حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کےلئے PTVپر خصوصی پروگرام شروع کر دیا
وائس آف اوورسیز کے نام سے شروع ہونیوالا ٹاک شو ہر اتوار کو دنیا بھر میں دیکھا جا سکے گا، پہلا پروگرام 13فروری کو نشر ہو گیا
شو کی کامیابی کا تمام کریڈٹ وزیر اعظم عمران خان اور وفاقی وزیر فواد چوہدری کے وژن کو جاتا ہے کہ جو دن رات اوورسیز پاکستانیوں کے فلاح و بہبود اور بہتری کے لئے سوچتے رہتے ہیں، امجد نواز
اسلام آباد، نیویارک (اردو نیوز ) حکومت پاکستان کی جانب سے پاکستان ٹیلی ویژن کی تاریخ میں پہلی بار بیرون ممالک میںبسنے والے اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق پاکستان ٹیلی ویژن پر خصوصی ہفتہ وار پروگرام شروع کر دیا گیا ہے ۔”وائس آف اوورسیز “ کے نام سے شروع ہونیوالے یہ پروگرام پاکستان ٹیلی ویژن پر اوورسیز پاکستانی ہر ہفتے کو دیکھ سکیں گے ۔
اس ٹاک شو میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل ، شکایات کے ساتھ ساتھ اہم تجاویز کے علاوہ کاروباری مواقع کی سہولیات ، دشواریوں سمیت دیگر موضوعات پر بات چیت ہوا کرے گی ۔
امریکہ میں مقیم پاکستانی اوورسیز کمیونٹی کی ممتاز سماجی ، ادبی و سیاسی شخصیت امجد نواز کو ”وائس آف اوورسیز “ ٹاک شو کے مستقل تجزئیہ کار کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں ۔ یوں اس پروگرام کی خاص بات یہ ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق اس پروگرا م میں اہم موضوعات پر تجزئیہ بھی ایک اوورسیز پاکستانی کی جانب سے کئے جائیں گے تاہم دنیا بھر سے اہم ماہرین کی آراءبھی شامل کی جائیں گی ۔
وائس آف اوورسیز کا پہلا پروگرام گذشتہ اتوار کو نشر ہو گیاہے جسے دنیا بھر میں بہت سراہا جا رہا ہے تاہم شو کے تجزئیہ کار امجد نواز کا کہنا ہے کہ شو کی کامیابی کا تمام کریڈٹ وزیر اعظم عمران خان اور وفاقی وزیر فواد چوہدری کے وژن کو جاتا ہے کہ جو دن رات اوورسیز پاکستانیوں کے فلاح و بہبود اور بہتری کے لئے سوچتے رہتے ہیں۔
امجد نواز نے مزید کہا کہ میرے لئے یہ ایک اعزا ز کی بات ہے کہ پاکستان کے قومی ٹیلی وژن پر اوورسیز پاکستانیوں کے اہم امور پر بات چیت کر سکوںاور اپنا تجزئیہ پیش کر سکوں ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے پروگرام سے متعلق دنیا بھر سے جو فیڈ بیک حاصل ہوا ہے ، وہ بھی بہت حوصلہ افزاءہے ۔ ہم انشاءاللہ اوورسیز پاکستانیوں کی آراءاور تجاویز کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپنا کردار بہتر سے بہترین طریقے سے ادا کرنے کی اپنی بھرپور کوشش کریں گے۔