وزیر اعظم عمران خان کے دورہ جنرل اسمبلی کے بعد کشمیر کی جدوجہد مزید جان پکڑ لے گی ، نعیم الحق
پاکستانی امریکن کمیونٹی ارکان سے کہا کہ وہ امریکی رائے عامہ کو بتائیں کہ کشمیر کا مسلہ شدت اختیار کرگیا گیا کہ یہ پوری دنیا کے لئے خطرہ بن گیا ہے
نیویارک (سپیشل رپورٹر سے ) وزیر اعظم عمران خان کے دورہ جنرل اسمبلی کے بعد اور 27ستمبر کو نریندر مودی کے جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران اقوام متحدہ کے سامنے ہونے والے تاریخی احتجاجی مظاہرے کے بعد ہماری جدوجہد ختم نہیں ہو گی بلکہ ایسی جان پکڑے گی کہ بہت جلد کشمیریوں کی آزادی پر منتج ہو گی ۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے نیویارک میں امجد نواز اور ساتھیوں سمیت کمیونٹی کی معروف سیاسی شخصیات کے زیر اہتمام پاکستانی امریکن کمیونٹی کی آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا ۔
نعیم الحق نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان دورہ اقوام متحدہ کے دوران اقوام عالم کے سامنے مسلہ کشمیر کی موجودہ سنگین صورتحال ہی نہیں بلکہ ایسا روڈ میپ بھی رکھیں گے کہ جو مسلہ کو اس کے حل کی جانب لے کر جائے ۔
نعیم الحق نے پاکستانی امریکن کمیونٹی ارکان سے کہا کہ وہ امریکی رائے عامہ کو بتائیں کہ کشمیر کا مسلہ شدت اختیار کرگیا گیا کہ یہ پوری دنیا کے لئے خطرہ بن گیا ہے ۔ اگر یہ مسلہ حل نہ ہوا تو یہ مسلہ ایسی جنگ کا شکار ہو سکتا ہے کہ جو پوری دنیا کےلئے خطرہ بن سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی نے اپنی ہندوتا سوچ کی وجہ سے دنیا کے امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے ۔