تحریک انصاف کا ٹائمز سکوائر نیویارک پر احتجاجی مظاہرہ
تحریک انصاف کے مظاہرے میں عمران خان پر حملے ، ارشد شریف کی شہادت اور اعظم سواتی کی نازیبا ویڈیو ریلیز کے خلاف احتجاج ، نیوٹرل منظور کے نعرے
نیویارک (خصوصی رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام نیویارک کے مصروف ترین علاقے ٹائمز سکوائر پر چیئرمین عمران خان پر قاتلانہ حملے ، ارشد شریف کی شہادت اور سینیٹر اعظم سواتی کی نازیبا ویڈیو ریلیز کرنے جیسے اقدامات کے خلاف بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ مظاہرے کی قیادت پی ٹی آئی نیویارک کے صدر امجد نوازسمیت پارٹی قائدین مرزا خاور بیگ، چوہدری ضمیر احمد، خورشید بھلی، زمان آفریدی ، ثمینہ حیدر اور وسیم سید سمیت دیگر نے کی ۔ احتجاجی مظاہرے میں تحریک انصا ف (پی ٹی آئی ) نیویارک اور امریکہ کے قائدین ، عہدیداران منیر کھٹانہ ، وقار خان، سید حیدر،ضیاءالرحمان،،قاری زبیر، ،اکرم اعوان، راجہ اشتیاق، چوہدری عبدالقیوم،حسام شکیل ، ظہیر عباس، وحید بٹ ،ذیشان خالد، بصیر اختر،راجہ ندیم حسن خان،وسیم قریشی ،خالد خٹک، شیخ توقیر الحق،مقصود احمد، ماریہ خان، قیصر بھٹہ،
فوزیہ چغتائی، امینہ شاہ ،زہراءہاشمی ،رضا دستگیرسمیت پارٹی کارکنان اور کمیونٹی ارکان نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھائے تھے۔ جنپر عمران خان پر قاتلانہ حملے کی بھرپور مذمت کی گئی تھی اور حملہ آوروں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا۔ معروف صحافی و اینکر پرسن ارشد شریف شہیدکے قتل کی بھی مذمت کی اور حکومت اور اداروں پر تنقید کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ ان واقعات میںملوث افراد کو بے نقاب کیا جائے اور کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔
امجد نواز کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم یہاں دنیا کو یہ بتانے آئے ہیں کہ ہم امریکہ جیسے معاشرے میں رہ رہے ہیں جو ایک پرامن معاشرہ ہے جہاں قانون کی حکمرانی ہے۔ سچ بولنے کی آزادی ہے۔ عمران خان تو ایک ایسے ملک میں جدوجہد کر رہے ہیں جہاں کرپشن کا راج ہے، مافیاز کی حکمرانی ہے، وہاں نہ انصاف ہے نہ سچ بولنے کی آزادی، عمران خان پاکستانی عوام کو انصاف اور امن دلانے کیلئے اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں ایک ملین سے زائد پاکستانی بستے ہیں ہم ان کی نمائندگی کیلئے اکٹھے ہوئے ہیں۔ پاکستان لہو لہو ہے۔ پاکستان رو رہا ہے۔ عمران خان ان کروڑوں عوام کے لئے کوششیں کر رہا ہے۔
پی ٹی آئی نیویارک کے رہنما مرزا خاور بیگ نے کہا کہ ساری دنیا جانتی ہے کہ موجودہ حکومت کی کوئی قابلیت نہیں۔ پاکستان یا پاکستان سے باہر کوئی بھی پاکستانی امپورٹڈ حکومت کو قبول کرنے کو تیار نہیں ہے۔ ہم اور ہمارے لیڈر کا یہی مطالبہ ہے کہ جلد از جلد نئے انتخابات کرائے جائیں۔ میڈیا ، عوام اور سیاسی مخالفین پر جو ظلم و ستم ہو رہا ہے اسے بند کیا جائے۔
نوجوان قائد ضمیر چودھری جو نوجوان لیڈ شپ کی قیادت کر رہے تھے۔ ان کی ٹیم کی جانب سے اتنی بڑی ریلی کا اہتمام کیا گیا تھا وہ تمام وقت شرکاءکو جوش دلاتے رہے ہیں اور عمران خان کے حق میں نعرے لگواتے رہے۔
خورشید احمد بھلی ، زمان آفریدی ، ثمینہ حیدر نے بھی عمران خان کے حق میں نعرے لگوائے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملکی مسائل کا سب سے بڑا حل صاف و شفاف انتخابات ہیں، ہم اپنے لیڈر عمران خان پر حملہ کی پرزور مذمت کرتے ہوئے اور ان کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہیں۔ مظاہرے سے طاہرہ دین، ظفر چیمہ،وحید بٹ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
پی ٹی آئی یو ایس اے کے صدر منیر احمد کٹھانہ نے کہا کہ ہمارے قائد پر حملہ کے چار دن گزرنے کے بعد (6نومبر تک) بھی ایف آئی آر درج نہ ہو سکی۔ انہوں نے کہا کہ جہاں قومیں آزاد ہوتی ہیں وہاں ایف آئی آر درج کرانا مسئلہ نہیں ہوتا۔ ہمارے عظیم صحافی ارشد شریف کو قتل کیا گیا اس معاملے میں ابھی تک پیشرفت نہ ہو سکی۔ صحافیوں پر ظلم ہو رہا ہے، ان کی بھی شنوائی نہیں ہو رہی۔ ہمارے رہنما اعظم سواتی کے خلاف جو کچھ کہا گیا وہ شرمناک ہے اور کسی بھی مہذب معاشرے کیلئے انتہائی افسوسناک اور بے حسی کی بات ہے۔
احتجاجی ریلی کا سب سے مقبول عام نعرہ ”نیوٹرل نا منظور “ تھا ۔دیگر نعروں میں ” کون بچائے گا پاکستان، عمران خان عمران خان“ ، ”عمران تیرے جانثار بے شمار بے شمار“، ” پاکستان زندہ باد“ اور اس طرح کے فلگ شگاف نعرے تمام وقت گونجتے رہے۔
اگرچہ مقرین نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی پاک فوج کا بطور ادارہ احترام کرتی ہے ، مگر ایسٹبلشمنٹ کے چند من مرضی کرنے والے حکام قانون اور آئین سے بالا تر نہیں ہو سکتے ۔
احتجاجی ریلی کے دوران مین ٹائمز سکوائر آنے والے ہزاروں کی تعداد میں سیاح اور مختلف رنگ ونسل اور قومیتوں کے امریکنز نے بھی بڑی دلچسپی لی اور وہ ریلی کی سیلفیاں، ویڈیو اور لائیوبھی کرتے رہے۔
PTI New York Times Square Demonstration