امریکہ میں پھنسے 100پاکستانی ،قطر ائیرویز کی پرواز سے پاکستان کےلئے روانہ
پرواز پر سوار ڈیڑھ سے مسافروں میں ایک سو کے قریب پاکستان ہیں جو کہ واشنگٹن سے دوہا جائیں گے جہاں 22گھنٹے قیام کے بعد تین مئی کو اسلام آباد پہنچیں گے
امریکہ میں ایک ماہ سے زائد عرصے سے پھنسے ہوئے سجاد مدنی کے مطابق قطر ائیز کی بکنگ عین وقت پر کھولی گئی ، مسافروں کو مجبوری میں تین سے چارہزار ڈالرز کے ٹکٹ خریدنے پڑے
پرواز میں سوار تمام مسافر اپنے ماسک اور دستانے وغیرہ خود اپنے ساتھ لے کر آئے ۔ ائیر لائینز کی جانب سے تمام مسافروں کو ہدایت کی گئی کہ تمام وقت ماسک وغیرہ پہنے رکھیں
پی آئی اے کو امریکہ کے لئے سپیشل بارہ فلائٹس چلانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ ان پروازوں کی آمد سے امریکہ میں پھنسے باقی ماندہ پاکستانی مسافر بھی وطن واپسی کے منتظر ہیں
واشنگٹن (محسن ظہیر سے ) امریکہ میں ایک سے ڈیڑھ ماہ سے پھنسے ہوئے پاکستانی بالآخر جمعرات اور جمعہ کی درمیا نی رات،یکم مئی کو قطر ائیر ویز کی پرواز سے پاکستان کے لئے روانہ ہو گئے ۔پرواز میں کل مسافروں کی تعداد150کے قریب تھی جس میں تقریباً ایک سو پاکستانی تھے ۔
کرونا وائرس کے سلسلے میں جاری گائیڈ لائینز پر عمل کرتے ہوئے پرواز میں مسافروں کو ساتھ ساتھ بٹھانے کی بجائے ،ایک سے دوسرے مسافر کے درمیان ایک سیٹ چھوڑی گئی ۔یہی وجہ رہی کہ جہاز میں گنجائش کے باوجود فل بکنگ نہیں کی گئی ۔
واشنگٹن کے ڈلاس ائیرپورٹ سے قطر ائیر ویز سے پاکستان کے لئے روانہ ہونے والے پاکستانی ، الیکٹرونک میڈیا پر دینی نشریات کے معروف پروڈیوسر سجاد مدنی نے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ تقریبا ً پچاس دن کے انتظار کے بعد پاکستان واپس جا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ فلائٹ کےلئے مسافروں کو اکنامی کلاس میں ٹکٹ تین ہزار دو سو سے چارہزار ڈالرز میں فروخت کئے گئے جبکہ بزنس کلاس کے ٹکٹ کی قیمت دس ہزار ڈالرز بتائی گئی ۔
سجاد مدنی نے مزید بتایا کہ قطر ائیرویز کی جانب سے پرواز کی روانگی سے ایک سے بھی کم دن کے وقت سے فلائٹ اوپن کی گئی ۔شروع میں یہ کہا گیا کہ قطر ائیر ویز کی ریٹرن ٹکٹ رکھنے والوں کو بھی اس پرواز کے لئے الگ سے ٹکٹ خریدنے پڑیں گے تاہم بعد میں ائیر لائین کی جانب سے کہا گہا کہ ریٹرن ٹکٹ پر بھی سفر کیا جا سکتا ہے تاہم سجاد مدنی کے بعد ، نئی قیمت کے پیش نظر ائیر لائین کی جانب سے ان کے ریٹرن ٹکٹ کو ون وے ٹکٹ کے طور پر استعمال کیا گیا ۔
ایک سوال کے جواب میں سجاد مدنی نے بتایا کہ پرواز میں سوار تمام مسافر اپنے ماسک اور دستانے وغیرہ خود اپنے ساتھ لے کر آئے ۔ ائیر لائینز کی جانب سے تمام مسافروں کو ہدایت کی گئی کہ تمام وقت ماسک وغیرہ پہنے رکھیں ۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان کی جانب سے جہاں ایک طرف ملک میں عالمی پروازوں کی آمد و رفت پر 15مئی تک پابندی عائد ہے وہاں حکومت پاکستان کی جانب سے قطر ائیرویز کی تین پروازوں کو خصوصی طور پر پاکستان لینڈ کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ اسی سلسلے میں یکم مئی کو واشنگٹن سے روانہ ہونے والی پرواز QR708پہلے دوہا (قطر ) جائے گی جہاں 22گھنٹوں کے قیام کے بعد یہ پرواز تین مئی کو اسلام آباد پہنچے گی ۔
یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ نیویارک میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد بھی پھنسی ہوئی ہے جو کہ جلد از جلد پاکستان جانا چاہتے ہیں لیکن قطر ائیرویز کی جانب سے عین وقت پر فلائٹ کی بکنگ کھولنے کی وجہ سے وہ نیویارک یا گردو نواح کے علاقوں سے واشنگٹن نہیں پہنچ سکے تاہم واشنگٹن پہنچنے والے ایک پاکستانی مسافر حمزہ نے بتایا کہ انہوں نے عین وقت پر چار ہزار ڈالرز کی ٹکٹ خریدی اور فلائٹ لینے میں کامیاب ہو گئے ۔
امریکی حکومت کی جانب سے پاکستان کی قومی ائیر لائینز پی آئی اے کو امریکہ کے لئے سپیشل بارہ فلائٹس چلانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ ان پروازوں کی آمد سے امریکہ میں پھنسے باقی ماندہ پاکستانی مسافر بھی وطن واپسی کے منتظر ہیں ۔
Almost 100 Stranded Pakistanis left for Pakistan via Qatar Airways from Washington D.C.