سبیکا شیخ کی نماز جنازہ ، امریکی ارکان کانگریس ، ہیوسٹن کے مئیر کی شرکت، جسد خاکی پاکستان روانہ
نیویارک (محسن ظہیر ) ٹیکساس کے سانٹا فے سکول شوٹنگ میں شہید ہونیوالی پاکستانی انٹر نیشنل سکول سٹوڈنٹ سبیکا شیخ کے جسد خاکی کو سسکیوں اور آہوں میں پاکستان روانہ کر دیا گیا ہے ۔17سالہ سبیکا جو کہ امریکہ میں اعلیٰ تعلیم مکمل کرنے کے بعد جون کے پہلے ہفتے میں پاکستان واپس جا رہی تھی، کی کلاس فیلوز نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا کہ اپنی دوست کو یوں الوداع کہیں گی ۔
سبیکا شیخ کی نماز جنازہ ٹیکساس کے شہر شوگر لینڈ کی مسجد صابرین میں ادا کی گئی جس میں امریکی ارکان کانگریس شیلا جیکسن لی اور ایل گرین کے علاوہ ہیوسٹن کے مئیر سلویسٹر ٹنر ،پاکستانی سفارتکاوں ،مرحومہ کی کلاس فیلوز، ٹیچرز اور امریکہ میں اس کی میزبان فیملی کے علاوہ دو ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی ۔
پاکستانی سفیر اعزاز احمد چوہدری اور پاکستان میں امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کے علاوہ امریکی سیکرٹری آف سٹیٹ مائیک پوم پیﺅ کی جانب سے سکول شوٹنگ کے بدقسمت سانحہ میں شہید ہونیوالی سبیکا کی وفات پر گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا گیا ۔
امریکی میڈیا میں بھی سبیکا شیخ کی اندوہناک موت کو خصوصی کوریج دی گئی ۔ واشنگٹن پوسٹ نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ سبیکا شیخ کہ جس کے ملک میں بچیوں کی تعلیم کے خلاف انتہا پسندی کی بات کی جاتی ہے، وہ سبیکا شیخ امریکہ میں پیش آنیوالی سکول شوٹنگ کے ایک واقعہ میں ماری جاتی ہے ۔سبیکا شیخ سمیت سانٹا فے سکول میں جاں بحق ہونیوالے سٹوڈنٹس سمیت دیگر افراد کی المناک موت کے سوگ میں امریکی پرچم کر سرنگوں کر دیا گیا ہے ۔