امریکہ میں تبدیلی ، مڈٹرم الیکشن میں ڈیموکریٹس کی ایوان نمائندگان میں اکثریت ، صدر ٹرمپ کے لئے بڑا جھٹکا
واشنگٹن ڈی سی میں ون پارٹی رول ختم ہو گیا، صدارتی الیکشن کے دو سا ل کے بعد ہی ریپبلکن ایوان نمائندگان میں اپنی اکثریت کھوبیٹھے ، سینٹ ریپبلکن کے پاس ہی رہے گی
ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹ پارٹی کی اکثریت کی وجہ سے اب صدر ٹرمپ کے خلاف مواخذہ کی تحریک پیش ہونے کی صورت میں آگے بڑھ سکتی ہے ، ڈیموکریٹس کے پاس سپینا پاور سمیت اہم اختیارات ہونگے
کانگریس کے ایوان زیریں میں ڈیموکریٹس اور ایوان بالا (سینٹ ) میں ریپبلکن اکثریت کے پیش نظر کہا جا سکتا ہے کہ آنیوالے دنوں میں واشنگٹن میں سیاسی محاذ آرائی میں اضافہ ہوگا
نیویارک (محسن ظہیر سے ) امریکہ میں چھ نومبر کو ہونیوالے مڈٹرم الیکشن کے نتائج کی صورت میں بڑی تبدیلی آگئی ہے جس کے تحت ڈیموکریٹ پارٹی نے کانگریس کے ایوان نمائندگان میں اکثریت حاصل کر لی ہے جبکہ سینٹ میں ریپبلکن اپنی معمولی اکثریت کو برقرار رکھنے میں کامیاب ہوئے ہیں ۔ مڈ ٹرم الیکشن کے نتائج کی وجہ سے واشنگٹن ڈی سی میں ”ون پارٹی رول “ ختم ہو گیا ہے ۔ان الیکشن سے پہلے وائٹ ہاو¿س، ایوان نمائندگان اور سینٹ، تینوں ادارے ریپبلکن پارٹی کے کنٹرول میں تھے
ڈیموکریٹ پارٹی کو ایوان نمائندگان میں اکثریت حاصل کرنے کے لئے اپنی پرانی نشستوں پر کامیابی برقر ار رکھتے ہوئے ریپبکن پارٹی کی کم از کم 23نشستوں پر کامیابی حاصل کرکے ایوان کی کل 435میں سے 218نشستیں جیتا تھیں لیکن انہیں 23سے زیادہ نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی جس کے اعلان کیا گیا کہ اب ایوان نمائندگان کو کنٹرول ڈیموکریٹس سنبھالیں گے ۔
ایوان نمائندگان ، ڈیموکریٹس کے کنٹرو ل میں ہونے کا مطلب یہ ہے کہ اب اگر ایوان نمائندگان میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی تحریک پیش ہوتی ہے تو اس پر پیش رفت ممکن ہو سکے گی جو کہ گذشتہ دوسالوں میں ممکن نہیں تھی ۔اسی طرح ایوان نمائندگان میں اہم کمیٹیوں کی چئیرپرسن شپ ،ڈیموکریٹس کے پاس ہو گی جس کی وجہ سے وہ کانگریس میں اہم امور پر سماعتیں کر سکیں گے ، کانگریشنل تحقیقات کرواسکیں گے اور انہیں سپینا پاور بھی حاصل ہو گی
ڈیموکریٹ پارٹی رہنما نینسی پلوسی نے نتائج سامنے آنے کے بعد فاتحانہ خطاب میں کہا کہ امریکہ میں نیا دور شروع ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مڈٹرم الیکشن میں امریکی عوام نے صدر ٹرمپ کی انتظامیہ پر کانگریس کے چیک اینڈ بیلنس کو یقینی بنانے کے حق میں مینڈیٹ دیا ہے ۔
کانگریس کے ایوان زیریں میں ڈیموکریٹس اور ایوان بالا (سینٹ ) میں ریپبلکن اکثریت کے پیش نظر کہا جا سکتا ہے کہ آنیوالے دنوں میں واشنگٹن میں سیاسی محاذ آرائی میں اضافہ ہوگا۔