کمشنر راولپنڈی کے انکشافات کے بعد الیکشن میں دھاندلی کے واضح ثبوت سامنے آگئے ہیں ۔،فارم 45کے تحت الیکشن نتائج کو از سر نو مرتب کیا جائے اورعمران خان کی فتح کا اعلان کیا جائے
جب تک الیکشن میں دھاندلی کے خلاف کاروائی اور مینڈیٹ حقیقی حقداروں کے حوالے نہیں کر دیا جاتا، اس وقت تک ، ہم امریکہ میں ہر فورم پر اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے، مظاہرین کا خطاب
نیویارک کے مصروف ترین علاقے ٹائمز سکوائر پر ہونیوالے احتجاجی مظاہرے کے انعقاد میں امجد نواز، خورشید بھلی، ظفر چیمہ ، نوید وڑائچ، سیف چوہدری ، امتیاز حسین سمیت دیگر کا کر دار اور خطابات
نیویارک (اردو نیوز ) پاکستان تحریک انصاف نیویارک(پی ٹی آئی ) کے زیر اہتمام اتوار 18فروری کو نیویارک کے مصروف ترین علاقے ٹائمز سکوائر پر ایک ہفتے کے اندردوسرا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ پاکستان کے الیکشن میں ہونیوالی مبینہ دھاندلی کے خلاف ہونیوالے مظاہرے کے انعقاد میں پاکستان تحریک انصاف کے ، امجد نواز،خورشید احمد بھلی سمیت ان کے ساتھیوں نے کردار ادا کیا۔ مظاہرے میں چوہدری نوید وڑائچ، امتیاز حسین ، ظفر چیمہ ،سیف چوہدری، اکرم اعوان، راجہ اشتیاق سمیت پی ٹی آئی نیویارک،نیوجرسی اور یو ایس اے کے عہدیداران اور ارکان شریک ہوئے ۔کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کی جانب سے الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے خلاف تہلکہ خیز انکشافات کے بعد پاکستان سمیت دنیا بھر میں احتجاجی مظاہروں کی کال ، پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت کی جانب سے دی گئی تھی ۔
ٹائمز سکوائر جو کہ نیویارک کا مصروف ترین علاقہ ہے، پر ہونیوالے مظاہرے میں پی ٹی آئی کے سپورٹرز اور ارکان جمع ہوئے ، انہوں نے اپنے ہاتھوں میں پارٹی اور عمران خان کے جھنڈوں کے علاوہ بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے بارے میں نعرے درج تھے ۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے امجد نواز، خورشید بھلی ، نوید وڑائچ، ظفر چیمہ، اکرم اعوان، راجہ اشتیاق، سیف چوہدری ، طاہرہ دین سمیت دیگر کا کہنا تھا کہ کمشنر راولپنڈی کے انکشافات کے بعد الیکشن میں دھاندلی کے واضح ثبوت سامنے آگئے ہیں ۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ فارم 45کے تحت الیکشن نتائج کو از سر نو مرتب کیا جائے اور عوام کی جانب سے عمران خان کو دئیے جانیوالی مینڈیٹ کا اعلان کیا جائے ۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ پاکستان میں حکومت بنانے کا حق ، پی ٹی آئی کو حاصل ہے ، لہٰذا پی ٹی آئی کو ہی حکومت بنانے دی جائے اور الیکشن میں دھاندلی کرنیوالے عناصر کو قرار واقعی سزا دی جائے ۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی نیویارک ، یو ایس اے کے عہدیداران کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی تحریک انصاف کے مینڈیٹ کو چرانے کی اجاز ت نہیں دی جائے گی ۔انہوں نے مزید کہا کہجب تک الیکشن میں دھاندلی کے خلاف کاروائی اور مینڈیٹ حقیقی حقداروں کے حوالے نہیں کر دیا جاتا، اس وقت تک ، ہم امریکہ میں ہر فورم پر اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے ۔
PTI Organizes Second Protest at Times Square, New York, Denouncing Alleged Election Rigging in 2024