نیویارک کے ٹائمز سکوائر پر مریم نواز کے حق میں مظاہرہ
مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ امریکہ کی جانب سے کئے جانیوالے مظاہرے میں لیگی ارکان نے مریم نواز کے خلاف کی جانیوالی کاروائیوں کو انتقامی قرار دیتے ہوئے فوری بند کرنے کا مطالبہ کیا
نیویارک (خصوصی رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما و سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کے حق میں نیویارک کے مصروف ترین علاقے ٹائمز سکوائر پر احتجاجی مظاہرہ ہوا۔پاکستان مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ یو ایس اے کے زیر اہتمام ہونیوالے احتجاجی مظاہرے میں مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میںپلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر مریم نواز کے حق میں اور ان کے خلاف پاکستان میں ہونیوالی کاروائیوں کے خلاف نعرے درج تھے ۔ مظاہرے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری رانا سعید سمیت دیگر لیگی ارکان نے بھی شرکت کی ۔
ملک خرم ، میاں روف ، راجہ رزاق ، محمد تاج خان سمیت دیگر کی قیادت میں ایک گھنٹے تک جاری رہنے والے مظاہرے میں شرکاءتمام وقت نعرہ بازی کرتے رہے اور ان کا کہناتھا کہ نیب لاہور کے آفس کے سامنے مریم نواز کی گاڑی پر حملے کی ابھی تک ایف آئی آر نہیں کاٹی گئی۔ مظاہرین نے کہا کہ حکومت نیب اور پولیس کو آلہ کار کے طور پر استعمال کرکے مریم نوا ز سمیت شریف فیملی کو انتقامی کاروائیوں کا نشانہ بنا رہی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم انتقامی کاروائیوں کے خلاف آواز بلند کرنے کے لئے نیویارک میں احتجاج کررہے ہیں ۔مظاہرے کے آخر میں اعلان کیا گیا کہ اگر مریم نواز سمیت شریف فیملی کے خلاف حکومت نے کاروائیوں جاری رکھیں تو نیویارک سمیت امریکہ بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
ملک خرم نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ محترمہ مریم نواز پر قاتلانہ حملہ کیا گیا،ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور انصاف کا مطالبہ کرتے ہیں ۔میاںمحمد رو¿ف نے کہا کہ اایک تو محترمہ مریم نواز پر قاتلانہ حملہ کیا گیا اور الٹا انہیں انصاف فراہم کرنے کی بجائے کاروائی بھی لیگی ساتھیوں کے خلاف کی جا رہی ہے۔ حکومت اوچھے ہتھکنڈوں سے باز آجائے ۔
محمد تاج خان نے کہا کہ مریم نواز پر لاہور میں ایک قسم کا قاتلانہ حملہ کیا گیا۔ ہم سلیکٹڈ حکومت سے کہیں گے کہ ملک میں ظلم و ستم بند کریں، پاکستان کو ترقی کرنے دیں ، دو سالوں میں اس حکومت نے پاکستان کو تباہ و برباد کردیا ہے۔ پاکستان میں دوبارہ الیکشن کروائیں اور جائز حکومت کو موقع دیں ۔
راجہ رزاق نے کہا کہ مریم نواز پر نیب کے آفس کے سامنے نیب گردی اور پولیس گردی کا مظاہرہ کیا ۔ محترمہ مریم نواز کو نیب کے آفس بلوایا گیا اور ان پر قاتلانہ حملہ کیا گیا۔ ایک سے زائد ماہ ہو گیا ہے اور ابھی تک پرچہ درج نہیں کیا جا سکا۔ اس واقعہ کی اعلیٰ سطح پر انکوائری کرکے اس میں ملوث عناصر کو بے نقاب کیا جائے ۔
فریڈم فورم کے رہنما ڈاکٹر شفیق نے کہا کہ مریم نواز پر حملہ ایک سوچا سمجھا حملہ تھا ۔ اس حملے کو پوری دنیا نے ٹی وی پر دیکھا ۔پولیس والے انصاف فراہم کرنے کی بجائے حکومت کے مخالفین کے خلاف پارٹی بن گئے ہیں ۔ عمران خان کو مستعفی ہو جا نا چاہئیے ۔
طاہر سندھو نے کہا کہ ہم حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس واقعہ میں ملوث عناصر کے خلاف ایف آئی آر کاٹی جائے اور ملزمان کو کیفرد کردار تک پہنچایا جائے ۔
عرفان الحسن نے مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز صاحبہ کےخلاف یک طرفہ کاروائیاں جاری ہیں ۔ ہم ان کاروائیوں کی مذمت کرتے ہیں ۔ ہم ان مظاہروں کے سلسلے کو جاری رکھیں گے جب تک کہ پاکستان میں مسلم لیگ (ن) کے خلاف انتقامی کاروائیاں بند نہیں ہو جا تیں ۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے دیگر یوتھ ونگ کے ارکان نے کہا کہ ہم پاکستان میں جاری سیاسی انتقامی کارائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ۔ کیا نیب نیازی گٹھ جوڑ صرف اور صرف مسلم لیگ (ن ) کو انتقامی کاروائیوں کا نشانہ بنا رہے ہیں ۔
PML(N) Youth Wing USA stages demonstration in favor or Maryan Nawaz at Times Square New York