ڈاکٹر عبداللہ ریاڑ کی امریکہ آمد، سیم خان کا ساتھیوں سمیت خوش آمدید
امریکہ میں اس وقت تحریک انصاف کے140منتخب عہدیداران اور پانچ ہزار رجسٹرڈ ووٹرز ہیں ۔ امریکہ میں آٹھ جبکہ کینیڈا میں سات ریجنل چیپٹرز کام کررہے ہیں،سیم خان
کامیاب و شفاف انٹرا پارٹی الیکشن کے انعقاد کے بعد پہلی بار امریکہ آمد پرہم ڈاکٹر عبداللہ ریاڑ کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں ۔وہ یقینی طور پر مبارکباد کے مستحق ہیں
الیکشن کے نتیجے میں سامنے آنے والی قیادت پارٹی ڈسپلن پر یقین رکھتی ہے اور ہم ڈاکٹر عبداللہ ریاڑ کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم ڈسپلن پرکاربند رہتے ہوئے پارٹی کو مضبوط سے مضبوط تر بنائیں گے
نیوجرسی (اردونیوز ) پاکستان تحریک انصاف کے آف آف انٹرنیشنل چیپٹرز (او آئی سی ) کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹرعبداللہ ریاڑ امریکہ پہنچ گئے ہیں ۔تحریک انصاف یو ایس اے کے سیکرٹری جنرل سیم خان نے اپنی اور ساتھیوں کی جانب سے انہیں امریکہ آمد پر خوش آمدید کہا ۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ ڈاکٹر عبداللہ ریاڑ نے نہایت ہی خوش اسلوبی اور کامیابی سے امریکہ میں تحریک انصاف یو ایس اے سمیت متعدد سٹیٹ چیپٹرز میں انٹرا پارٹی الیکشن کروائے ۔
سیم خان کا کہنا ہے کہ انٹرا پارٹی الیکشن کے انعقاد کے بعد پہلی بار امریکہ آمد پرہم ڈاکٹر عبداللہ ریاڑ کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں ۔وہ یقینی طور پر مبارکباد کے مستحق ہیں ۔ انہوں نے نہ صرف پارٹی میں رکنیت سازی کے فروغ بلکہ صاف و شفاف الیکشن کے انعقاد میں جیسے اپنا کردار ادا کیا ہے ، وہ قابل ستائش ہے ۔ انٹرا پارٹی الیکشن سے نہ صر ف پارٹی میں جمہوری عمل کو فروغ حاصل ہواہے بلکہ پارٹی مزید مضبوط اور فعال بھی ہوئی ہے ۔ انشاءاللہ پاکستان تحریک انصاف یو ایس اے اور تمام چیپٹرز کے ساتھی پارٹی کو مزید موثراور فعال بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے ۔ ہم ڈاکٹر عبداللہ ریاڑ سمیت پارٹی کے ساتھیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم پر جس اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے ، ہم اس پر پورا اتریں گے ۔
سیم خان نے کہا کہ ڈاکٹرعبداللہ ریاڑ نہ صرف وزیر اعظم اور چئیرمین عمران خان کے وژن کو بخوبی سمجھتے ہیں بلکہ اس وژن کو پیش نظر رکھتے ہوئے پارٹی کو اوورسیز میں آگے بڑھانے کا عزم بھی رکھتے ہیں ۔ ہم اس مشن میں ان کے شانہ بشانہ ساتھ چلیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بھی خوش آئند امر ہے کہ امریکہ کی دوسری ریاستوں میں پارٹی کے ساتھی متحد ہو رہے ہیں اور ڈاکٹر عبداللہ ریاڑ کی قیادت میں اب ان ریاستوں میں چیپٹرز کی تشکیل اور نٹرا پارٹی الیکشن کو یقینی بنایا جائے گا۔
سیم خان نے کہا کہ تحریک انصاف ایک جمہوری جماعت ہے جس میں ذاتی یا شخصی گروپوں کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہئیے ۔ الیکشن کے نتیجے میں سامنے آنے والی قیادت پارٹی ڈسپلن پر یقین رکھتی ہے اور ہم ڈاکٹر عبداللہ ریاڑ کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم ڈسپلن پرکاربند رہتے ہوئے پارٹی کو مضبوط سے مضبوط تر بنائیں گے ۔
سیم خان نے کہا کہ الحمد للہ امریکہ میں اس وقت تحریک انصاف کے140منتخب عہدیداران اور پانچ ہزار رجسٹرڈ ووٹرز ہیں ۔ امریکہ میں آٹھ جبکہ کینیڈا میں سات ریجنل چیپٹرز کام کررہے ہیں ۔ہم سب لوگ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کو پروموٹ کررہے ہیں ۔