" "
پاکستان

سینیٹر عرفان صدیقی کا دورہ اقوام متحدہ ، احمد جان کا خوش آمدید

مسلم لیگی سینیٹر عرفان صدیقی ، اقوام متحدہ میں عالمی فورم میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے ، واشنگٹن ڈی سی کا دورہ بھی کریں گے

نیویارک میں قیام کے دوران سینیٹرعرفان صدیقی ، مسلم لیگی ساتھیوں اور کمیونٹی سے بھی ملاقات کریں گے، احمد جان کی جانب سے سینیٹر عرفان صدیقی کو خوش آمدید

نیویارک ( اردونیوز ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما ، سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے قریبی ساتھی سینیٹرعرفان صدیقی نیویارک پہنچ گئے ہیں ۔پاکستان مسلم لیگ (ن) نیویارک کے صدر احمد جان کے مطابق عرفان صدیقی اقوام متحدہ میں منعقد ہونیوالے ”ہائی لیول پولیٹیکل فورم برائے مستحکم ترقی “(HLPF)کے اعلیٰ سطحی عالمی فورم میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے ۔ اقوام متحدہ میں ہونیوالے عالمی فورم میں اقوام عالم کی مستحکم اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حوالے سے خصوصی بات چیت کی جائے گی ۔

عرفان صدیقی کی اقوام متحدہ میں تین روز مصروفیات رہیں گی ۔ اس دوران وہ فورم میں پاکستان کی نمائندگی کے علاوہ سائیڈ لائینز پر اہم ملاقاتیں بھی کریں گے ۔

اقوام متحدہ میں تین روز مصروفیات کے بعد عرفان صدیقی نیویارک میں نجی قیام کریں گے ۔

احمد جان نے مزید بتایا کہ سینیٹر عرفان صدیقی 23جولائی تک نیویارک میں قیام کریں گے ۔ وہ ایک روزہ دورہ پر واشنگٹن ڈی سی بھی جائیں گے ۔ نیویارک میں قیام کے دوران سینیٹرعرفان صدیقی ، مسلم لیگی ساتھیوں اور کمیونٹی سے بھی ملاقات کریں گے اور پاکستان کی تازہ اور مجموعی صورتحال پر بات چیت کریں گے۔

احمد جان نے کہا کہ ہم پاکستان مسلم لیگ (ن) نیویارک اور یو ایس اے کی جانب سے سینیٹر عرفان صدیقی کو نیویارک آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں ۔

 

 

Related Articles

Back to top button