چوہدری یاسین اقوام متحدہ کے سامنے مظاہرے میں کشمیری عوام کی نمائندگی کرینگے، راجہ پرویز اشرف
پیپلز پارٹی کے رہنما و سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کا پاکستان سے نیویارک میں خالد اعوان ،لطیف ڈالمیا ، طاہر سلیمی کے زیر اہتمام پارٹی میٹنگ سے ٹیلیفونک خطاب کے دوران اعلان
میٹنگ و پریس کانفرنسمیں جاوید اختر،میر عرفان ، لطیف ڈالمیا،طاہر سلیمی، سلمان ظفر، ظفر چٹھہ، ڈاکٹر فخر الدین، راجہ اسد، سیمی اسد، باسط ، ڈاکٹر نصیر کی شرکت
مجیب الحسن، عبدالروف بھلی،سلیم بٹ ،ڈاکٹر عبدالعلیم ،چوہدری نصیر،و جیش پر تاب سمیت پیپلز پارٹی یو ایس اے کے مقامی ساتھی بھی شریک ہوئے ، مقبوضہ کشمیر کے عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار
نیویارک(خصوصی رپورٹ) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف 27ستمبر کو اقوام متحدہ کے سامنے ہونیوالے احتجاجی مظاہرے میں آزاد جموں و کشمیر اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے رہنما و اپوزیشن لیڈر چوہدری یاسین ، پیپلزپارٹی کی نمائندگی کریں گے۔ اس بات کا اعلان پیپلز پارٹی کے رہنما و سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے پاکستان سے نیویارک میں منعقدہ پارٹی کے ایک اجلاس و پریس کانفرنس سے ٹیلیفونک خطاب کے دوران کیا۔اس میٹنگ و پریس کانفرنس کا اہتمام پارٹی کے مقامی رہنما خالد اعوان اور ان کے ساتھیونے کیا تھاجس میں امریکہ کے دورے پر آئے پارٹی رہنما جاوید اختر کے علاوہ میر عرفان ، لطیف ڈالمیا،طاہر سلیمی، سلمان ظفر، ظفر چٹھہ، ڈاکٹر فخر الدین، راجہ اسد، سیمی اسد، باسط ، ڈاکٹرنصیر ، مجیب الحسن، عبدالروف بھلی،ابراراعظم ،سلیم بٹ ،ڈاکٹر عبدالعلیم ،چوہدری نصیر،و جیش پر تاب سمیت دیگر نے شرکت کی ۔
راجہ پرویز اشرف نے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی مقبوضہ کشمیر کے مظلوم و محکوم عوام کے ساتھ ہے ، ان کے ساتھ ہمیشہ کی طرف 27ستمبر کو بھی بھرپور یکجہتی کا اظہار کرے گی اور ان کے حق خود ارادیت کےلئے اپنا ہر ممکن کردارادا کرے گی۔ انہوں نے امریکہ میں بسنے والے پارٹی کے ساتھیوں اور کمیونٹی ارکان پر زور دیا کہ وہ 27ستمبر کواقوام متحدہ کے سامنے ہونیوالے احتجاجی مظاہرے میں بھرپور شرکت کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم کا ایک بازار گرم کررکھا ہے، کرفیو کے نفاذ کو چالیس سے زائد دن ہو گئے ہیں۔ یہ صورتحال انتہائی تشویشناک ہے ۔راجہ پرویز اشرف نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو ہر اہم موقع پر اور ہر اہم فورم پرمقبوضہ کشمیر کے مظلوم و محکوم عوام کے حق میں آواز اٹھا رہے ہیں اور اپنا ہر ممکن کردارادا کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نیویارک میں جس دن نریندر مودی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے، اس دن اقوام متحدہ کے سامنے پاکستانی و مسلم کمیونٹی مظاہرہ کررہی ہے ۔ اس مظاہرے میں پارٹی کے سینئر رکن چوہدری محمد یاسین خصوصی شرکت کریں گے ۔پارٹی کارکنان اس مظاہرے میں بڑی تعداد میں شامل ہوں اور بڑا شوکریں ۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ان کا بھی امریکہ کے دورے کا ارادہ بن رہا ہے ۔ انہوں نے پارٹی ساتھیوں سے کہا کہ سیاسی جماعتوں میں چھوٹے موٹے اختلافات ہر جگہ ہوتے ہیں لیکن ایک بڑی کاز کےلئے ہم نے ایک دوسرے کو ساتھ لے کر چلنا ہے ، ان سے بالاتر ہو کر اپنا کردار ادا کرنا ہے ۔ہمیں پارٹی کو کارکنوں کے فعال اور موثرکردار کی ضرورت ہے ،ہمیں یقین ہے کہ امریکہ میں پارٹی مضبوط سے مضبوط تر ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی تنظیم سازی کے حوالے سے قیادت جو بھی فیصلہ کرے ، اسے ساتھی قبول کرکے پارٹی کو موثراور فعال بنانے میں اپنا کردار ادا کریں ۔
قبل ازیں خالد اعوان نے راجہ پرویز اشرف کو ٹیلیفونک خطاب پر خوش آمدید کہتے ہوئے امریکہ میںپیپلز پارٹی کے ساتھیوں کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے عوام سے یکجہتی اور مودی سرکار کے ظالمانہ فیصلوں کے خلاف ادا کئے جانے والے کردار سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہر بحران اور چیلنج سے ملک و قوم کو نکالا ہے، انشاءاللہ اس بار بھی پیپلز پارٹی کی قیادت ملک و قوم کو رہنمائی فراہم کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت کی ہدایات کی روشنی میں ہم اقوام متحدہ کے سامنے مظاہرے میں بھرپور شرکت کریں گے ۔اس موقع پر ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جو کہ مظاہرے کے انتظامات اور کوارڈی نیشن کو یقینی بنائے گی ۔ خالد اعوان نے مزید اعلان کیا کہ چوہدری محمد یاسین کے اعزاز میں پیپلز پارٹی یو ایس اے کے ساتھی نیویارک میں بڑ ا استقبالیہ دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ چوہدری یاسین 24 ستمبر کو دو بجے جے ایف کے ائیرپورٹ نیویارک پر پہنچ رہے ہیں۔ بڑی تعداد میں ساتھی ان کا استقبال کریںگے۔
پیپلز پارٹی یو ایس اے کے سابق سینئر نائب صدر عرفان میر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا لائین آف کنٹرول پار کرنے کے حوالے سے عوام کو کال کے انتظار کا بیان حیران کن ہے ۔وزیر اعظم خود آگے بڑھیں ، اپنے ارکان نامزد کریں کہ جو لائین آف کنٹرول پار کریں تو بائیس کروڑ عوام ان کے ساتھ ہوں گے ۔ وہ کسی غیر ذمہ دار حرکت سے عوام کو خطرے میں نہ ڈالیں ۔ مجھے یقین ہے کہ عمران خان جلد اس بیان پر بھی یو ٹرن لے لیں گے ۔ عرفان میر نے کہا کہ سرحدوں کی حفاظت مسلح افواج کا کام ہے ۔وہ اپنے فرائض منصبی ادا کریں ، دشمن کے منصوبے خاک میں ملائیں اور سرحدوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں ،عوام ان کی اپنے طور پر ہر ممکن مدد کریں گے ۔جس کا کام ہےاسی کو کرنا چاہئیے ۔
جاوید اختر نے کہا کہ بحران کے موقع پر سلیکٹڈ وزیراعظم نے قوم کو اکٹھا نہیں کیا۔ ہم متحد ہو کر کشمیری عوام اور کشمیر کاز کےلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔ پیپلز پارٹی نے ہر دور میں ملک کو قیادت فراہم کی، اب بھی فراہم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ میں پیپلزپارٹی کے کارکنان اور ساتھیوں کی خدمات پر فخر ہے ۔ انہوں نے ہر دور میں اپنا بے لوث کردار اد اکیا ہے۔ چئیرمین بلاول بھٹو ان کے کردارکے معترف ہیں اور متعدد بار انہوں نے اس کردار کو سراہا ہے ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی ساتھیوں لطیف ڈالمیا،طاہر سلیمی، سلمان ظفر، ظفر چٹھہ، ڈاکٹر فخر الدین، راجہ اسد، سیمی اسد، باسط ، ڈاکٹر، نصیر ، مجیب الحسن، عبدالروف بھلی،سلیم بٹ،ڈاکٹر عبدالعلیم ،چوہدری نصیر،و جیش پر تاب ، نے کہا کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، انہیں یقین دلاتے ہیں کہ کشمیر کاز پر ہم سب ایک ہیں اور یک زبان اور متحد ہو کر اپنا ہر ممکن کردارادا کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو اور شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو نے کشمیر کاز کو ہمیشہ اولین ترجیح دی اور ہم چئیرمین بلاول بھٹو کی قیادت میں ان کے مشن کو جاری رکھیں گے ۔