سات مئی کے بعد امریکہ بھر میں ”رئیل آئی ڈی “ کے نفاذکا اعلان
Real ID Enforcement Begins Across U.S. After May 7: Required for Air Travel and Federal Building Access

وفاقی حکومت کے تقاضے کے مطابق سات مئی کے بعد صرف ”رئیل آئی ڈی “ رکھنے والے افراد فضائی سفرکرسکیں گے اور فیڈرل بلڈنگ میں داخل ہو سکیں گے
ڈرائیونگ لائسنس رکھنے والے افراد کو موٹر وہیکل ڈیپارٹمنٹ جا کر اپنے ریگولر ڈرائیونگ لائسنس کو ”آئی ڈی “ میں تبدیل کروانا ہونا، بصورت دیگر انٹر نیشنل پاسپورٹ استعمال کرنا ہوگا
نیویارک ( محسن ظہیر سے ) امریکی وفاقی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ 7 مئی 2025 سے ملک بھر میں ”رئیل آئی ڈی“ قانون کا مکمل نفاذ کیا جائے گا۔ تقریباً دو دہائیوں کی تاخیر اور کئی بار ڈیڈ لائن میں توسیع کے بعد اب یہ قانون باقاعدہ طور پر لاگو کیا جا رہا ہے۔رئیل آئی ڈی کے نفاذ کے بعد، وہ افراد جو ریاستی سطح پر جاری کردہ ڈرائیونگ لائسنس یا شناختی کارڈ رکھتے ہیں، اگر وہ رئیل آئی ڈی کے تقاضوں پر پورا نہیں ا±ترتے، تو انہیں امریکہ کے اندر فضائی سفر کے لیے ہوائی اڈوں پر سیکیورٹی چیک پوائنٹس سے گزرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ، وہ افراد جو’ رئیل آئی ڈی‘ نہیں رکھتے، انہیں فیڈرل عمارتوں اور کچھ حساس تنصیبات ، بلڈنگ میں داخلے کی اجازت بھی نہیں ملے گی۔
”رئیل آئی ڈی“ میں ایک مخصوص سٹار کا نشان اوپر والے کونے میں ہوتا ہے جو یہ ظاہر کرتا ہے کہ متعلقہ لائسنس یا آئی ڈی کارڈ وفاقی معیار پر پورا اترتا ہے۔ اگر کسی فرد کے پاس ایسا شناختی کارڈ موجود نہیں، تو انہیں موٹر وہیکل ڈیپارٹمنٹ سے رجوع کر کے ضروری دستاویزات فراہم کرنا ہوں گی جن میں مکمل قانونی نام، تاریخ پیدائش، سوشل سکیورٹی نمبر، قانونی حیثیت کا ثبوت اور رہائش کا پتا شامل ہے۔
فی الحال 81 فیصد امریکی مسافر یا تو رئیل آئی ڈی رکھتے ہیں یا اس کے متبادل شناختی دستاویزات جیسے پاسپورٹ، گرین کارڈ یا امپرووڈ ڈرائیونگ لائسنس استعمال کر رہے ہیں۔ تاہم، باقی افراد کو فوری طور پر کارروائی کرنی ہوگی ورنہ انہیں پرواز سے روکا جا سکتا ہے یا اضافی سیکیورٹی اسکریننگ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق، اگرچہ قانون سات مئی سے نافذ ہو جائے گا، لیکن ٹرانسپورٹیشن سیکیورٹی ایڈمنسٹریشن (TSA) ممکنہ طور پر مرحلہ وار عمل درآمد کرے گی تاکہ بڑے پیمانے پر سفری خلل یا سیکیورٹی کمزوری سے بچا جا سکے۔
یاد رہے کہ “رئیل آئی ڈی ایکٹ” 2005 میں نائن الیونکمیشن کی سفارشات کی بنیاد پر قانون کی شکل میں لایا گیا تھا تاکہ امریکہ میں شناختی دستاویزات کے نظام کو زیادہ محفوظ اور قابل اعتماد بنایا جا سکے۔ اس قانون کے مکمل نفاذ میں ریاستوں کی تیاری، مالی لاگت اور حالیہ کووڈ۔19 وبا سمیت کئی رکاوٹیں درپیش رہیں۔اب جب کہ ڈیڈ لائن میں صرف چند دن باقی ہیں، امریکہ بھر میں ریاستی ڈرائیونگ دفاتر پر رش بڑھ گیا ہے کیونکہ شہری اپنے موجودہ شناختی کارڈ کو رئیل آئی ڈی میں تبدیل کروا رہے ہیں۔
Real ID Enforcement Begins Across U.S. After May 7: Required for Air Travel and Federal Building Access