وزیر اعظم عمران خان ؛پی ٹی آئی یوایس اے سیکرٹریٹ میں جشن فتح
عمران خان کے وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد پی ٹی آئی یو ایس اے کے ارکان بڑی تعداد میں لانگ آئی لینڈ (نیویارک) میں واقع پارٹی سیکرٹریٹ میں جمع ہو گئے
پاکستان، عمران خان کے حق میں نعرہ بازی ، پارٹی ساتھی ایک دوسرے سے بغلگیر ہوئے ، نیا پاکستان اور عمران خان کے وزیر اعظم بننے پر ایک دوسرے کو مبارکباد دی ، مٹھائیاں کھلائیں
جشن فتح کے دوران پارٹی کارکنان پارٹی ترانوں اور قومی نغموں پر خوشی میں جھوم اٹھے ، عمران خان کے نئے پاکستان میں مشن میں قدم بقدم ان کے ساتھ ہونگے ، پی ٹی آئی یو ایس اے
ملک امتیاز کی امریکہ بھر میں موجود پارٹی کے ساتھیوں کو مبارکبا د ، بے مثال جدوجہد پر شکرئیہ ادا کیا،جشن فتح سے پرویز ریاض، مرزا خاور بیگ ، عمران اگرہ ،چوہدری عبدالمالک، ظفر چیمہ سمیت دیگر کے خطابات
نیویارک (اردو نیوز) عمران خان کے وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھانے کی خوشی میں پی ٹی آئی یو ایس اے سیکرٹریٹ میں جشن فتح منایا گیا ۔ پی ٹی آئی یو ایس اے کے عہدیداران اور ارکان سمیت کمیونٹی کی اہم شخصیات بڑی تعداد میں لانگ آئی لینڈ (نیویارک) میں واقع پی ٹی آئی یو ایس اے سیکرٹریٹ میں پہنچ گئے جہاں وہ ایک دوسرے سے بغلگیر ہوئے ، نیا پاکستان اور عمران خان کے وزیر اعظم بننے کی خوشی میں مبارکبا د یں دیں اور ایک دوسرے کو مٹھائیاں کھلائیں اور کیک کاٹے ۔
جشن فتح کے دوران پارٹی کارکنان پارٹی ترانوں اور قومی نغموں پر خوشی میں جھوم اٹھے ۔ پاکستان تحریک انصاف یو ایس اے کے چیف آرگنائزر ملک امتیاز علی جو کہ وزیر اعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری اور اس سے قبل ہونے والے الیکشن میں حصہ لینے کے لئے پاکستانگئے ہوئے تھے، نے امریکہ بھر میںموجود پارٹی ساتھیوں اور کارکنان کو عمران خان کے وزیر اعظم بننے پر مبارکباد دی اور کہا کہ عمران خان ایک ایک ساتھی کی جدوجہد اور کوشش سے آگاہ ہے ۔
تحریک انصاف نیویارک کے عہدیداران سمیت دیگر ساتھیوں چوہدری پرویز ریاض امراء، عمران اگرہ ، مرزا خاور بیگ، عمران اقبال، ضمیر احمد چوہدری ، ظہور اختر پنیام ، عدیل گوندل ، ظفر چیمہ ،وسیم سید، سعدئیہ تقی ، احسن نقوی اور چوہدری عبدالمالک سمیت دیگر نے جشن فتح سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم بار گاہ الٰہی میں سربسجود ہیں کہ انہوں نے عمران خان کو وزیر اعظم پاکستان بنایا ۔ہم یقین دلاتے ہیں کہ نئے پاکستان کی جدوجہد میں پی ٹی آئی یو ایس اے وزیر اعظم عمران خان کے شانہ بشانہ ہوگی اور ہم پاکستان کو زرمبادلہ بھیجنے سمیت ملک و قوم کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے ہر اس کام میں کہ جس میں اپنا کردار ادا کر سکیں گے ، اپنا ہر ممکن کردار ادا کریں گے
جشن فتح کے آخر میں پاکستان اور عمران خان کے لئے خصوصی دعا کی گئی ۔