بین الاقوامی

کراچی کے متاثرین سیلاب کی مدد کےلئے پاکستانی امریکن میدان عمل میں آگئے

”سٹینڈ ود کراچی “ کے نام سے ” گو فنڈ می “ ویب سائٹ پر فنڈ ریزنگ شروع کر دی گئی ، تمام فنڈز کا پوری حساب رکھا جائے گا اور کمیونٹی کو ایک ایک پائی کا حساب دیا جائےگا

نیویارک میں منعقدہ میٹنگ میں ذکریا خان ، احسن چغتائی، صاحبزادہ شبیر ،نثار خلیل، کاشف حسین ، بازہ روحی، خرم خان ، امتیاز احمد ،چوہدری اسلم ڈھلوں ، عطیہ شہناز، زنیرہ چغتائی، اسریٰ راشد، ہارون رشید، رضوان یزدانی کی شرکت

نیویارک (خبریں رپورٹ) پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں حالیہ بارشوں کے بعد سیلاب سے متاثر ہونیوالے غریب ، بے سہارا اور مستحق شہریوں کی مدد کے لئے نیویارک سمیت امریکہ بھر کی پاکستانی امریکن کمیونٹی میدان عمل میں اتر آئی ہے اور متاثرین کراچی کی مدد کے لئے فنڈ قائم کر دیا ہے ۔

اس سلسلے میں کمیونٹی کی ایک نمائندہ تنظیم ”بروکلین ایمرج “ کے ذکریا خان کے زیر اہتمام پاکستانی امریکن کمیونٹی نیویارک کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں کمیونٹی کی مختلف اہم ونمائندہ تنظیموںکے قائدین اور کمیونٹی کی اہم شخصیات احسن چغتائی، صاحبزادہ شبیر ،نثار خلیل، کاشف حسین ، بازہ روحی، خرم خان ، امتیاز احمد ،چوہدری اسلم ڈھلوں ، عطیہ شہناز، زنیرہ چغتائی، اسریٰ راشد، ہارون رشید، رضوان یزدانی سمیت دیگر اکٹھے ہوئے ۔ اس اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نیویارک سمیت امریکہ بھر میں بسنے والی کمیونٹی متاثرہ اہالیان کراچی کی اپنی استطاعت کے مطابق مدد کرے گی ۔
میٹنگ میں اعلان کیا گیا کہ آن لائن فنڈز اکٹھا کرنے والے پلیٹ فارم ”Go Fund Me“ پر فنڈریزنگ شروع کر دی گئی ہے ۔ کمیونٹی کی اہم تنظیموں ، قائدین ، ارکان ، بچوں ، بوڑھوں ، خواتین اور جوانوں سے اپیل کی جائے گی کہ وہ ”stand with Karaci “ کے پیج پر جاکر اپنی استطاعت کے مطابق فنڈز دیں ،
میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ مذکورہ کوشش کے تحت جتنے بھی فنڈز اکٹھے کئے جائیں گے، انہیں باہمی صلاح و مشورے سے کراچی میں مستحق افراد اور خاندانوں کی مدد کے لئے خرچ کیا جائے گا۔ان تمام فنڈز کا پوری حساب رکھا جائے گا اور کمیونٹی کو ایک ایک پائی کا حساب دیا جائےگا ۔
میٹنگ میں شریک پاکستانی امریکن کمیونٹی کے تمام قائدین نے کوشش کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے قابل ستائش قراردیا اور اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمیونٹی قائدین کا کہنا ہے کہ اوورسیز پاکستانی ، اہالیان کراچی کی مشکلات کو دور کرنے میںاپنا حتی الامکان حصہ ڈالیں گے ۔ انہوں نے امریکہ بھر میں بسنے والی کمیونٹی سے بھی اپیل کی کہ وہ بھی اس کار خیر میں اپنا حصہ ڈالیں اور متاثرین سیلاب کی مدد کریں ۔

 

Related Articles

Back to top button