حکومت کا نیویارک میں روزویلٹ ہوٹل کو کھولنے کا فیصلہ
روزویلٹ ہوٹل کو پہلے مرحلے میں جزوی طور پر کھولا جائیگا ، نجکاری نہ کرنے کا حتمی فیصلہ
اسلام آباد (احسن ظہیر سے ) وفاقی حکومت نے نیویارک میں پی آئی اے کی ملکیتی روزویلٹ ہوٹل کو کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس بات کا فیصلہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا ہے۔ فیصلوں کا اعلان وفاقی وزیر سعید رفیق کی جانب سے کیا گیا ہے ۔
کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ روزویلٹ ہوٹل نیویارک کو پہلے مرحلے میں جزوی طور پر کھولا جائیگا پھر ہوٹل کی مکمل بحالی ہو گی۔
کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ روزویلٹ ہوٹل کی نجکاری نہیں کی جائے گی۔ روزویلٹ ہوٹل کھولنے کے لئے ہوٹل یونین سے فوری مذاکرات شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں نیویارک سٹی کے مئیر سے بھی رابطہ کیا جائیگا۔
سعد رفیق کے مطابق حکومت نے فیصلہ کیاہے کہ روزویلٹ کی نجکاری نہیں کی جائے گی تاہم اس کی پرائم لوکیشن کی وجہ سے جوائنٹ وینچر کی مدد سے اس لوکیشن پر بڑی عمارت تعمیر کی جائے گی جس سے پاکستان کو زیادہ فائدہ ہوگا۔وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ اس جوائنٹ وینچر کا ہر گز مطلب نہیں ہوگا کہ روزویلٹ کی نجکاری کی جا رہی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پاکستان نے برطانوی ائیرپورٹس پر اپنے سلاٹس کو عارضی طور پر ٹرکش ائیر لائینز اور سعودی ائیر لائینز کو دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ یہ سلاٹس کینسل نہ ہو جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ائیر لائینز کی برطانیہ کے لئے پروازوںکی بحالی جیسے ہی ممکن ہو گی ، پاکستان برطانوی ائیرپورٹس پر موجود اپنے سلاٹس واپس لے لے گا۔
اردو نیوز یو ایس اے، پی آئی اے ، اردو نیوز،