قومی سلامتی سمیت ریاست ِپاکستان کے تمام اداروں کا احترام ہے ، روحیل ڈار
پاکستان کی خالق جماعت پاکستان مسلم لیگ کا رکن ہونے کی حیثیت سے مادر وطن کے کسی بھی ریاستی ادارے کی بے توقیری کا تصور بھی نہیں کر سکتے ،روحیل ڈار
نیویارک (پ ر ) پاکستان مسلم لیگ (ن) یو ایس اے کے صدر روحیل ڈار نے کہا ہے کہ بروکلین (نیویارک ) میں ایک جلسہ عام سے ان کے خطاب کے دوران تقریر کے ایک حصہ کو غلط تناظر میں پیش کرکے کمیونٹی کو گمراہ کرنے کی افسوسناک کوشش کی گئی ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے اداروں سمیت ریاست ِپاکستان کے ہر ریاستی ادارے کے احترام کو اپنے سیاسی ایمان کا حصہ سمجھتے ہیں ۔ ہم یہ بھی سمجھتے ہیں کہ تمام ریاستی اداروں کو آئین اور قانون کی بالا دستی کو یقینی بناتے ہوئے اپنا کردار پیشہ وارانہ اور ایماندارانہ انداز میں ادا کرنا چاہئیے ۔کسی بھی فرد کو ریاست کے نام پر آئین و قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت بھی نہیں ہو نی چاہئیے ۔
روحیل ڈار نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) پاکستان کی خالق جماعت ہے اور اس جماعت کے ایک رکن اور نمائندے کی حیثیت سے ہمار ایہ ماننا ہے کہ ہر ریاستی ادارے کا ہر ایک کو احترام کرنا چاہئیے ۔انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کی سرحدوں کی اپنی جان پر کھیل کر حفاظت کرنے والے پیشہ ور افسران اور جوانوں کی خدمات اور قربانیوں اور ایسے ہی پاکستانی کی پارلیمانی قیادت کہ جنہوں نے جمہوریت کے نام پر قائد اعظم کی قیادت میں بننے والے پاکستان کو جمہوری طور پر مستحکم بنایا اور طالع آزماو¿ں کے آگے نہ جھکنے والے عدلیہ کے غیر جانبدار ججوں اور ایماندار سول حکام کی خدمات کو قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔روحیل ڈارنے مزید کہا کہ ہمیں اپنے قائد میاں نواز شریف پر بھی فخر ہے کہ جن کے دور میں پاکستانی ایٹمی طاقت بنا اور دفاع وطن کو نا قابل تسخیر بنایا گیا ۔ پانامہ لیکس کا نام لیکر انگلیاں اٹھانے والوں کو معلوم ہونا چاہئیے کہ ایٹمی دھماکے نہ کرنے کے بدلے پانچ ارب ڈالرز کی امریکی صدر کی پیشکش ٹھکرانے والے میاں نواز شریف اور ان کے کارکنوں کے یہ سیاسی ایمان کا حصہ ہے کہ جیسے پاکستان مسلم لیگ نے پاکستان بنایا تھا ، ویسے ہی مادر وطن کی سلامتی پر کسی آنچ کی صورت میں بھی ہم ہر ریاستی ادارے کے ساتھ ملکر پاکستان کی سلامتی کو ہمیشہ یقینی بنائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ میاںنواز شریف کے ووٹ کو عزت دو کے بیانیہ کے ساتھ جمہوریت پسند اور محبت وطن پاکستانی کھڑے ہیں ۔ ہمیں اپنے قائد میاں نواز شریف اور محترمہ مریم نواز پر فخر ہے کہ وہ عوام کے حق حکمرانی کے لئے ہر قسم کی قربانی دینے کے لئے میدان میں آگئے ہیں ۔ہم شانہ بشانہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں