" "
پاکستان

ہماری فوج سے لڑائی نہیں، مائنڈ سیٹ سے اختلاف ہے ، شہریار آفریدی

پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شہریار آفرید ی کا طاہرہ دین اور نواب دین کے استقبالیہ سے نیویارک میں خطاب

عمران خان کا یقین ہے کہ پاکستان کی تقدیر اللہ تعالیٰ اور اوورسیز پاکستانی بدلیں گے اور اس سلسلے میں اوورسیز کمیونٹی کلیدی کردار ادکررہی ہے اور کرتی رہے گی، شہریار آفریدی
عمران خان ، پاکستان ہی نہیں بلکہ دنیا کے مظلوم و محکوم عوام کی آواز ہے اور اس کام کے لئے ہر قیمت اداکرنے کو تیار ہے ، پاکستانی کمیونٹی ، امریکی نظام کے قومی دھارے کا موثر حصہ بنے ، شہریار آفریدی
جب تک پاکستان کے عوام کامیاب نہیں ہونگے ، اس وقت تک پاکستان آگے نہیں بڑھے گا اور ترقی نہیں کرے گا، پاکستان کے عوام ، عمران خان کے ساتھ ہیں ۔ طاہرہ دین کا تقریب سے خطاب
تقریب سے کامران کرمانی ، چوہدری پرویز ریاض امراء، فائق صدیقی، چوہدری خورشید احمد بھلی ، سید محسن شاہ ، عون مرتضیٰ نقوی ، وسیم سید ، علی اکبر مرزا، ضیاءالرحمان ، فوزیہ چغتائی کا خطاب

 

نیویارک ( اردونیوز ) پاکستانی امریکن کمیونٹی کی معروف سماجی و سیاسی شخصیت اور کمیونٹی کی ایک اہم نمائندہ تنظیم ”پاور“(POWER) کی چئیر پرسن طاہرہ دین اور نواب دین کے زیر اہتمام امریکہ کے دورے پر موجود پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و رکن قومی اسمبلی شہریار آفریدی کے اعزاز میں استقبالیہ دیا گیا ۔ محفل ریسٹورنٹ لانگ آئی لینڈ میں دئیے گئے استقبالیہ میں کامران کرمانی ، چوہدری پرویز ریاض امراء، فائق صدیقی، چوہدری خورشید احمد بھلی ، سید محسن شاہ ، عون مرتضیٰ نقوی ، وسیم سید ، علی اکبر مرزا، ضیاءالرحمان ، فوزیہ چغتائی سمیت کمیونٹی کی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات اور پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے مقامی ارکان نے بھی شرکت کی ۔

شہریار آفریدی جب تقریب گاہ میں پہنچے تو طاہر ہ دین اور نواب دین نے انہیں پھول پیش کئے اور خوش آمدید کہا ۔ تقریب میں نظامت کے فرائض فائق صدیقی نے ادا کئے جبکہ فوزیہ چغتائی نے تلاوت قرآن مجید کی ۔ فائق صدیقی نے میزبانان کی جانب سے شہریار آفریدی کو تقریب میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ، وطن سے دور رہتے ہیں لیکن پاکستان ان کے دل میں بستا ہے لہٰذا وہ ہمیشہ وہ وطن کے حالات کی بہتری کے خواہاں رہتے ہیں ۔ اوورسیز پاکستانیوں کی امید عمران خان ہیں لیکن بد قسمتی سے ان کا راستہ روک کر پاکستان کی ترقی کا راستہ روکا جا رہا ہے ۔ اوورسیز پاکستانی ، عمران خان کے شانہ بشانہ چلتے ہوئے ایک دن پاکستان میں حقیقی تبدیلی کو یقینی بنائیں گے ۔

طاہرہ دین نے شہریار آفریدی کو اپنی ، نواب دین ، اپنی تنظیم ”پاور“ کی جانب سے خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ شہریار آفریدی کی خدمات کو جتنا بھی سراہا جائے کم ہے ۔انہوں نے ہمیشہ جرات او ربہادری سے سیاست میں اپنا کردار ادا کیا ہے اور پاکستان کی قومی قیادت اور اوورسیز کمیونٹی میں ایک پل کا کردار ادا کرنے کی کوشش کی ہے ۔ طاہرہ دین نے کہا کہ جب تک پاکستان کے عوام کامیاب نہیں ہونگے ، اس وقت تک پاکستان آگے نہیں بڑھے گا اور ترقی نہیں کرے گا۔ پاکستان کے عوام ، عمران خان کے ساتھ ہیں ۔ طاہرہ دین نے کہا کہ وہ اور ان کی تنظیم ”پاور“ نیویارک میں کمیونٹی بالخصوص خواتین کو مختلف شعبہ ہائے زندگی میں آگے بڑھنے میں معاونت فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کررہی ہے اور کرتی رہے گی ۔

شہریار آفریدی نے خطاب کے دوران طاہرہ دین اور نواب دین کی مہمان نواز ی اور پذیرائی کا شکرئیہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اپنی اس بہن کی خدمات اور خلوص پر فخر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں امریکہ کی قدر کر تا ہوں کیونکہ یہ ملک ہمارے ہم وطنو کی قدر کرتا ہے ، انہیں ہر ممکن حقوق فراہم کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی سیاست عوام کی سیاست ہے ، اس نے عوام کی آواز بننے کا فیصلہ کیا جس کی وہ بھاری قیمت ادا کررہا ہے لیکن کسی بھی قیمت پر جھکنے کو تیار ہے اور نہ اصولوں پر سمجھوتہ کرنے کو تیار ہے ۔
شہریار آفریدی نے مزید کہا کہ یہ تاثر ہر گز درست نہیں ہے کہ ہم فوج کے خلاف ہیں۔ فوج میری ہیں، ہم سب کی ہے ۔ الیکشن میں فوج کے 97فیصد ارکان اور ان کے اہل خانہ نے ہمیں ووٹ دیا ۔اوورسیز میں مجھے عزیز و اقارب ملتے ہیں ، جن کے دل میں پی ٹی آئی اور عمران خان کی بہت قدر ہے ۔ ہمیں اختلاف اس مائنڈ سیٹ سے ہے کہ جوعوام کی بجائے ذاتی بالادستی چاہتی ہے ۔ پاکستان میں کسی ایک گروپ کی نہیں بلکہ قانون اور آئین کی بالا دستی ہونی چاہئیے اور یہی عمران خان اور ہم سب کی جدوجہد ہے ۔ ملک میں کوئی بھی شخص یا گروپ قانون اور آئین سے بالا تر نہیں ہونا چاہئیے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم با وقار انداز میں سر اٹھا کر جینا چاہتی ہے ۔ آٹھ فروری کے الیکشن میں قوم نے سر اٹھا کرنے جینے کے حق میں فیصلہ دیا لیکن اس فیصلے کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے جو کہ کامیاب نہیں ہو سکتی ۔
شہریار آفریدی نے کہا کہ عمران خان سے زیادہ کوئی اوورسیز پاکستانیوں کی قدر نہیں جانتا ، عمران خان کا یقین ہے کہ پاکستان کی تقدیر اللہ تعالیٰ اور اوورسیز پاکستانی بدلیں گے اور اس سلسلے میں اوورسیز کمیونٹی کلیدی کردار ادکررہی ہے اور کرتی رہے گی۔
شہریار آفریدی نے کہا کہ عمران خان ، پاکستان ہی نہیں بلکہ دنیا کے مظلوم و محکوم عوام کی آواز ہے اور اس کام کے لئے ہر قیمت اداکرنے کو تیار ہے ۔انہوں نے پاکستانی امریکن کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ امریکہ میں حاصل حقوق سے فائدہ اٹھاتے ہوئے امریکی نظام کے قومی دھارے میں شامل ہوں ، اپنی نمائندگی خود کریں ۔ کمیونٹی نظام کو حصہ ہو گی تو اپنے ملک کے لئے حتیٰ کہ مظلوم اور محکوم مسلمانوں کے لئے مددگار ثابت ہو سکے گی ۔

Shehryar Afridi

Imran Khan

Urdu News USA

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button