" "
اوورسیز پاکستانیز

براک اوبامہ ، ہیلری کلنٹن اور سی این این آفس کو دھماکہ خیز پیکٹ ارسال کرنے کی کوشش ناکام

قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی جانب سے سابق صدر براک اوبامہ ،ہیلری کلنٹن،جارج سورس اور سی این این نیویارک بیورو آفس کو بھجوائے جانے والے مشتبہ پیکٹس کو تحویل میں لے لیا گیا

نیویارک میں ٹائم وارنر سنٹر میں قائم سی این این کو بھجوائے جانیوالے پیکٹس میں پائپ بم رکھا گیا، تمام پیکٹس کو سکریننگ کے دوران مشتبہ پاتے ہی الگ کر لیا گیا،سیکورٹی کے سخت انتظامات

نیویارک (محسن ظہیر سے ) امریکی سیکرٹ سروس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے امریکہ کے سابق صدر براک اوبامہ ، سابق سیکرٹری آف سٹیٹ ہیلری کلنٹن، امریکی ٹی وی چینل سی این این نیویارک بیورو آفس اور ڈیموکریٹ پارٹی کے ارب پتی سپورٹر جارج سورس کو بھجوائے جانے والے مشتبہ پیکٹس کو تحویل میں لے لیا گیا ۔سی این این ، فوکس نیوز چینل سمیت امریکی نشریاتی اداروں کی رپورٹس کے مطابق سیکرٹ سروس اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی جانب سے سابق صدر براک اوبامہ ، سابق سیکرٹری آف سٹیٹ ہیلری کلنٹن اور نیویارک میں امریکی ٹی وی چینل سی این این کو بھجوائے جانیوالے مشتبہ پیکٹس کو تحویل میں لے لیا گیا ہے ۔ان تمام مقامات پر فوری طور پربم سکواڈ سمیت سیکورٹی حکام اور اہلکار بڑی تعداد میں پہنچ گئے ۔ سی این این نیویارک آفس جو کہ ٹائم وارنر سنٹر میںواقع ہے، کو مشتبہ پیکٹ ملنے کے بعد خالی کروالیا گیا اور ٹی وی چینل میں موجود سٹاف کو فوری بلڈنگ سے نکلنے کی ہدایت کی گئی
ایف بی آئی حکام کی جانب سے منگل کو ہیلری کلنٹن کی نیویارک میں واقع رہائشگاہ کےلئے بھجوائے جانے والے ایک مشتبہ پیکٹ کی تفتیش کی جا رہی تھی کہ اس دوران واشنگٹن میں امریکی سیکرٹ سروس کی جانب سے سابق صدر براک اوبامہ کی رہائشگاہ کے پتے پر بھجوائے جانے والے ایک پیکٹ کو بھی مشتبہ پا کر روک لیا گیا ۔دریں اثناءنیویارک میں واقع ٹائم وارنر سنٹر جس میں امریکی سی این این ٹی وی چینل کا دفتر موجود ہے، میں مشتبہ پیکٹ موصول ہونے پر تھرتھلی مچ گئی جب یہ معلوم ہوا کہ اس پیکٹ میں پائم بم موجود ہے ۔جس کے بعد ٹائم وارنر کی عمارت فوری طور پر خالی کروا لی گئی اور سی این این ٹی وی چینل کے تمام سٹاف کو بھی فوری طور پر بلڈنگ سے نکلنے کی ہدایت کی گئی ۔یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ سوموار کو بیڈ فورڈ ، نیویارک میں ڈیموکریٹک پارٹی کے حمایتی ارب پتی امریکی جارج سورس کے گھر پر میل باکس میں بھی ایک دھماکہ خیز مواد پایا گیا۔
نیویارک اور واشنگٹن میں مشتبہ پیکٹس کی وجہ سے پیدا ہونیوالی اس صورتحال کی وجہ سے امریکہ کے ان دواہم شہروں اور ملک کی اہم شخصیات کی رہائشگاہوں پر سیکورٹی اور تشویش کی صورتحال پیدا ہو گئی ۔
امریکی سیکرٹ سروس کے مطابق مشتبہ پیکٹس کے خلاف ملک گیر سطح پر تفتیش شروع کر دی گئی ہے اور اس فرد یا افراد کی بھی تلاش شروع کر دی گئی کہ جن کی جانب سے یہ پیکٹس براک اوبامہ ، ہیلری کلنٹن ، جارج سورس اور سی این این نیویارک آفس کو ارسال کئے گئے ۔ قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی جانب سے اہم شخصیات اور مقامات کی سیکورٹی کے انتظامات مزید سخت کر دئیے گئے ہیں ۔

Related Articles

Back to top button