پاکستان

نیویارک میں ایڈرٹائزنگ میڈیا کی بزرگ شخصیت راحت ملک انتقال کر گئے

راحت ملک کو کچھ عرصہ قبل کینسر کے مرض کی تشخیص ہوئی جس کے بعد وہ زیر علاج رہے اور چند ماہ زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد خالق حقیقی سے جا ملے

نیویارک ( محسن ظہیر سے ) پاکستانی امریکن کمیونٹی ہی نہیں بلکہ ماضی میں پاکستان کی ایڈورٹائزنگ میڈیا کی سینئر اور بزرگ شخصیت راحت ملک لانگ آئی لینڈ ، نیویارک میں انتقال کر گئے۔ راحت ملک کو کچھ عرصہ قبل کینسر کے مرض کی تشخیص ہوئی جس کے بعد وہ نیویارک اور لانگ آئی لینڈکے مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج رہے ۔ان کی طبیعت کچھ عرصے کے لئے سنبھلی تاہم گذشتہ کچھ عرصے سے وہ شدید علیل تھے ۔ سوموار 25ستمبر کو راحت ملک چند ماہ تک زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ۔

راحت ملک نے پاکستان میں”ایڈ یج ایڈورٹائزنگ “ کے نام سے اپنی ایڈورٹائزنگ کمپنی کے ذریعے طویل عرصہ میڈیا ایڈورٹائزنگ بزنس میں خدمات انجام دیں ۔بیس سے زائد سال قبل وہ اپنی فیملی کے ساتھ امریکہ منتقل ہو گئے اور نیویارک میں ”ایڈ ایڈوانٹیج یو ایس اے “ کے نام سے اپنی میڈیا ایجنسی قائم کی ۔ راحت ملک نے امریکہ میں رہتے ہوئے بھی الیکٹرونک میڈیا کے لئے گرانقدر اور بے مثال خدمات انجام دیں ۔

راحت ملک مرحوم کی تدفین نیویارک میں ہی ہو گی ۔مرحو م کے قریبی دوست احباب ، پاکستانی امریکن میڈیا ارکان اور کمیونٹی کی جانب سے راحت ملک کی وفات پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا گیا ہے اور دعا کی گئی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ سے اعلیٰ مقام نصیب فرمائیں اور ان کے درجات بلند فرمائیں ۔

Rahat Malik passes in New York

 

Related Articles

Back to top button