پیپلزپارٹی نیویارک کے رہنما ملک مشتاق کا ہارٹ اٹیک سے انتقال
نیویارک میں کرونا وائرس کی موجود ہ صورتحال کے باوجود مسلسل کام کررہے تھے، ہفتے کی دوپہر کام سے گھر آئے ، رات دس بجے گھر والو ں نے اٹھایا تو انتقال کر چکے تھے
نیویارک (اردونیوز ) پاکستان پیپلز پارٹی نیویارک کے رہنما ملک مشتاق ہفتے کی رات یہاں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے ۔ان کی عمر65سال تھی ۔ وہ لیمو زین گاڑی چلاتے تھے اور کرونا وبا کی موجودہ صورتحال کے باوجود کام کررہے تھے ۔ ہفتے کی صبح معمول کے مطابق کام پر گئے لیکن پانچ گھنٹے کے بعد گھر واپس آکر کچھ دیر کے بعد سو گئے۔ ان کی اہلیہ نے معمول کے مطابق ہفتے کی رات دس ساڑھے دس بجے کے قریب انہیں اٹھایا لیکن وہ نہیں اٹھے اور ان کا جسم سرد تھا۔جس کے بعد ان کی اہلیہ نے ایمبولنس کو کال کی اور میڈیکل حکام نے بتایا کہ ملک مشتاق کا دو گھنٹے قبل نیند کے دوران ہارٹ اٹیک کی وجہ سے انتقال ہو گیا ہے ۔
ملک مشتاق کا شمار پاکستان پیپلز پارٹی کے نظریاتی کارکنوں میں ہوتا تھا ۔وہ عمر بھر محنت اور مزدوری کرکے امریکہ میں اپنے اہل خانہ کا پیٹ پالتے تھے ۔ انہوں نے نیویارک میں کرونا وائرس کی موجودہ صورتحال میں بھی اپنا کام جاری رکھا اور ہفتہ 28مارچ کو جس روز ان کا انتقال ہوا، اس دن بھی کام کرکے آئے ۔
پاکستان پیپلز پارٹی یو ایس ا ے کے چوہدری اعجاز فرخ، سرورچوہدری ، مدثرچوہدری ، میاں بشارت ، شفقت تنویر،شوکت بھٹہ ، خالد اعوان، فراست چوہدری ، ظفر چٹھہ ، مجیب حسن ،حبیب میمن ،طاہر حبیب سلیمی ،نسیم گلتی ،فریدہ خان ،حفیظ کاہلوں ، سیمی اسد، راجہ اسد، سلمان بٹ، ارشد چوہدری ،بابر اعظم، خرم شہزاد سمیت ساتھیوں نے ملک مشتاق کی موت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے اور دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ سے اعلیٰ مقام نصیب فرمائیں ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک عظیم جمہوریت پسند ساتھی سے محرو م ہو گئی ہے جنہوں نے عمر بھر جمہوریت کی بے لوث خدمت کی۔
PPP New York’s leader Malik Mushtaq passes away. He was 63 and died of heart attack.
Urdu News USA