پاکستان کا آئندہ وزیر اعظم عمران خان ہے ، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا نیویارک میں تحریک انصاف ورکرز کنونشن سے خطاب
کنونشن کے انعقاد میں پاکستان تحریک انصاف نیویارک کے مرزا خاور بیگ اور خورشید احمد بھلی نے اہم کردار ادا کیا ، ملک امتیاز، پرویز ریاض سمیت پارٹی عہدیداران اور ارکان کی شرکت
ہمیں فخر ہے کہ ہم ایسے قائد عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں کہ جو پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے ۔ ملک امتیاز علی ، اوورسیز پاکستانی تحریک انصاف کی کامیابی میں اپنا ہر ممکن حصہ ڈالیں گے،پرویز ریاض
پاکستان اور کرپشن ایک ساتھ نہیں چل سکتے ۔اسی طرح عمران خان اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں ۔خاور بیگ، الیکشن میں انشاءاللہ سیالکوٹ سمیت ملک بھر میں تحریک انصاف سویپ کرے گی،خورشید بھلی
ورکرز کنونشن سے افض گلبہار، شاہد رضا رانجھا، شکیل احمدبھلی کا ھی خطاب ، مقصود گوندل ،وحید سلطان سمیت دیگر کی شرکت، محمد عمران اقبال نے نظامت کے فرائض انجام دئیےکنونشن میں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے ممبئی حملوں سے متعلق متنازعہ انٹرویو کے خلاف قرار داد مذمت منظور ،نواز شریف نے اپنی سیاست میں آخری کیل خود ٹھونک دیا ہے ، فردوس اعوان
نیویارک (خصوصی رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما و سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس اعوان نے کہا ہے کہ ممبئی حملوں سے متعلق میاں نواز شریف کا بیان ملک دشمنی اور غداری کے زمرے میں آتا ہے ۔یہ بیان دے کر سابق وزیر اعظم نے اپنے سیاسی مستقبل کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک انصاف نیویارک کے زیر اہتمام ایک بڑے ورکرز کنونشن سے خطاب کے دوران کیا ۔اس کنونشن میں میاں نواز شریف کے متنازعہ انٹرویو کے خلاف متفقہ مذمتی قرار داد بھی منظور کی گئی اور مطالبہ کیا گیا کہ ان کے خلاف غداری کا مقدمہ چلایا جائے ۔
ورکرز کنونشن کے انعقاد میں تحریک انصاف نیویارک کے جنرل سیکرٹری مرزا خاور بیگ اور خورشید احمد بھلی نے اہم کردار ادا کیا جن کا تعلق سیالکوٹ سے ہے اور وہاں دونوں کے چھوٹے بھائی یونین کونسل ناظم مرزا دلاور بیگ اور سعید احمد بھلی تحریک انصاف کے سرگرم قائدین میں شمار ہوتے ہیں ۔کنونشن میں تحریک انصاف یو ایس اے کے چیف آرگنائزر ملک امتیاز علی ، چیف آرگنائزر نیویارک پرویز ریاض امراءکے علاوہ کمیونٹی کی مقامی اہم شخصیات و تحریک انصاف کے سپورٹرز شاہد رضا رانجھا،وحید سلطان، چوہدری افضل گلبہار ،شکیل احمد بھلی،مقصود احمد گوندل سمیت دیگر عہدیداران اور کمیونٹی کی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات اور ارکان نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ ورکرز کنونشن میں نظامت کے فرائض تحریک انصاف نیوجرسی کے رہنما محمد عمران اقبال نے ادا کئے ۔
ڈاکٹر فردوس اعوان نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستان کے آئندہ وزیر اعظم عمران خان ہیں ۔پاکستان سے چور اور لٹیرے سیاستدانوں کا دور ہمیشہ کے لئے ختم ہونیوالا ہے ۔پوری قوم جس شخص کو ملک و قوم کے لئے مسیحا اور پاکستان کے ساتھ لازم و ملزوم شخصیت مان رہی ہے ، اس شخص کا نام عمران خان ہے ۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ممبئی حملوں سے متعلق بیان دے کر پاکستان کو کمزور کرنے کی ناکام سازش کی ہے ۔ ان کی سیاست پاکستان سے ہمیشہ ہمیشہ کے لئے ختم ہو گئی ہے اور آئندہ الیکشن میں ہم ان کی سیاسی جماعت مسلم لیگ (ن) کو بھی ہمیشہ ہمیشہ کےلئے سیاسی انجام تک پہنچا دیںگے ۔
تحریک انصاف امریکہ کے چیف آرگنائزر ملک امتیاز علی نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہم ایسے قائد عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں کہ جو پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے ۔وہ صرف پاکستان کے ساتھ ہی نہیں کھڑا بلکہ نواز شریف سمیت پاکستان مخالف ہر قوت کے سامنے بھی سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑا ہے ۔اوورسیز میں بسنے والے پاکستانی الیکشن میں تحریک انصاف کی کامیابی کو تاریخی بنانے کے لئے اپنا ہر ممکن حصہ ڈالیں گے ۔
تحریک انصاف نیویارک کے چیف آرگنائزر پرویز ریاض امراءنے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت اب تحریک انصاف اور عمران خان کو برسر اقتدار آنے سے نہیں روک سکتی ۔امریکہ میں ایسٹ سے لیکر ویسٹ کوسٹ تک بسنے والا ہر جمہوریت پسند اور محب وطن پاکستانی عمران خان کاسپورٹراور ووٹر ہے ۔ڈاکٹر فردوس اعوان ہمارا یہ پیغام لیکر پاکستان جائیں کہ آئندہ الیکشن میں اوورسیز پاکستانی تحریک انصاف کی کامیابی میں اپنا ہر ممکن حصہ ڈالیں گے اور انشاءاللہ عمران خان کی قیادت میں نیا ، خوشحال ، ترقی یافتہ اور کرپشن سے پاک پاکستان بنانے میں ان کی جدوجہد میں شانہ بشانہ چلتے رہیں گے ۔
پاکستان تحریک انصاف نیویارک کے جنرل سیکرٹری مرزا خاور بیگ نے کہا کہ ڈاکٹر فردوس اعوان اہالیان سیالکوٹ کے ہر دکھ سکھ میں شریک ہونیوالی اور سیالکوٹ کے عوام کی ہر دلعزیز رہنما ہیں ۔نیویارک میں بسنے والے اوورسیز پاکستانی بالخصوص سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے دوست احباب اور سپورٹرز انہیں یقین دلاتے ہیں کہ ہم یہ ثابت کرنے کے لئے سیالکوٹ تحریک انصاف کا قلعہ ہے ،اپنا ہر ممکن کردار ادا کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کرپشن ایک ساتھ نہیں چل سکتے ۔اسی طرح عمران خان اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں ۔عمران خان ہی وہ واحدلیڈر ہیں کہ جن کی لوٹ مار اور کرپشن کے خلاف جراتمندانہ جدوجہد کی وجہ سے پاکستان سے نواز شریف جیسے کرپٹ لیڈروں کا سیاسی جنازہ نکل رہا ہے اور پاکستانی عوام کو ایک اب یقین ہوگیا ہے کہ انشاءاللہ وطن عزیز میں وہ دور آئیگا کہ جس میں انصاف کا راج ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ نیویارک کے تاریخی ورکرز کنونشن نے ثابت کردیا ہے کہ پاکستان کی طرح اوورسیز میں بسنے والے جمہوری پسند عوام بھی صرف اور صرف عمران خان کے حامی و سپورٹرز ہیں ۔
تحریک انصاف نیویارک کے مقامی رہنما خورشید احمد بھلی نے کہا کہ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نیویارک سے چئیرمین عمران خان کے لئے یہ پیغام لیکر جائیں کہ پاکستانی عوام کی طرح اوورسیز پاکستانیوں کے دلوں کی دھڑکن بھی عمران خان تھے ، ہیں اور ہمیشہ رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں انشاءاللہ سیالکوٹ سمیت ملک بھر میں تحریک انصاف سویپ کرے گی اور دنیا کی کوئی طاقت عمران خان کو وزیر اعظم بننے سے نہیں روک سکتی ۔انہوں نے ڈاکٹر فردوس اعوان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ کی سیاست میں سرگرم ہونے سے پہلے ان کا حلقہ جس میں ہم بھی رہتے ہیں ، سیاسی طور پر ایک یتیم حلقہ سمجھا جاتا ہے ، وہاں جو نمائندے آتے تھے ، انہوں نے عوام کا کوئی کام نہیں کیا۔ڈاکٹر فردوس اعوان نے خدمت کی سیاست شروع کی ، یہی وجہ ہے کہ آج عمران خان کے نئے پاکستان کا ہر سپورٹرز ان کے ساتھ کھڑا ہے اور انہیں پارٹی میں دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہا ۔
تقریب سے شاہد رضا رانجھا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف عوامی امنگوں کی ترجمان جماعت ہے ۔ اس جماعت میں عمران خان کی طرح ہر ایک سپورٹرکو بے لوث اور ملک و قوم کی خدمت کے جذبے سے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تبھی جا کر نئے پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔
چوہدری افضل گلبہار نے کہا کہ پاکستان کے عوام ایک عرصے سے تبدیلی چاہتے تھے لیکن ان کو کوئی لیڈر نہیں مل رہا تھا ۔ اب قوم کو عمران خان کی شکل میں ایک ایسا لیڈر مل گیا ہے کہ جس کی قیادت میں اب پاکستان میں تبدیلی کو کوئی نہیں روک سکتا ۔
شکیل احمد بھلی نے کہا کہ عمران خان ایک لیڈر نہیں بلکہ وہ ضرورت ہے کہ جوملک و قوم کو بحرانوں سے نکال کر تعمیر و ترقی کے ایک نئے دور میں داخل کرے گا۔ انکا ساتھ دینا ہر محب وطن پاکستانی پر لازم ہے ۔سلیم احمد ملک نے کہا کہ اوورسیز میں بسنے والے پاکستانی عمران خان کوپیشگی مبارکباد دیتے ہیں کہ وہ پاکستان کے آئندہ وزیر اعظم ہیں ۔
تقریب میں مقامی شاعر اعجاز احمد نے ماں کے دن کے موقع پر اپنی نظم پڑھی جسے حاضرین نے خوب سراہا۔ تحریک انصاف نیوجرسی کے رہنما محمد عمران اقبال نے کہا کہ الحمد اللہ وہ دن اب دور نہیں کہ جب پاکستان میں تحریک انصاف کے سنہری دور کا آغاز ہوگا ۔اس دور کو یقینی بنانے کے لئے پارٹی ساتھیوں کو آئندہ الیکشن میں انتھک کام کرنا ہوگا۔