پاکستانی، بنگلہ دیشی اور ساوتھ ایشین کمیونٹیز کی اہم تنظیموں کا سٹی کونسل الیکشن میںمونیک واٹر مین کی حمایت کا اعلان
کونی آئی لینڈ کا نام محمد علی جناح کے نام سے منسوب کروانے والے جمانی ولیمز کی سٹی کونسل کے ڈسٹرکٹ 45میں ڈیموکریٹ پرائمری امیدوار مونیک چینڈرلر واٹر مین کو ووٹ دیں گے ، پاکستانی کمیونٹی
سپیشل الیکشن میں ہم نے دیکھا کہ ٹرمپ کے سپورٹرز نے دوسری امیدوار (فرح لوئس ) کی حمایت کی ۔ ہم نہیں چاہتے ہے کہ ڈسٹرکٹ 45میں ٹرمپ کی سوچ رکھنے والے لوگ آگے آئیں ۔پبلک ایڈوکیٹ جمانی ولیمز
میں ایک پریکٹیکل خاتون ہوں ،اس حلقے سے ہوں ، یہاں کے عوام اور ان کے مسائل کو ہر طرح سے جانتی ہوں ۔ڈسٹرکٹ45کے عوام کی نمائندگی کےلئے مووزوں ترین امیدوار ہوں ۔مونیک چنڈلر واٹر مین
اہم کمیونٹی کے قائدین کاشف حسین ، پیر سید میر حسین شاہ ، حافظ امام علی ،چوہدری حمید گجر۔ احسن چغتائی، شاہانی معصومہ اور زونیرہ احسن سمیت دیگر کی سٹی کونسل امیدوار مونیک واٹر مین اور جمانی ولیمز کے ہمراہ پریس کانفرنس
نیویارک (اردو نیوز ) پاکستانی، بنگلہ دیشی اور ساوتھ ایشین امریکن کمیونٹی کی مختلف اہم و نمائندہ تنظیموں اور شخصیات کی جانب سے 25جون کو ہونیوالے ڈیموکریٹک پرائمری الیکشن میں سٹی کونسل کی امیدوار مونیک چینڈلر واٹر مین کی مکمل تائید و حمایت کا اعلان کیا ہے ۔ یہ اعلان ان قائدین نے مونیک چینڈر لر واٹر مین اور نیویارک سٹی کے پبلک ایڈوکیٹ جمانی ولیمز کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا ۔پاکستانی امریکن یوتھ سوسائٹی (PAYS)کے دفتر میں ہونیوالی پریس کانفرنس میں مختلف اہم کمیونٹی کے قائدین کاشف حسین ، پیر سید میر حسین شاہ ، حافظ امام علی ،چوہدری حمید گجر۔ احسن چغتائی، شاہانی معصومہ اور زونیرہ احسن سمیت دیگر موجود تھے ۔
پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کمیونٹی قائدین نے مونیک واٹر مین کو اپنی مکمل حمایت و تائید کا یقین دلایا ۔انہوں نے کہا کہ جمانی ولیمز کے پبلک ایڈوکیٹ منتخب ہونے کے بعد سٹی کونسل ممبر کی خالی ہونیوالی نشست کےلئے مونیک موزوں ترین امیدوار ہیں۔ جمانی ولیمز کی جانب سے ان کی تائید بھی اس لئے کی گئی ہے کہ وہ سمجھتے ہیں کہ انکی نشست پر ایسی ممبر منتخب ہوں کہ جو ان کے کاموں کو آگے بڑھائیں ۔
کمیونٹی قائدین نے کہا کہ جمانی ولیمز کی اہم خدمات میں سے ایک اہم خدمت یہ ہے کہ انہوں نے کونی آئی لینڈ ایونیو کے ایک حصے کے نام کو بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کےنام سے منسوب کروایا جو کہ پوری کمیونٹی کےلئے باعث فخر ہے۔ مزید براں جمانی ولیمز ہمیشہ امیگرنٹس کمیونٹیز کے ساتھ کھڑے رہے ۔انہوں نے اپنے دور میں ہماری ہر ممکن حمایت کی ہے ۔اب ان کو ہماری مدد کی ضرورت ہے ۔ہمیں چاہئیے کہ ان کی تائید کردہ امیدوار مونیک واٹر مین کو ووٹ دے کر کامیاب کریں۔
جمانی ولیمز نے کہا کہ گذشتہ سپیشل الیکشن میں میری جانب سے امیدوار کی تائید کے اعلان میں تاخیر ہوئی اور وہ بھی ایک وجہ بنی کی کامیابی حاصل نہیں ہو سکی ۔ اس بار ڈیموکریٹ پرائمری الیکشن جو کہ 25جون کو ہونگے کےلئے میں نے بر وقت مونیک واٹر مین کی مکمل تائید و حمایت کا اعلان کیا ہے کیونکہ میں سمجھتا ہوں کہ ڈسٹرکٹ 45کی سٹی کونسل میں نمائندگی کےلئے ان سے بہتر کوئی امیدوار نہیں ۔انہوں نے کہا کہ سپیشل الیکشن میں ہم نے دیکھا کہ ٹرمپ کے سپورٹرز نے دوسری امیدوار (فرح لوئس ) کی حمایت کی ۔ ہم نہیں چاہتے ہے کہ ڈسٹرکٹ 45میں ٹرمپ کی سوچ رکھنے والے لوگ آگے آئیں ۔انہوں نے کہاکہ صدر ٹرمپ کی امیگرنٹس کمیونٹیز کے بارے میں سوچ اور پالیسیاں اب کسی سے ڈھکی چھپی نہیں رہیں ۔ان پالیسیوں پر کسی بھی صورت میں عمل نہیں ہو نا چاہئیے اور اسے روکنے کا واحد طریقہ یہ ہے کہ مونیک واٹر مین کو کامیاب کروایا جائے ۔
جمانی ولیمز نے مزید کہا کہ 25جون کو ساوتھ ایشین کمیونٹی کے ارکان صرف خود ہی نہیں بلکہ اپنے اہل خانہ اور دوست احباب کو ساتھ لے کر ووٹ ڈالیں اور مونیک کی کامیابی کو یقینی بنائیں ۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کاشف حسین ، چوہدری عبدالحمید گجر، احسن چغتائی ، سسٹر شاہانہ معصوم سمیت دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جہاں جمانی ولیمز کھڑا ہے ، وہاں ہم کھڑے ہیں ۔ وہ مونیک واٹر مین کی حمایت کررہے ہیں تو ہم بھی ان کے حامی ہیں ۔ انہوں نے کمیونٹی سے اپیل کی کہ وہ 25جون کو الیکشن والے دن باہر نکلیں اور زیادہ سے زیادہ تعداد میں ووٹ کاسٹ کریں ۔
مونیک چنڈلر واٹر مین نے کہا کہ میں ایک پریکٹیکل خاتون ہوں ،اس حلقے سے ہوں ، یہاں کے عوام اور ان کے مسائل کو ہر طرح سے جانتی ہوں ۔ڈسٹرکٹ45کے عوام کی نمائندگی کےلئے مووزوں ترین امیدوار ہوں ۔ میری کامیابی اس بات کی ضمانت ہو گی کہ یہاں بسنے والے لوگوں کے مسائل بل امتیاز اور ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں ۔ ایسا اسی وقت ممکن ہے کہ اگر ہم 25جون کو بڑی تعدادمیں اپنا ووٹ کاسٹ کریں ۔اس لئے میں تمام امیگرنٹ کمیونٹیز سے کہوں گی کہ وہ میرے لئے ہی نہیں بلکہ اپنے لئے بھی اپنا ووٹ کاسٹ کریں ۔
کاشف حسین نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ تمام سپورٹرز الیکشن والے دن پورا دن متحرک رہیں گے، ہم ووٹرز کو باہر نکالیں گے ، انہیں پولنگ سٹیشن تک پہنچانے میں اپنا کردارادا کریں گے ۔ہم کمیونٹی سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ آئیں اور ہمارا ساتھ دے ۔