" "
پاکستاناوورسیز پاکستانیز

سانحہ پشاور ، پاکستانی امریکن کمیونٹی سوگوار

Pakistani American community in mourning after Peshawar Police-lines mosque bombing

پاکستانی امریکن کمیونٹی کی جانب سے سانحہ پشاور کے شہداءکے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی جا رہی ہے، اور سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں،کمیونٹی قائدین

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے پشاور مسجدمیں دہشت گردوں کے خود کش حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس انتہائی گھناﺅنے اوربزدلانہ جرم کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے

نیویارک (محسن ظہیر سے ) امریکہ میں بسنے والی پاکستانی امریکن کمیونٹی نے پولیس لائینز پشاور کی مسجد میں ہونیوالے خود کش حملے جس میں ایک سو سے زائد نمازی شہید ہوئے اور بڑی تعداد میں زخی ہوئے ، پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ اس بہیمانہ سانحہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ پاکستانی امریکن کمیونٹی قائدین اور کمیونٹی کی نمائندہ تنظیموں کی جانب سے سانحہ پشاور کے شہداءکے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی جا رہی ہے اور سوگوار خاندانوں کے نام پیغام میں کہا گیا ہے کہ اوورسیز کمیونٹی ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ پشتون امریکن کمیونٹی کی نمائندہ تنظیم خیبر سوسائٹی کے صدر زمان آفریدی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ خیبر سوسائٹی ، اس کی کابینہ کے تمام ارکان پشاور میں دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ، ہمارے دل خون کے آنسو روتا ہے ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ اس ہولناک سانحہ میں جو جو بھی ملوث ہیں، انہیں نشان عبرت بنایا جائے ۔ زمان آفریدی نے کہا کہ امریکہ بھر میں خیبر سوسائٹی سمیت پوری کمیونٹی سوگ میں مبتلا ہے ۔
پاکستانی امریکن کمیونٹی کی ایک نمائندہ تنظیم پاکستانی امریکن کمیونٹی آف لانگ آئی لینڈ کی جانب سے نیویارک میں تین فروری کو سانحہ پشاور کے شہداءکی یاد میں دعائیہ و تعزیتی اجتماع کا اعلان کیا گیا ہے جہاں شہداءکی ارواح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی جائے گی اور شمعین روشن کرکے انہیں یاد بھی کیا جائیگا۔ شمعین روشن کرنے اور دعائیہ تقریبات امریکہ کے دیگر شہروں میں بھی منعقد کی جا رہی ہے ۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے پشاور مسجدمیں دہشت گردوں کے خود کش حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس انتہائی گھناﺅنے اوربزدلانہ جرم کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ 15 رکنی سلامتی کونسل کے نوری کے لئے صدر جاپان کے سفیر اشی کانے کیمی ہیرو کی طرف سے جاری بیان میں سانحہ متاثرین کے لواحقین اور حکومت پاکستان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا گیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔
بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ سلامتی کونسل کے نزدیک دہشت گردی خواہ وہ کسی بھی صورت میں ہو بین الاقوامی امن و سلامتی کے لئے سنگین ترین خطرہ ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ اس سانحہ کے ذمہ داروں ، اس کے لئے مالی معاونت اور سرپرستی کرنے والوں کوانصاف کے کٹہرے میں لا کھڑا کیا جائے۔ بیان میں تمام ممالک سے اپیل کی گئی کہ وہ بین الاقوامی قانون اور سلامتی کونسل کی قرارد ادوں کے مطابق اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے اس معاملے میں پاکستان کی حکومت اور متعلقہ حکام کی مدد و معاونت کریں۔
بیا ن میں کہا گیا ہے کہ سلامتی کونسل کے رکن ممالک اس عزم کااعادہ کرتے ہیں کہ دہشت گردی کی کارروائیاں ، خواہ ان کا کوئی بھی مقصد ہو اور وہ دنیا کے کسی بھی حصے میں ہوں اور انہیں جس نے بھی انجام دیا ہو مجرمانہ کارروائیاں ہیں اور ان کا کوئی جواز پیش نہیں کیا جا سکتا۔تمام ریاستیں اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون بشمول حقوق انسانی کے بین الاقوامی قانون ، مہاجرین کے بین الاقوامی قانون اورانسانی ہمدردی کے بین الاقوامی قانون کے تحت دہشت گردی کے خاتمے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔
ہائی ریپریزنٹیٹو فار یونائیٹڈ نیشنز الائنس آف سویلائزیشز ( یواین اے او سی) میگوئل اینجل موراٹینوس نے پشاور حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تشدد کی تمام صورتیں ، شہریوں اور مذہبی مقامات کے خلاف دہشت گردی ناقابل قبول اور بلا جواز ہے اور اس کی متفقہ طور پر مذمت کی جانی چاہیے۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ عبادت گاہیں مقدس مقامات ہیں جہاں مختلف مذاہب کے پیروگار تحفظ اور آزادی کے ساتھ اپنے عقائد پر عمل کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ امتیاز، عدم برداشت اور تشدد کی کارروائیوں میں اضافہ گہری تشویش کا باعث ہے۔
اس میں اسلام ، عیسائیت اور یہودیت سے نفرت یا کسی بھی مذہب ، جنس اور نسل کی بنیاد پر کسی سے نفرت کی وجہ سے کئے جانے والے واقعات شامل ہیں۔ انہوں نے تمام مذاہب کے لئے باہمی احترام اور بھائی چارے اورامن کے کلچر کے فروغ کی اپیل کرتے ہیں۔
پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے پشاور پولیس لائن دھماکے کے شہداءکو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، ایسے بزدلانہ اقدامات قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورکمانڈرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
فورم نے پشاور پولیس لائن دھماکے کے شہداءکو زبردست خراج عقیدت پیش کیا آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ اس طرح کی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں بلکہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں کامیابی کے لیے ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں، ہر طرح کی دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس ہے۔

Related Articles

Back to top button