" "
بین الاقوامی

مریم نواز مہنگائی کی خوشخبری دینے ملتان آئیں ،شاہ محمود قریشی

حکومت اپنی نااہلی پر پردہ ڈالنے کیلئے انتقامی کاررائیو ں کا سہارا لے رہی ہے، شاہ محمود قریشی ، عامر ڈوگر، ندیم قریشی ، شعیب اکمل سمیت دیگر کے خطابات

ملتان(اظہار عباسی سے ) پاکستان کے سابق وزیر خارجہ اور پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ قیمتوں میں اضافے کیلئے امپورٹڈ حکمرانوں نے آئی ایم ایف سے اتفاق کرلیا ہے۔آئی ایم ایف کے کہنے پر یہ لوگ بجلی ،گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کررہے ہیں۔ جس سے ملک میں مہنگائی کا بہت بڑا طوفان آئے گا۔ ن لیگ کی حکومت نے چند روز قبل پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 35 روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا اور آئندہ مزید اضافہ کررہے ہیں۔ کیا مریم نواز آٹا مزید مہنگا ہونے اور مہنگائی کا طوفان آنے کی خوشخبری دینے ملتان آئی ہیں۔؟مریم نواز نے یہ کیوں نہیں بتایا بجلی مزید مہنگی ہو رہی ہے۔ مریم نواز عوام کو مہنگائی کا تحفہ دینے کے بعد کس منہ سے ملتان کا دورہ کررہی ہیں۔؟ملتان والو گلشن کا خدا حافظ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان کی قدیمی اور مصروف پل شہیدی لعل کی تعمیر و مرمت کی تکمیل کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سابق وزیر مملکت ملک عامر ڈوگر‘سابق پارلیمانی سیکرٹری ندیم قریشی، قربان فاطمہ‘ شیخ طاہر، مخدوم شعیب اکمل ہاشمی و اہلیان علاقہ کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ انہوں نے کہا مریم نواز ملتان کے لوگوں کو کیا بتانے آئی ہیں۔ آپ کی حکومت آئی ایم ایف سے گفت و شنید کررہی ہے۔ آپ کی حکومت پیٹرول کو مزید 50 روپے مہنگا کرنے پر آمادہ ہو چکی ہے۔بجلی 7روپے فی یونٹ مہنگی کرکے لوگوں پر بوجھ ڈالا جائے گا۔ جنرل سیلز ٹیکس 18 فیصد بڑھایا جار ہاہے۔ 700ارب روپے کے مزید نئے ٹیکس لگائے جائیں گے۔ افرا ط زر 35 فیصد کو چھو رہا ہے۔ لوگ آٹے کے لئے لائنوں میں دھکے کھا رہے ہیں۔ گیس تین وقت بھی پوری نہیں ملتی۔ گھروں میں چولہے نہیں جل رہے۔ کسانوں سے پوچھیں یوریا کی بوری دستیاب ہے یا نہیں۔ مریم نواز سے پوچھیں آپ ملتان والوں کیلئے کیا پیغام لیکر آئی ہیں۔

انہوں نے کہا پشاور میں لاشیں پڑی تھیں شہباز شریف کہتے تھے کے پی کے حکومت پیسوں کا حساب دے۔ انہوں نے کہا عمران خان کہتے ہیں ہم نے گھبرانہ نہیں۔حکومت اپنی نااہلی پر پردہ ڈالنے کیلئے انتقامی کاررائیو ں کا سہارا لے رہی ہے۔ مجھے کل صبح اسلام آباد میں ایف ایٹ کی عدالت میں پیش ہونے کا کہا گیا۔ میں چہرے پڑھتا ہوں ان کا ارادہ ہتھکڑی لگانے کا ہے۔ ایک طرف الزام ہے ایک طرف سیاسی انتقام ہے۔

حکمرانوں سے پوچھتا ہو ں آپ کیا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا میں حکمرانوں سے پوچھتا ہوں انہیں الیکشن کروانے کا حوصلہ ہے؟پاکستان تحریک انصاف کے کارکن ملک بھر میں الیکشن کیلئے تیار ہیں او ربھر پور مقابلہ کریں گے۔ تحریک انصاف نے فیصلہ کیا ہے کہ اگر ضمنی انتخابات ہوتے ہیں تو پی ٹی آئی بھر پور مقابلہ کریگی۔ ان کو بے نقاب کیلئے میدان میں اتریں گے۔ انہوں نے کہا نئی اکھاڑ پچھاڑ سے شفاف انتخابات ممکن نہیں۔ تحریک انصاف ان کا بھر پور مقابلہ کریگی اور ان کی دھاندلی کے پروگرام دھرے کے دھرے رہ جائیں گے۔ انہوں نے کہا مجھے پاکستان میں پاکستان کا وزیر خارجہ دیکھائی نہیں دے رہا۔ وہ بیشتر وقت بیرونی ممالک میں تفریحی دوروں پر گزارتے ہیں۔
انہوں نے کہا اسحاق ڈار صاحب سے پوچھتا ہوں کیا ملکی معیشت سنبھل گئی۔ اسحاق ڈار کے آنے سے کیا روپے کی قدر میں اضافہ ہو گیا؟ڈار صاحب نے تو کہا تھا آئی ایم ایف کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرونگا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ملک میں مہنگائی اور بحرانوں کے ذمہ دار ن لیگ اورپی ڈی ایم کے حکمران ہیں۔ن لیگ نے ملک کو دیوالیہ ہونے کے قریب کردیا۔ نواز شریف کو ملک سے باہر بیٹھ کر غریب عوام کا کتنا احساس ہے قوم جانتی ہے۔ قوم اس مرتبہ ان کی باتوں میں نہیں آئیگی۔ حیرت کی بات ہے40سال ملک میں اقتدار پر رہنے والے لٹیرے ساڑھے 3 سال اقتدار میں رہنے والوں کا حساب مانگ رہے ہیں-

Related Articles

Back to top button