نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ ماہ رمضان میں مساجد و اسلامک سنٹرز کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا
پولیس ڈیپارٹمنٹ ، بروکلین میں مسلم کمیونٹی کی تمام مساجد اور اسلامک سنٹرز کو ماہ رمضان کے دوران سیکورٹی ، ڈبل پارکنگ کی عارضی سہولت سمیت دیگر ضروری خدمات فراہم کرے گا، اسسٹنٹ چیف برائن کانرائے
نیویارک (خصوصی رپورٹ) نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ پٹرول بورو بروکلین ساو¿تھ کے اسسٹنٹ چیف برائن کانرائے سمیت بروکلین کے پولیس حکام نے پاکستانی و مسلم امریکن کمیونٹی کو رمضان المبارک کی آمد کی پیشگی مبارکباد دی ہے ۔ راجہ کمیونٹی سنٹر کے پریذیڈنٹٹ راجہ آزاد گل کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران اسسٹنٹ چیف برائن کانرائے سمیت پولیس حکام نے کہا کہ پولیس ڈیپارٹمنٹ ، بروکلین میں مسلم کمیونٹی کی تمام مساجد اور اسلامک سنٹرز کو ماہ رمضان کے دوران سیکورٹی ، ڈبل پارکنگ کی عارضی سہولت سمیت دیگر ضروری خدمات فراہم کرے گا۔
پولیس حکا م نے کہا کہ مساجد کے امام صاحبان اور انتظامیہ کے ارکان پولیس ڈیپارٹمنٹ کی ماہ رمضان کے دوران کسی بھی قسم کی خدمات کے حصول کے لئے مقامی پولیس سٹیشنکے کمیونٹی افئیرز حکام سے رابطہ کریں ۔ اگر رابطے میں کوئی دشواری ہو تو راجہ آزاد گل سے رابطہ کر سکتے ہیں ۔
راجہ آزاد گل نے کہا کہ پوری پاکستانی و مسلم امریکن کمیونٹی ، نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ بالخصوص بروکلین کے پولیس حکام کی مشکور و ممنون ہے کہ جنہوں نے ہمیشہ کمیونٹی کو اپنی ہر ممکن خدمات فراہم کیں ۔ انہوں نے کہا کہ کمیونٹی ماہ رمضان کے دوران شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں کردار ادا کرنے والے پولیس حکام اور اہلکاروں کی حفاظت اور سلامتی کے لئے بھی خصوصی دعا کرے گی ۔
نیویارک سٹی گورنمنٹ کی جانب سے شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ کسی بھی قسمکے اجتماعات کے دوران محکمہ صحت کی گائیڈ لائینز اور ایس او پیز کا خیال رکھیں ، سماجی فاصلے اور ماسک پہننے کی پابندیوں پر بھی عمل کریں ۔
مسلم پولیس سوسائٹی کے پریذیڈنٹ کیپٹن رانا عدیل رانا اور کیپٹن وحید اختر کا بھی کہنا ہے کہ نیویارک کے تمام فائیو بوروز میں مسلم کمیونٹی کے امام صاحبان اور مساجد و اسلامک سنٹر ، ماہ رمضان میں پولیس سے متعلقہ مدد کے لئے ان سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں ۔