خبریں

قطر میں کفالہ سسٹم ختم کر دیا گیا

قطر میں تارکین وطن ملازمین کیلئے کم سے کم ماہانہ اجرت اور دیگر مراعات کا قانون نافذ کردیا گیا ہے، جس کے تحت آجر ملازمین کو تنخواہ کے ساتھ رہائش اور خوراک دینے کیلئے بھی پابند ہوگا

دوحہ (اردونیوز )خلیجی ملک قطر میں تارکین وطن ملازمین کیلئے کم سے کم ماہانہ اجرت اور دیگر مراعات کا قانون نافذ کردیا گیا ہے، جس کے تحت آجر ملازمین کو تنخواہ کے ساتھ رہائش اور خوراک دینے کیلئے بھی پابند ہوگا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق قطر تارکین وطن اور غیر ملکی ملازمین کیلئے تنخواہوں اور مراعات سے متعلق قانون نافذ کرنے والا پہلا خلیجی ملک بن گیا ہے۔ یہ قانون فوری طور پر نافذ العمل ہوگا، جس پر آجر کو لازمی عمل درامد کرنا ہوگا، بصورت دیگر جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔ اس قانون کے نفاذ سے ملک میں کفیل کا نظام بھی ختم ہوجائے گا۔قطر کی وزارت برائے ترقی، مزدور اور سماجی امور نے تصدیق کی ہے کہ نئے قانون کے تحت ملک میں کام کرنے والے غیرملکی ملازم کی کم از کم ماہانہ اجرت ایک ہزار قطری ریال مقرر کی گئی ہے، جبکہ کمپنیوں کو غیر ملکی ملازمین کی رہائش اور خوراک کا انتظام کرنے کا بھی پابند کیا گیا ہے۔ اگر کمپنیاں غیرملکی ملازمین کو رہائش اور خوراک کی سہولیات خود فراہم نہیں کرسکتیں تو ملازمین کو خوراک کیلئے ماہانہ 300 ریال اور رہائش کیلئے 500 ریال علیحدہ سے دینا ہوں گے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب سمیت 5 عرب ممالک نے حال ہی میں قطر سے سفارتی و تجارتی تعلقات کی بحالی کا عندیہ دیا ہے، جس کے بعد تجارتی سرگرمیوں میں اضافے کا امکان ہے۔

Qatar New Employment System

Related Articles

Back to top button