وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی اقوام متحدہ آمد، تحریک انصاف کا پرتپاک خیر مقدم کا فیصلہ
تحریک انصاف یو ایس اے ایل ایل سی کے صدر سجاد برکی اور تحریک انصاف یو ایس اے کے چیف آرگنائزر ملک امتیاز علی مشترکہ طور پر لائحہ عمل طے کرینگے
پارٹی قائدین ، پارٹی کے اہم عہدیداران اور سینئرساتھیوں سے کوارڈی نیٹ کریں گے ، وزیر خارجہ سے پارٹی ساتھیوں کی خصوصی ملاقات بھی کروائی جائے گی
تحریک انصاف اور پاکستانی کمیونٹی کا ہر رکن ،خود کو ملک وقوم کاسفیر سمجھ کر پاکستان کا نام دنیا میں روشن کرنے میں اپنا کردار ادا کرے ۔سجاد برکی اور ملک امتیاز علی
نیویارک (پ ر ) پاکستان تحریک انصاف یو ایس اے کی جانب سے پاکستان میں تحریک انصاف کی حکومت کے قیام کے بعد وزیر اعظم عمران خان کی حکومت کے پہلے اہم رکن وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا نیویارک آمد پر پرتپا ک انداز میںخیر مقدم کیا جائے گا اور انہیں پارٹی اور کمیونٹی کی جانب سے خوش آمدید کہا جائے گا ۔ اس سلسلے میں تحریک انصاف یو ایس اے ایل ایل سی کے صدر سجاد برکی اور تحریک انصاف یو ایس اے کے چیف آرگنائزر ملک امتیاز علی مشترکہ طور پر لائحہ عمل طے کریں گے ۔یہ دونوں قائدین ،پارٹی کے اہم عہدیداران اور سینئر ساتھیوں سے کوارڈی نیٹ کریں گے ۔ان کی وزیر خارجہ سے ملاقات کا اہتمام کیا جائے گا ۔
تحریک انصاف یو ایس اے کے قائدین اور سینئر ساتھی جن کا شمار پاکستانی امریکن کمیونٹی کی اہم شخصیات میں بھی ہوتا ہے ، وفاقی وزیر خارجہ جو کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان کی نمائندگی کے لئے رواں ماہ کے تیسرے ہفتے میں نیویارک پہنچیں گے ، سے ملاقات کے دوران انہیں امریکہ بھر میں پارٹی چیپٹرز اور ساتھیوں کی کارکردگی اور کمیونٹی کے اہم مسائل سے بھی آگاہ کریں گے ۔
سجاد برکی اور ملک امتیاز علی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ امریکہ سمیت بیرون ممالک میں بسنے والا تحریک انصاف اور پاکستانی کمیونٹی کا ہر رکن ،خود کو ملک وقوم کاسفیر سمجھ کر پاکستان کا نام دنیا میں روشن کرنے میں اپنا کردار ادا کرے ۔
انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں اقوام عالم میں پاکستان کا وقار بلند ہوگا اوراس مقصد کے حصول کے لئے اوورسیز میں بسنے والا ہر پاکستانی وزیر اعظم کے شانہ بشانہ ان کا ساتھ دے۔