سکھ امریکن کمیونٹی کی نیویارک میں”کسان ریلی “
نیویارک کے علاقے رچمنڈ ہل سے کار ریلی میں سکھ کمیونٹی کے ہزاروں ارکان انڈین قونصلیٹ کے سامنے گئے اور بڑا احتجاجی مظاہر ہ کیا
نیویارک (اردونیوز )بھارتی حکومت کے متنازعہ زرعی قوانین کے خلاف نیویارک میں بھی ہفتے کو سکھ امریکن کمیونٹی کے ہزاروں ارکا ن نے بڑی کار ریلی نکالی اور بھارتی قونصلیٹ نیویارک کے سامنے بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا ۔مظاہرین نے دوٹوک اور واضح الفاظ میں کہا کہ اگر مودی سرکار کی جانب سے بھارتی کسانوں کے خلاف بنائے جانے والے ظالمانہ قوانین اور غریب کسانوں کی زمینیں ہتھیانے کی ظالمانہ پالیسیاں واپس نہیں لی جاتیں تو نیویارک سمیت امریکہ بھر میں بسنے والی سکھ امریکن کمیونٹی اپنے احتجاج کا سلسلہ جاری رکھے گی اور ہر اہم فورم پر آواز بلند کرے گی ۔
نیویارک میں کسان ریلی کے انعقاد میں سکھ امریکن کمیونٹی کی مختلف اہم و نمائندہ تنظیموں سکھ کلچرل سوسائٹی ، بابا مکھن شاہ لبھانہ سکھ سنٹر،سنت بابا پریم سنگھ سوسائٹی ، بابا ماجھا سنگھ سوسائٹی نیویارک نے کردارادا کیا۔ رچمند ہل ، کوینز سے شروع ہونیوالی ریلی نیویارک سٹی میں واقع انڈین قونصلیٹ کے سامنے تک گئی ۔ اس ریلی کی قیادت سکھ امریکن کمیونٹی کے مقامی قائدین دوندر سنگھ بھوپا رائے ، سردارکلونت سنگھ ، بلاکا سنگھ ، ہمت سنگھ سمیت دیگر نے کی ۔
سردارکلونت سنگھ کے مطابق کسان ریلی نیویارک میں پانچ ہزار سے زائد سکھ کمیونٹی ارکان نے پانچ سو گاڑیوںکے ذریعے شرکت کی ۔ ریلی کے شرکاءکوینز سے لے کر نیویارک سٹی میں واقع انڈین قونصلیٹ کے سامنے پہنچنے تک تمام وقت احتجاج اور مودی سرکار کے خلاف نعرہ بازی کرتے رہے ۔ ریلی کی وجہ سے نیویارک سٹی میں ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا جبکہ یہ کسان ریلی امریکی عوام ی مسلسل توجہ کا مرکز بنی رہی ۔
مظاہرین نے انڈین کسانوں سے اپنی مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ امریکہ میں اس وقت تک سراپائے احتجاج بنے رہیں گے کہ جب تک مودی حکومت کسانوں کے معاشی قتل عام کے فیصلوں کو واپس نہیں لےتی ۔
واضح رہے کہ بھارتی کسانوں نے 27نومبر سے دارالحکومت دہلی کا محاصرہ کررکھا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ وہ اس محاصرہ کو اس وقت تک جاری رکھیں گے کہ جب تک ان کے مطالبات پورے نہیں ہوتے ۔
سکھ کلچرل سوسائٹی نیویارک کے سردار کلونت سنگھ کا کہنا ہے کہ ہم 9دسمبر تک انتظار کریں گے ،اگراس وقت تک حکومت کی جانب سے کسانوں کے مطالبات مانے نہیں جاتے تو پھر نیویارک سمیت اہم امریکی شہروں میں بڑی مظاہرے کئے جائیں گے ۔
Sikh American community New York held a car rally in New York and express solidarity with Punjabi farmers.