" "
امیگریشن نیوز

طاہرہ حسین اور اہالیان نیویارک کے زیر اہتمام ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ کے ساتھ 7مارچ کو شام منائی جائے گی

ڈاکٹرعبداللہ نے مشاعرہ کی روایت کو امریکہ میں فروغ دیا جس کو سراہتے ہوئے مختلف شہروں کی مختلف انجمنوں نے انہیں بہت سے اعزازت سے نوازا

نیویارک (اردونیوز ) طاہرہ حسین و اہالیان نیویارک کی جانب سے امریکہ میں اردو مشاعرہ کے بانی، معروف شاعر و ادیب ڈاکٹرعبداللہ عبداللہ کے ساتھ ایک شام 7مارچ کو شام چاربجے
87-10 Grand Avenue, Elmhurst, New York 11373
پر منائی جائے گی ۔ اس سلسلے میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا ہے جس کے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ جبکہ افضال عثمانی (واشنگٹن ) اور رضی الدین رضی(میری لینڈ)، ڈاکٹرعبداللہ عبداللہ کی ادبی خدمات کے حوالے سے خصوصی خطاب کریں گے ۔ تقریب سے پروفیسر یونس شرر،ڈاکٹرصبیحہ صبا،ڈاکٹر شہلا نقوی ،اشفاق حسین (کینیڈا)، مشیر طالب سمیت نیویارک، نیوجرسی اور کنکٹی کٹ سے تعلق رکھنے والی اہم ادبی شخصیات اور شعراءکرام بھی خطاب کریں گے ۔جبکہ علی گڑھ المنائی ایسوسی ایشن نیویارک کے تنویر احمد، ریاض الدین علوی ، ڈاکٹرانتظام ، ڈاکٹرعرفان، ڈاکٹررضی الدین صدیقی ، ڈاکٹر قاضی حئی ، ڈاکٹرفریدہ خان، ڈاکٹرجمیل خان ، شعیب ظہوری ، سروش کریم اور بشریٰ کریم سمیت دیگر بھی خصوصی طور پر شریک ہوں گے ۔
ڈاکٹرعبداللہ اعظم گڑھ میں پیدا ہوئے۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کی ۔1967میں اعلیٰ تعلیم کی غرض سے امریکہ آگئے ۔یہاں انہوں نے جارج یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی ۔ڈاکٹرعبداللہ نے برصغیر کی ادبی و ثقافتی روایت مشاعرہ کو امریکہ میں قائم کرنے میں نمایاں خدمات انجام دیں جس کو سراہتے ہوئے مختلف شہروں کی مختلف انجمنوں نے انہیں بہت سے اعزازت سے نوازا۔ اسی سلسلے میں نیویارک میں ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ایک شام منعقد کی جا رہی ہے ۔
ڈاکٹرعبداللہ عبداللہ کے چند ایک مشہور اشعار درج ذیل ہیں۔
کتاب زیست کوئی لکھ رہا ہے خنجر سے
ورق ورق پہ ہے زخموں کی سرخیاں بکھریں
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وقت کے تپتے صحراو¿ں میں دور سے جتنے دریا دیکھے
پاس آکر معلوم ہوا وہ ساری ریت کی لہریں تھیں
تقریب کی منتظم طاہرہ حسین نے کہا ہے کہ آئیے ڈاکٹرعبداللہ عبداللہ کی اردو زبان اور اردو مشاعرے کے لئے خدمات کو خراج تحسین پیش کریں ۔ تقریب میں داخلہ بذریعہ دعوت نامہ ہوگا۔

 

Related Articles

Back to top button