تحریک انصاف کا شہباز شریف کے خلاف اقوام متحدہ کے سامنے مظاہرہ
امجد نواز کی قیادت میں ہونیوالے احتجاجی مظاہرے میں امریکہ بھر سے پی ٹی آئی عہدیداران کی شرکت، گو شہباز گو ، کرپٹ حکومت نا منظور کے نعرے
نیویارک (خصوصی رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف نیویارک سٹیٹ کے زیر اہتمام اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے موقع پر پی ڈی ایم حکومت کے وزیر اعظم میاں شہباز شریف کے خلاف بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔اس احتجاجی مظاہرے کے انعقاد میں پی ٹی آئی نیویارک کے صدر امجد نواز کی قیادت میں جنرل سیکرٹری خورشید بھلی، خاور بیگ،زمان آفریدی، اکرم اعوان، وسیم سید، چوہدری عبدلقیوم، راجہ حسّام شکیل، ثمینہ حیدر، راجہ اشتیاق، عمر قریشی، ظہیر عباس،ضمیر چوہدری، ڈاکٹر اقبال، طاہر مغل، عماد ، خاور مسعود، وحید بٹ، نے کردار ادا کیا۔
پی ٹی آئی یو ایس اے کے صدر منیر کھٹا نہ، صدر ورجینیا جانی بشیر، صدر میری لینڈ وقار احمد خان، صدر شکاگو راجہ یعقوب، صدر کنیکٹیکٹ سید حیدر، مرکزی سیکرٹری انفارمیشن ضیاالرحمان اپنے اپنے ساتھیوں کے ساتھ پہنچے۔ ورجینیا سے خصوصی طور پر بسوں کا انتظام کیا گیا۔سینئر رہنما اور فوکل پرسن ٹو چیئرمین سجاد برکی اور عاطف خان ٹیکساس سے شریک ہوئے۔پی ٹی آئی نیو جرسی کے صدر نوید وڑائچ نے مظاہرے کی کامیابی کے لئے مظاہرے کے چیف آرگنائزر امجد نواز کا بھر پور ساتھ دیا۔
جبکہ احتجاجی مظاہرے میں پی ٹی آئی امریکہ سمیت دیگر ریاستوں کے عہدیداران و قائدین کے علاوہ پارٹی کے مرد ، خواتین، بچے سمیت ارکان بڑی تعداد میں شریک ہوئے ۔پانچ گھنٹے تک جاری رہنے والے مظاہرے کے دوران مظاہرین نے نماز جمعہ بھی اقوام متحدہ کے سامنے پارک میں ادا کی۔ مظاہرے کے دوران فضاءمسلسل عمران خان کے حق میں نعروں سے گونجتی رہی ۔
احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف نیویارک ، یو ایس اے سمیت دیگر ریاستو ں سے آئے قائدین و عہدیداران کا کہناتھا کہ اوورسیز پاکستانی ، پاکستان میں کرپٹ اور نا اہل حکومت کا فوری خاتمہ اور نئے الیکشن چاہتے ہیں ۔ مقررین نے مزید کہا کہ نیویارک میں ہونیوالا مظاہرہ اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کاحق غصب کرنے والی حکومت کیخلاف عدم اعتماد کا اظہار تھا
امجد نواز ، منیر کھٹانہ ، سجاد برکی ،خورشید بھلی و دیگر قائدین کا کہنا کہ ایک طرف اوورسیز پاکستانی ووٹ کاحق چھینے جانے پر، میڈیا پر بے جا پابندیوں، صحافیوں پر ظلم ،مہنگائی ،بے روز گاری، کسٹوڈیل ٹارچر اور کرپٹ رجیم کے ملک پر ناجائز طریقے سے قبضے پر سیخ پا اور برھم میں ہیں اور دوسری طرف اپنے محبوب لیڈر عمران خان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے کے جذبے سے سرشار ہیں۔ہم نیویارک میں تاریخی اور عظیم الشان مظاہرے پر سب ساتھیوں کا شکرئیہ ادا کرتے ہیں اور مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نیویارک میں 23 ستمبر کا مظاہرہ ایک تاریخ ساز اجتماع تھاجس میں نارتھ امریکہ میں بسنے والی پاکستانی امریکن کمیونٹی نے اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی بھی کیا اور آر ایس ایس کے کارندے مودی کا ظالم چہرے بے نقاب کیا۔
احتجاجی مظاہرے میں پاکستان تحریک انصاف کے قائدین اور ارکان نے یک زبان اور یک جا ہو کر پاکستان کے متاثرین سیلاب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ عمران خان کی قیادت میں انکی مدد کے لئے
اپنا کردار مسلسل ادا کرتے رہیں گے ۔پی ٹی آئی نیویارک ، اس سلسلے میں پہلے ہی کروڑوں کی امداد کا اعلان کر چکی ہے ۔