”گو نیازی گو“ وائٹ ہاوس کے سامنے مسلم لیگ (ن) کا احتجاجی مظاہرہ
مظاہرہ وزیر اعظم عمران خان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے موقع پر وائٹ ہاوس کے سامنے کیا گیا ،ن لیگ کے علاوہ اپوزیشن کی دیگر جماعتوں کے ارکان کی بھی شرکت
مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر میاں نواز شریف، میاں شہباز شریف سمیت پارٹی کے حق میں اور عمران خان کے خلاف نعرے درج تھے
نیویارک (اردو نیوز ) پاکستان مسلم لیگ (ن) یو ایس اے کے زیر اہتمام وزیر اعظم عمران خان کی امریکہ آمد اور امریکی صدر وائٹ ہاوس میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے موقع پر ان کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ وائٹ ہاو¿س کے سامنے ہونیوالے اس احتجاجی مظاہرے میں روحیل ڈار، میاں فیاض، رانا سعید، احمد جان ، دانش ملک ،راجہ رزاق، ناصر بٹ ،یاسین بھٹی ، عزیز بٹ ، ملک خرم ،میاں روف، بابر بٹ ، شہزاد چوہدری ، حاجی منشاءکھوکھر، عمران بٹ ، راجہ روف،تاج خان،محمد سلیم اور غلام حسین سمیت دیگر لیگی ارکان شامل تھے ۔ احتجاجی مظاہرہ صبح دس بجے سے شروع ہو کر دوپہر ایک بجے تک جاری رہا ۔مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر میاں نواز شریف، میاں شہباز شریف سمیت پارٹی کے حق میں اور عمران خان کے خلاف نعرے درج تھے۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے لیگی قائدین نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کے نام پر ایک بدترین او فاشسٹ حکومت عمران خان کی قیاد ت میں برسر اقتدار ہے جو کہ سیاسی مخالفین کو سیاسی و ریاستی انتقامی کاروائیوں کا نشانہ بنا رہی ہے ۔میاں نواز شریف کو دفاع پاکستان کو نا قابل تسخیر بنانے اور معیشت کو پاو¿ں پر کھڑا کرنے اور ملک و قوم کی ترقی کو یقینی بنانے کی سزا دی جا رہی ہے ۔میڈیا پر پابندی ہے اور حکمران اپنے اقتدار کو طول دینے کےلئے ہر ہتھکنڈہ استعمال کررہے ہیں ۔ مظاہرین نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ظلم کی یہ سیاہ رات جلد ختم ہو جائے گی اور ایک روشن صبح طلوع ہو گی ۔ انشاءاللہ پاکستان میں حقیقی جمہوریت بحالی ہو گی اور نیازی خان اور اس کے آلہ کار اپنے انجام کو پہنچیں گے ۔
احتجاجی مظاہرے کے دوران شرکاءگو نیازی گو، ختم ہو گیا تیرا کھیل نیازی ، نواز شریف زندہ آباد سمیت مختلف نعرے بلند کرتے رہے ۔ مظاہرے میں لیگی قائدین کے اہل خانہ بھی شریک ہوئے۔ انہوں نے مریم نواز سمیت شریف فیملی کی خواتین سے کہا کہ ان پر ہونیوالے مظالم کے خلاف امریکہ بھر میںہر فورم پر آواز بلند کی جاتی رہے گی ۔