پاکستاناوورسیز پاکستانیز

پاکستانی امریکن کمیونٹی اور صحافتی برادری کا ارشد شریف کے قتل کی مذمت

امریکہ میں بسنے والی صحافتی برادری اور کمیونٹی کی جانب سے سوگوار خان سے اظہار تعزیت

نیویارک (اردو نیوز) امریکہ میں بسنے والے پاکستانی امریکن صحافتی برادری اور پاکستانی امریکن کمیونٹی نے سینئر صحافی ارشد شریف کےکینیامیں قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور سوگوار خاندانوں ، ارشد شریف کی والدہ محترمہ اور بیوہ کے ساتھ گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

نیویارک میں پاکستانی امریکن صحافتی برادری اور کمیونٹی کی جانب ایک تعزیتی اجلاس منعقد کیا جائیگا جس میں ارشد شریف مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی اور دعا کی جائے گی اور سوگوار خاندان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جائےگا۔

پاکستانی امریکن کمیونٹی کی قائدین اور صحافتی برادری کا کہنا ہے کہ ارشد شریف کے قتل کی فوری طور پر غیر جانبدارانہ اور اعلی سطحی تحقیقات کروائی جائے اور معلوم کیا جائے کہ بیرون ملک میں ارشد شریف کے قتل میں کون ملوث ہے !

 

 

کینیا کے اخبار دی سٹار کے مطابق ارشد شریف کو غلط شناخت کے ایک واقعہ میں گولی لگی جس سے وہ جاں بحق ہو گئے ۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ارشد شریف کینیا کے دارالحکومت نیروبی سے کچھ فاصلے پر واقع ایک جگہ سے واپس نیروبی آرہے تھے کہ اس دوران ایک پولیس ناکے پر ان کی گاڑی کو رکنے کے لئے کہا گیا لیکن گاڑی کو روکا نہیں گیا جس کے بعد پولیس کی جانب سے گاڑی پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ایک گولی ارشد شریف کے سر میں لگی جو کہ جان لیوا ثابت ہوئی ۔


ارشد شریف کی اہلیہ جویریہ صدیق کا کہنا ہے کہ پولیس کے مطابق انہیں گولی ماری گئی ہے۔
ارشد شریف کے حوالے سے یہ خبریں بھی آرہی ہیں کہ دوبئی میں ان کے قیام میں مشکلات کی وجہ سے وہ کینیا گئے جہاں پاکستانی پاسپورٹ پر ویزہ فری انٹری تھی ۔ وہ دوبئی سے قبل کچھ عرصے کے لئے برطانیہ میں بھی مقیم رہے ۔

Arshad Sharif, Urdu News USA

Related Articles

Back to top button