پاکستان

شہباز شریف کستان کے 23 ویں وزیر اعظم منتخب

شہباز شریف کے وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی مختصر رخصت پر چلئے گئے ،شہباز شریف سے ان کے عہدے کا حلف قائمقام صدر و چئیرمین سینٹ صادق سنجرانی لیں گے

اسلام آباد (اردو نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر ، اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 23 ویں وزیر اعظم منتخب ہوگئے ہیں۔ قومی اسمبلی میں قائد ایوان کے الیکشن میں انہیں 174ووٹ حاصل ہوئے جبکہ ان کے مدمقابل سابق وزیر خارجہ پاکستان شاہ محمود قریشی کو کوئی ووٹ حاصل نہیں ہو سکا جنہوں نے الیکشن کا بائیکاٹ کردیا تھا۔
میاں شہباز شریف کے وزیر اعظم بننے کی صورت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) ایک بار پھر حکومت میں آگئی ہے تاہم میاں شہباز شریف ، عمران خان کے دور کی اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کے امیدوار کے طور پر منتخب ہوئے ہیں ۔ ان کے انتخاب میں اپوزیشن کی جماعتوں اور عمران خان کی ان اتحادی جماعتوں کے ارکان نے بھی ووٹ ڈالے کہ جنہوں نے آخری وقت پر عمران خان کا ساتھ چھوڑ دیا تھا ۔

میاں شہباز شریف کے انتخاب سے قبل شاہ محمود قریشی نے وزیر اعظم کے الیکشن کا بائیکاٹ کردیا اور ساتھ ہی اعلان کیا کہ تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی سے مستعفی ہوتے ہیں ۔ یہ اعلان کرنے کے بعد شاہ محمود قریشی کی قیادت میںتحریک انصاف کے قومی اسمبلی میں آنے والے تمام ارکان اسمبلی سے نکل گئے ۔

تحریک انصاف کے ارکان کے نکلنے کے بعد ڈپٹی سپیکر قاسم سوری نے بھی کہا کہ ان کا ضمیر گوارا نہیں کرتا کہ وہ وزیر اعظم کے الیکشن کی کاروائی کا حصہ بنیں ،لہٰذ ا وہ بھی اپنی نشست چھوڑ رہے ہیں اور انہوں نے اجلاس کی کاروائی ایاز صادق کو چلانے کے لئے کہا

بعد ازاں ایاز صادق کی صدارت میں ایوان میں وزیر اعظم کا الیکشن ہوا۔میاں شہباز شریف کے وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی مختصر رخصت پر چلئے گئے جس کے بعد اعلان کیا گیا کہ اب منتخب وزیر اعظم میاں شہباز شریف سے ان کے عہدے کا حلف قائمقام صدر و چئیرمین سینٹ صادق سنجرانی لیں گے ۔

Related Articles

Back to top button