پاکستانی امریکن شکیلہ لقمان کے دوربارہ رکن قومی اسمبلی بننے کے امکانات
لاہور کے ضمنی الیکشن میں شائستہ ملک منتخب ہوتی ہیں تو شکیلہ لقمان ان کی جگہ مخصوص نشستوں پر ایم این اے بن جائیں گی
نیویارک (محسن ظہیر سے ) پاکستانی امریکن کمیونٹی کی ایک سابق متحرک سیاسی و سماجی رہنما ، مسلم لیگ (ن) یو ایس اے وومین ونگ کی سابق صدر اور سابق رکن قومی اسمبلی بیگم شکیلہ لقمان کے ایک بار پھر رکن قومی اسمبلی بننے کے امکانات پیدا ہو گئے ہیں ۔ لاہور سے مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی پرویز ملکی کی وفات کے بعد پارٹی کی جانب سے ان کی بیوہ شائستہ پرویز ملک کو ان کے مرحوم شوہر کی نشست پر ٹکٹ جاری کئے جارہا ہے ۔ شائستہ ملک ، گذشہ الیکشن میں مخصوص نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کی ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی بنی تھیں ۔ وہ اگر ا ب اپنے مرحوم شوہر کی خالی ہونیوالی نشست پر ضمنی الیکشن میں الیکشن لڑنے کے بعد کامیاب ہو تی ہیں تو ان کی مخصوص نشست خالی ہو جائے گی اور کوٹہ سسٹم کے تحت یہ نشست مسلم لیگ (ن) کے حصے کی ہو گی ۔ سال 2018کے الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے خواتین کی مخصوص نشستوں کے لئے الیکشن کمیشن کو جر فہرست فراہم کی گئی تھی ، اس میں بیگم شکیلہ لقمان کا نام بھی شامل تھا اور ان کا نام مخصوص نشستوں پر ہونیوالے الیکشن میں ترجیحات میں 16ویں نمبر پر آیا تھا ۔ الیکشن قواعد کے مطابق اگر ضمنی الیکشن میںکامیابی کی صورت میں شائستہ پرویز ملک ، اپنی مخصوص نشست خالی کرتی ہیں تو ان کی نشست پر مذکورہ لیگی فہرست کے مطابق ،بیگم شکیلہ لقمان کا نام از خود آجائیگا اور وہ رکن قومی اسبمبلی بن جائیں گی ۔
اگر بیگم شکیلہ لقمان دوبارہ رکن قومی اسمبلی بن جاتی ہیں تواوورسیز سے دوسری بار رکن قومی اسمبلی بننے والی ، دوسری خاتون ہو ںگی ۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ میاں نواز شریف کی جانب سے امریکہ سے بیگم شکیلہ لقمان کو خواتین کی مخصوص نشستوں پر رکن قومی اسمبلی بنوایا گیاتھا جبکہ نیوجرسی سے تعلق رکھنے والے شریف فیملی کے قریبی ساتھی کیپٹن (ر) خالد شاہین بٹ کو سینیٹر منتخب کروایا گیا جو ک اب بھی سینیٹر ہیں ۔
بیگم شکیلہ لقمان ان دنوں ، اپنے شوہر ڈاکٹر خالد لقمان کے ساتھ کینیڈا کے دورے پر ہیں ۔ پاکستانی سیاست میں ہونیوالی مذکورہ پیش رفت کے بعد وہ جلد پاکستان واپس جائیںگی۔ شکیلہ لقمان کا کہنا ہے کہ میں اپنے قائد میاں نواز شریف کی ایک ادنیٰ کارکن ہوں اور میرے لئے ہمیشہ اپنے قائد اور پارٹی کی خدمت ، کسی اعزاز سے کم نہیں ۔
Shakila Luqman chances to become MNA again