تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے روز ویلٹ ہوٹل کی بندش پر خاموشی توڑ دی گئی
روز ویلٹ ہوٹل قومی اثاثہ ہے جسے بیچنے کا کوئی ارادہ نہیں تاہم مسلسل نقصان کی وجہ سے ہوٹل بند ہونا قدرتی امر تھا،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کا کابینہ اجلاس کے بعد بیان
اسلام آباد (اردو نیوز ) پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے نیویارک میں پی آئی اے کے ملکیتی روز ویلٹ ہوٹل کی بندش پر خاموشی توڑ دی گئی ۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فرازکا کہناہے کہ روز ویلٹ ہوٹل قومی اثاثہ ہے جسے بیچنے کا کوئی ارادہ نہیں تاہم مسلسل نقصان کی وجہ سے ہوٹل بند ہونا قدرتی امر تھا۔یہ بات انہوں نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران بتائی ۔ وفاقی وزیر کی جانب سے واضح نہیں کیا گیا کہ اگر روز ویلٹ ہوٹل کو بیچنے کا ارادہ نہیں تو اسے اچانک بند کیوں کر دیا گیا اور بند کئے جانے کے بعد اس کا کیا مستقبل ہوگا۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی ایک رپورٹ کے مطابق ہوٹل انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تقریباً ایک سو سال کے بعد ہوٹل روز ویلٹ بند کیا جا رہا ہے تاہم بند ہونے کے بعد آئندہ کیا ہوگا، اس بارے میں کچھ نہیں کہا گیا ۔
ہوٹل کی بندش کی بنیادی وجہ کورونا وائرس وبا کے ہوٹل انڈسٹری پر مرتب معاشی اثرات بتائے جا رہے ہیں ۔پاکستان میں سابقہ حکومتوں میں روز ویلٹ ہوٹل کی نجکاری کے بارے میں قیاس آرائیاں ہوتی رہیں اور اس کی فروخت کے حوالے سے بھی مختلف شکوک و شبہات کا اظہار کیا جاتا رہا لیکن ہوٹل کی بندش یا نجکاری کے حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی تاہم موجودہ حکومت کے دور میں جس طرح اچانک ہوٹل کی بندش کا اعلان ہوا اور جیسے اس پر کئی روز تک خاموشی اختیار رکھی گئی ، اس پر حیرانگی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
قابل امر ذکر یہ بھی ہے کہ امریکہ کے تقریباً تمام اہم اخبارات اور نیوز چینلز کی جانب سے نیویارک میں تاریخی اہمیت کے حامل روز ویلٹ ہوٹل کی بندش کی خبریں دی جا رہی ہیں ۔ سابق امریکی صدر روز ویلٹ کے نام سے منسوب اس ہوٹل کو نیویارک سٹی کی تاریخی عمارات میں سے ایک قراردیا جا رہا ہے اور یہ ہوٹل شہر کے عین وسط میں نیویارک سٹی ہی نہیں ، امریکہ ہی نہیں بلکہ دنیا کےاہم و مصروف و اہم ترین علاقے میں واقع ہے ۔
امریکہ میں موجود سفارتی حکام کی جانب سے روز ویلٹ ہوٹل کی بندش پر کسی بھی قسم کے تبصرے سے گریز اور تفصیلات سے لا علمی کا اظہار کیا جا رہاہے۔ پاکستانی امریکن کمیونٹی کی جانب سے ہوٹل کی بندش کو مایوس کن قرار دیاگیا ہے ۔
New York’s nearly-100-year-old Roosevelt Hotel is shutting down amid COVID-19