پاکستان

پاک امریکہ تعلقات کی حقیقی صلاحیت کو پہچاننے کےمقصد کےلئے غیرضروری بیانات سے پرہیز کیا جائے، شہباز شریف

دنیا کے امن کو اصل خطرہ ان ممالک سے ہے جہاں جوہری سلامتی سے متعلق باربار حادثات ہوئے، وزیر اعظم میاں شہباز شریف کا صدر بائیڈن کے بیان پر ردعمل

اسلام آباد (اردونیوز ) وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر جو بائیڈن کے ایٹمی پروگرام سے متعلق بیان کوحقائق کے برعکس اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔ وزیر عظم کا کہنا ہے کہ گذشتہ دہائیاں ثبوت ہیں کہ پاکستان انتہائی ذمہ دار جوہری ریاست ہے۔جوہری پروگرام موثر تکنیکی اور فول پروف کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کے زیر انتظام ہے۔جوہری ہتھیاروں کی صلاحیت سے متعلق پاکستان نے ہمیشہ نہایت ذمہ دارانہ کردار کا مظاہرہ کیا ہے

میاں شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے عدم پھیلاو¿، سلامتی وتحفظ پر عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی۔اے۔ای۔اے) سمیت عالمی معیارات کے اپنے پختہ عہد کو پورا کیا ہے۔عالمی امن کو اصل خطرہ عالمی مروجہ اقدار کو پامال کرنے والی بعض ریاستوں، انتہا پسند قومیت پسندی، غیرقانونی قبضوں کے خلاف جدوجہد کرنے والوں کے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے ہے۔دنیا کے امن کو اصل خطرہ سرفہرست جوہری ممالک کے درمیان اسلحہ کی دوڑ سے ہے۔

میاں شہبازشریف نے مزید کہا کہ دنیا کے امن کو اصل خطرہ ان ممالک سے ہے جہاں جوہری سلامتی سے متعلق باربار حادثات ہوئے۔دنیا کے امن کو اصل خطرہ سلامتی کے ان اتحادوں سے ہے جن کی تشکیل سے علاقائی توازن متاثر ہو رہا ہے۔پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوستی اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون کی ایک طویل تاریخ ہے ۔

دنیا جب بڑے بڑے مسائل اور مشکلات سے دوچار ہے، ایسے میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کی حقیقی صلاحیت کو پہچاننے کے لئے خالص اور پائیدار کوششیں نہایت ناگزیر ہیں۔ اس مقصد کے لئے غیرضروری بیانات سے پرہیز کیا جائے۔علاقائی امن و سلامتی کے فروغ کے لئے امریکہ کے ساتھ تعاون کی پرخلوص خواہش رکھتے ہیں۔

Related Articles

Back to top button