امریکہ میں کمیونٹی عید الالضحیٰ پر پھر دو ٹوٹے ہو گئی
سعودی عرب کے ساتھ عید کرنے والے منگل21اگست کو جبکہ روئیت کے مطابق عید کرنے والوں نے بدھ 22اگست کو عید کا اعلان کر دیا ہے
نیویارک (اردو نیوز ) امریکہ میں اس سال دو عید الالضحیٰ ہوں گی یو ں عید جیسے اہم موقع پر ایک بار پھر علماءکرام اور کمیونٹی تقسیم ہو جائیں گے ۔ سعودی عرب کے ساتھ عید کرنے والی مساجد جن میں مکی مسجد بروکلین (نیویارک ) سمیت اہل سنت کی اہم مساجد شامل ہیں ، نے اعلان کیا ہے کہ عید الالضحیٰ منگل21اگست کو ہو گی جبکہ روئیت کے مطابق عید کرنے والوں نے اعلان کیا ہے کہ عید الالضحیٰ بدھ22اگست کو ہوگی ۔ نیویارک میں امام الخوئی سنٹر سمیت اہل تشیع کمیونٹی کے اسلامک سنٹرز و امام بارگاہوں کی جانب سے بھی 22اگست کو ہی عید منانے کا اعلان کیا گیا ہے ۔
روئیت ہلال کمیٹی آف نارتھ امریکہ کے چیف قاضی مفتی قمر الحسن (ہیوسٹن ) ، نیویارک کے نائب قاضی قاری محمد سیف النبی ، کوارڈی نیٹر ڈاکٹر محمد رفیق چوہدری کے مطابق سوموار کو یکم ذوالحج بنتی ہے ۔ اس لئے 22اگست بروز بدھ کو ہو گی ۔قاری محمد سی النبی کا کہنا ہے کہ ہم مقامی روئیت کو فالو کررہے ہیں ۔ جن لوگوں نے منگل کی عید کا جس دن اعلان کیا، اس دن ماہرین فلکیات کے مطابق بھی چاند کی روئیت کا کوئی امکان نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ لوگ ایک دن پہلے عید کرکے اپنی قربانیاں ضائع نہ کریں ۔اگر کسی نے اپنی مقامی مسجد میں ایک دن پہلے عید نماز پڑھنی ہے تو کم از کم قربانی دوسرے دن کرے ۔
سعودی عرب کے ساتھ عید منانے کا اعلان کرنے والوں کا کہنا ہے کہ جس دن حج ہوگا ، اس وقت کا امریکہ کے مقامی وقت کا چند گھنٹوں کا فرق ہے ۔ اس لئے عید الالضحیٰ منگل کو ہی بنتی ہے ۔
دو عیدیں ہونے کی وجہ سے مسلم امریکن کمیونٹی کو ایک بار پھر مایوسی ہوئی ہے ۔