اوورسیز پاکستانیز

امریکہ سے 280مسافر اور ایک میت لیکر پی آئی اے کی سپیشل پرواز پاکستان روانہ

پاکستانی قونصل جنرل عائشہ علی اور وائس قونصل جنرل نعیم چیمہ سمیت قونصلیٹ حکام نے نیوآرک ائیرپورٹ پر مسافروں اور پی آئی اے کی سپیشل پرواز کی روانگی کے انتظامات کو یقینی بنایا

نیوجرسی (سپیشل رپورٹر سے ) نیویارک میں کرفیو کے نفاذ سے چند گھنٹے پہلے پی آئی اے کی پانچویں خصوصی پرواز تقریباً280پاکستانیوں کو لے کر امریکی ریاست نیوجرسی کے نیوآرک ائیرپورٹ سے پاکستان روانہ ہو گئی۔ اسی پرواز میں امریکہ کے دورے پر آئے ایک جواں سال پی ایچ ڈی سکالر آصف محمود کی میت بھی روانہ کی گئی جو کہ ہیوسٹن میں پیش آنیوالے ایک واقعہ میں مبینہ طور پر ڈوب کر جاں بحق ہو گئے ۔
پاکستانی قونصل جنرل عائشہ علی اور وائس قونصل جنرل نعیم چیمہ سمیت قونصلیٹ حکام نے نیوآرک ائیرپورٹ پر مسافروں اور پی آئی اے کی سپیشل پرواز کی روانگی کے انتظامات کو یقینی بنایا ۔قونصل جنرل عائشہ علی نے بات کرتے ہوئے بتایا کہ نیوجرسی سے روانہ ہونیوالی پی آئی اے کی تیسری خصوصی پرواز سے مزید پاکستانی وطن واپس ہونے میں روانہ ہو گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ امریکہ میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد ان پروازوں کی وجہ سے پاکستان واپس جانے میں کامیاب ہو گئے ہیں اور ہم خوش ہیں کہ الحمد للہ ایک بڑی تعداد پاکستان روانہ ہو گئے ہیں ۔
پاکستان روانہ ہونے والے مسافروںنے وطن واپسی پر ملے جلے خیالات کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہا کہ وہ خوش ہیں کہ وہ وطن واپس جا رہے ہیں تاہم بعض مسافروں نے شکایت کی کہ پی آئی اے نے انہیں ٹکٹ مہنگے داموں پر فروخت کیں ۔
امریکہ میں پھنسے ہوئے پاکستانیوںمیں سے بیشتر ان خصوصی پروازوں سے وطن واپس جا چکے ہیں تاہم پی آئی اے کے پاس امریکہ کے لئے مزید چھ خصوصی پروازیں چلانے کی اجازت موجود ہے جن کا شیڈول حسب ضرورت مرتب کیا جائے گا۔

 

Related Articles

Back to top button