" "
اوورسیز پاکستانیز

ساﺅتھ ایشین کمیونٹی آﺅٹ ریچ کا7واں سالانہ بین العقائد عشائیہ


نیویارک (اردو نیوز) جنوبی ایشیائی کمیونٹیز کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے اور انہیں سیاسی دھارے میں شامل کرنے کیلئے سرگرعمل تنظیم ساﺅتھ ایشین کمیونٹی آﺅٹ ریچ (SACO کے زیراہتمام نیوجرسی میں ساتواں سالانہ گرینڈ انٹر فیتھ ہالیڈے ڈنر کا انعقاد ہوا۔ جس میں جنوبی ایشیائی کمیونٹیز کے علاوہ دیگر کمیونٹیز کے معززین اور نیوجرسی سٹیٹ اور سٹی اور مقامی حکومتوں کے منتخب عہدیداران اور کمیونٹی لیڈران نے بھرپور انداز میں شرکت کی۔ SACO کے بانی چیئرمین سیم ابرار خان اور ان کے ساتھیوں کی انتھک محنت اور جدوجہد کے نتیجے میں لگاتاراس سال بھی شاندار انداز میں عظیم الشان انٹر فیتھ ڈنر کا انعقاد ہوا۔ جس میں تمام بڑے مذاہب کے مذہبی رہنماﺅں نے محبت اور اخوت کی شمیں جلا کر انٹر فیتھ تقریب کا آغاز کیا جبکہ امریکہ سے وفادری کا اجتماعی حلف بھی لیا گیا جن کے بعد مذہبی رہنماﺅں جن میں مسلمان، یہودی، جیوش، ہندو، بدھ مت اور دیگر عقائد و مذاہب کی نمائندگی شامل تھی مختصرا ً اظہار خیال کیا اور اپنے اپنے انداز میں امن و سلامتی اور اخوت و بھائی چارے کا پیغام دیا۔ تقریب کی ابتداءمیں بوائے سکاﺅنٹس کی ٹیم نے احتشام نقوی کی قیادت میں سٹیج تک مارچ کیا اور سلامی دی۔تقریب میں پاکستان کے وائس قونصل جنرل نعیم چیمہ اور امریکی صدارتی امیدوار کرسٹینا پاورنے خصوصی شرکت کی ۔ تقریب میں ساﺅتھ ایشین کمیونٹی آﺅٹ ریچ کی نئی پریذیڈنٹ انیتا خواجہ کے انتخاب کا اعلان بھی کیا گیا جنہیں شرکاءکی جانب سے مبارکباد دی گئی ۔
اس موقع پر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ممتاز افراد میں ایوارڈز تقسیم کئے گئے
ساﺅتھ ایشین کمیونٹی آﺅٹ ریچ کے چیئرمین سیم خان نے کہا کہ اس انٹر فیتھ ہالیڈے تقریبات و ڈنر کا بنیادی مقصد جنوبی ایشیائی کمیونٹیز کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تقریب کی کامیابی کا کریڈٹ SACO کی پوری ٹیم کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا ہم یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ اس اجتماع کا پیغام بہت واضح ہے کہ ہم کسی نفرت اور اشتعال انگیزی سے متاثر نہیں ہونگے امن اور سلامتی کے فروغ کیلئے کام کریں گے۔ جنوبی ایشیائی کمیونٹیز اور امریکن عوام ایک دوسرے کے شانہ بشانہ آگے بڑھنے کا عزم رکھتے ہیں۔ ہم ایک دوسرے کے اقدار، عقائد، ثقافت اور مذہب کا احترام کرتے ہیں۔
سیم خان کے علاوہ منتخب امریکی شخصیات اور SACO کی نئی پریذیڈنٹ انیتا خواجہ نے بھی خطاب کیا۔

Related Articles

Back to top button