کینیڈین شہریوں کےلئے بھی امریکہ میں 30دن سے زائد قیام پر امیگریشن رجسٹریشن کا قانون لاگو
Immigration Registration Law Now Applies to Canadian Citizens Staying in the US for Over 30 Days

امیگریشن قانون کے تحت 30 دن یا اس سے زیادہ قیام کرنے والے کینیڈین وزیٹرز کو امریکی حکام کے ساتھ رجسٹریشن کرانا ہوگی
نیویارک ( اردونیوز ) امریکہ اور کینیڈا کے درمیان تجارت کے بعد اب امیگریشن کے شعبے میں بھی اہم قوانین او ر قواعد لا اطلاق شروع کیا جا رہا ہے ۔امریکی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ کینیڈا کے شہریوں کے لیے ایک پرانے امیگریشن قانون پر سختی سے عمل درآمد کرے گی، جس کے تحت 30 دن یا اس سے زیادہ قیام کرنے والے کینیڈین وزیٹرز کو امریکی حکام کے ساتھ رجسٹریشن کرانا ہوگی۔ یہ فیصلہ ایسے وقت میں آیا
ہے جب امریکا اور کینیڈا کے درمیان تعلقات کشیدہ ہوتے جا رہے ہیں۔ دو کینیڈین حکام، جنہوں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بات کی، نے تصدیق کی کہ امریکا نے اس بارے میں کینیڈین حکومت کو آگاہ کر دیا ہے۔
امریکی امیگریشن قوانین کے مطابق، 14 سال یا اس سے زیادہ عمر کے غیر ملکی شہریوں کو، جو پہلے سے امریکی حکام کے پاس رجسٹرڈ نہیں ہیں، ملک میں 30 دن یا اس سے زیادہ قیام کی صورت میں رجسٹریشن کرانا اور فنگر پرنٹس دینا لازمی ہے۔ تاہم، زمینی راستوں سے امریکا میں داخل ہونے والے کینیڈین وزیٹرز پر اس قانون کا باقاعدہ نفاذ نہیں کیا جا رہا تھا۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی حالیہ مدتِ صدارت کے پہلے ہی دن ایک ایگزیکٹو آرڈر جاری کیا، جس میں تمام غیر رجسٹرڈ غیر ملکی شہریوں پر اس قانون کے نفاذ کا حکم دیا گیا۔ اس آرڈر میں یہ بھی کہا گیا کہ اس قانون کی خلاف ورزی کو “سول اور فوجداری عملدرآمد کی ترجیح” سمجھا جائے گا۔
یہ نیا اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور کینیڈا کے درمیان اقتصادی اور تجارتی محاذ پر بھی کشیدگی دیکھی جا رہی ہے۔ حال ہی میں، امریکی حکومت نے کینیڈا سے درآمد ہونے والی اشیا پر 25 فیصد ٹیرف عائد کر دیا تھا، جسے بعد میں بعض اشیا کے لیے عارضی طور پر معطل کر دیا گیا۔ اس کے بعد، منگل کو صدر ٹرمپ نے اعلان کیا کہ کینیڈین اسٹیل اور ایلومینیم پر ٹیرف دگنا کر دیا جائے گا۔ اس فیصلے سے قبل اونٹاریو حکومت نے امریکی درآمدات پر اضافی محصولات عائد کیے تھے۔
امریکی محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی نے وضاحت کی ہے کہ گرین کارڈ ہولڈرز، وہ افراد جو پہلے ہی ملک بدری کے عمل سے گزر رہے ہیں، اور وہ لوگ جو ویزا لے کر امریکا میں داخل ہوئے ہیں، انہیں رجسٹریشن کے اس قانون سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔ یہ فیصلہ امریکا اور کینیڈا کے تعلقات میں مزید تناو¿ پیدا کر سکتا ہے، کیونکہ اس سے قبل بھی ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے کینیڈا کے خلاف مختلف سخت اقدامات دیکھنے میں آ چکے ہیں، جن میں محصولات میں اضافہ اور کینیڈا کو امریکا میں شامل کرنے سے متعلق متنازع بیانات شامل ہیں۔
Immigration Registration Law Now Applies to Canadian Citizens Staying in the US for Over 30 Days