دنیا کے امن کے لئےکشمیر اور فلسطین کے مسلے حل کرنا لازم ہے، ڈاکٹر ملیحہ لودھی
اقوام عالم کے امن اور ہم آہنگی کے مشترکہ وژن کو چیلج درپیش ہیں ۔لہٰذا ہم سب کو ملکر اپنے کردار کی ادائیگی کو یقینی بنانا ہوگا۔ملیحہ لودھی
نیویارک (محسن ظہیر ) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ دنیا میں امن اور سلامتی کےلئے جموں و کشمیر اور فلسطین کا مسائل حل کرنا لازم ہے ۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے امن سے متعلقہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ غاصبانہ قبضہ ، بنیادی حقوق حتیٰ کہ حق خود ارادیت سے محرومی کی وجہ سے محکوم اور مظلوم عوام میں بدترین نا انصافی کا احساس پیدا ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پائیدار امن سے ہی انصاف کی بنیاد بن سکتا ہے ۔
ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ کشمیر میں کشمیری عوام کی حق خود ارادیت کی جدوجہد کو جارحیت سے اور غاصبانہ انداز میں دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے جو کہ عالمی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے ۔
پاکستان کی مستقل مندوب نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کمیشن کی حالیہ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ رپورٹ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بد ترین صورتحال کی واضح انداز میں عکاسی کرتی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین میں بھی دو ریاستی حل کو جان بوجھ کر دور کیا جا رہا ہے ۔
ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے اقوام عالم سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ہمارے امن اور ہم آہنگی کے مشترکہ وژن کو چیلج درپیش ہیں ۔لہٰذا ہم سب کو ملکر اپنے کردار کی ادائیگی کو یقینی بنانا ہوگا۔
پاکستان کی مستقل مندوب نے کہا کہ اقوام متحدہ کے قیام امن کے دستوں میں پاکستانی ٹروپس کی تعداد سب سے زیادہ ہے جو کہ پاکستان کی عالمی امن کے قیام میں خدمت کی ایک واضح مثال ہے ۔پاکستان کے ڈیڑھ سو جوانوں نے عالمی امن کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ۔