ثقلین مشتاق کی دارالعلوم نیویارک کے لئے فنڈ ریزنگ
نیویارک (اردو نیوز ) دنیائے کرکٹ کے ایک بڑے کھلاڑی ثقلین مشتاق نے بروکلین (نیویارک) میں دارالعلوم کے لئے فنڈ ریزنگ ڈنر میں شرکت کی ۔ اس تقریب کا اہتمام پاکستانی امریکن کمیونٹی کے جواں سال ارکان کی نمائندہ تنظیم پاکستانی امریکن یوتھ آرگنائزیشن (PAYO)نے کیا تھا۔
دارالعلوم کے نام سے نیویارک میں قائم ادارے میں مسلم امریکن کمیونٹی کے بچوں کو حافظ قران ، عالم دین بنانے سمیت دینی تعلیم کا سلسلہ ایک عرصے سے جاری ہے ۔ثقلین مشتاق نے تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ یہ میرے ماں باپ کی دعاوں کا نتیجہ ہے کہ میں دین کی خدمت میں اپنا ایک ادنیٰ حصہ ڈال رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا وی ترقی کے ساتھ ساتھ دین کے ساتھ وابستگی اور تعلیمات سے آگاہی آپ کے دین کے ساتھ ساتھ آخرت کو بھی سنوار دیتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ صحت مند و تندرست رہنا بھی دینی تعلیمات کا ایک حصہ ہے لہٰذا جب آپ اس نیت سے کھیلتے ہیں کہ خود کو صحت مند و تندرست رکھنا ہے ، تو ایسا کھیل بھی ایک عبادت بن جاتا ہے
پاکستانی امریکن یوتھ آرگنائزیشن کے محمد حسین ایڈوکیٹ او وکیل احمد سمیت پائیو ٹیم کے ارکان نے ثقلین مشتاق کا شکرئیہ ادا کیا کہ جنہوں نے ان کی دعوت قبول کی اور بروکلین میں ان کی تقریب میں شرکت کی ۔تقریب میں شفیق صدیقی نے بھی شرکاءپر زور دیا کہ وہ اس کار خیر میں حصہ ڈالیں ۔آخر میں شرکاءکے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا ۔