایونیو ، بروکلین پر منعقد ہو گی۔
تقریب میں کمیونٹی ارکان بالخصوص خواتین کو شرکت کی دعات عام دی گئی ہے ۔ ورلڈ حجاب ڈے کی تقریب کے موقع پر خواتین میں مختلف رنگوں کے خوبصورت حجاب بھی بالکل فری تقسیم کئے جائیں گے ۔ اس موقع پرپولیس حکام کے علاوہ کمیونٹی کے مقامی قائدین بالخصوص خواتین قائدین شریک ہوں گی ۔ پاکستانی اور مسلم امریکن کمیونٹی کی جانب سے نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ بروکلین ساؤتھ اور کمیونٹی افئیرز بیورو کا ورلڈ حجاب ڈے کے انعقاد میں خصوصی کردار ادا کرنے پر خصوصی شکرئیہ ادا کیا گیا ہے ۔
امریکہ کو دنیا میں دوسرے ممالک کے مقابلے میں یہ امتیاز حاصل ہے کہ یہاں ہر رنگ و نسل کے لوگوں ، شہریوں اور امیگرنٹس کو آزادی اظہار اور مذہبی آزادیاں حاصل ہیں ۔ ان حقوق کے تحفظ کو ہر سطح پر یقینی بنایا جاتا ہے ۔ بروکلین ، نیویارک میں ورلڈ حجاب ڈے کے انعقاد میں نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کمیونٹی افئیرز یونٹ کا کردار اس کی اہم مثال ہے ۔