نیویارک میں خواتین بھی کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی میں پیش پیش
خواتین کی ایک اہم تنظیم PASWOکے زیر اہتمام کونی آئی لینڈ ایونیو ، بروکلین پر یوم اظہار یکجہتی کشمیر کی عوامی تقریب، قونصل جنرل سمیت اہم شخصیات کی شرکت
عطیہ شہناز اور ان کی ساتھیوں کے زیر اہتمام تقریب میں قونصل جنرل عائشہ علی ، کونسل ممبر میتھیو یوجین، جان ولیمز ، مشتاق احمد کمبوہ ،ندیم عابد، ڈاکٹرشفیق، بورس نوبل ، امبر سمیت مقامی اہم شخصیات کی شرکت
کشمیر عوام کے حق خود ارادیت اور انسانی حقوق سمیت ان کی کشمیر کاز کے حق میں اس وقت تک آواز بلند کرتے رہیں گے کہ جب تک کشمیری عوام کو ان کے حقوق نہیں مل جاتے ، مقررین
نیویارک (اردونیوز ) پاکستانی امریکن کمیونٹی نیویارک کی خواتین کی ایک اہم و نمائندہ تنظیم ”پاکستانی امریکن سکلڈ وومین آرگنائزیشن “(پاسوو۔PASWO) کے زیر اہتمام نیویارک میں پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کے سب سے بڑے گڑھ کونی آئی لینڈ ایونیو پر یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ایک بڑی اور عوامی تقریب منعقد ہوئی جس میں کمیونٹی کی خواتین ، کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے پیش پیش نظر آئیں ۔تقریب کے انعقاد میں ”پاسوو “ کی عہدیداران عطیہ شہناز ، سمیرا نور، شاہین کھو کھر ،سائمہ عتیق،صبیحہ منظور ،کوثر پروین اور ہمنا خان سمیت ان کی ساتھیوں نے اہم کردارادا کیا ۔
شرکاءنے اپنے ہاتھوں میں پاکستان ، کشمیر کے جھنڈے اور پلے کاردز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری عوام کے حق میں اور ان پر ہونیوالے مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔ شرکاءخواتین تمام وقت کشمیری عوام کے حق میں نعرہ بازی کرتی رہیں ۔
تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا، عطیہ شہناز کے والد نے تلاوت کی سعادت حاصل کی ۔ بعد ازاں ”پاسوو“ کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر عطیہ شہناز نے مہمانان خصوصی اور شرکاءکو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ہم نیویارک سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم یوم یکجہتی کشمیر پر ہی نہیں بلکہ ہر روز ان سے اپنی یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور اپنا یہ کرداراس وقت تک ادا کرتے رہیں گے کہ جب تک کشمیری عوام کو ان کا خود اردیت اور بنیادی حقوق نہیں مل جاتے ۔ ہم ان پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف بھی امریکہ کے ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے ۔
قونصل جنرل عائشہ علی نے عطیہ شہناز سمیت پوری ”پاسوو“ ٹیم کی خدما ت کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی معاشرے اور کمیونٹی میں خواتین کا کردار نہایت ہی اہم ہے ۔ خوش آئند بات ہے کہ مظلوم کشمیری عوام کے حقوق کے لئے اور ان کے ساتھ ہونیوالی زیادتیوں کے خلاف آواز بلند کرنے کے لئے خواتین پیش پیش ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے آرٹیکل 370سمیت کشمیر میں حال ہی میں جرنے اقدام کئے ، وہ سب غیر قانونی ہیں ۔ اسی طرح انڈین گورنمنٹ کی جانب سے انڈین شہریوں کو کشمیر کے ڈومیسائل لاکھوں کی تعداد میں جاری کرکے ، کشمیر کی آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی ایک اور غیر قانونی کوشش کی جا رہی ہے ، عالمی ادارے اس کا نوٹس لیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی بھی صورت میں کشمیرکاز پر اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
عطیہ شہناز نے کہا کہ ہم نیویارک سے کشمیری عوام کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ان کے حق خود ارادیت کی جدوجہد میں شانہ بشانہ ان کے ساتھ ہیں اور اس وقت تک ساتھ رہیں گے جب تک کشمیر ی عوام کو آزادی نصیب نہیں ہو جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین ، اپنے بچوں اور آنیوالی نسلوں کو کشمیر کاز سے آگاہ کریں ۔
کمیونٹی رہنما مشتاق احمد کمبوہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انڈین ہٹلر نریندر مودی کے ظلم کی سیاہ رات جلد ختم ہو جائے گی ۔ ہم اقوام متحدہ سمیت اقوام عالم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ نازی طرز پر حکومت کرنے والے ظالم مودی کا ہاتھ روکیں اور مظلوم کشمیریوں کو ان کے حقوق دلوانے میں اپنی ذمہ داریاں پوری کریں ۔
کشمیری اور انسانی حقوق کے رہنما ملک ندیم عابد نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم و محکوم عوام پر ہونیوالے مظالم کو رکوانے اور انہیں ان کے حقوق دلوانے میں ہم سب کو یکجا ہو کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ خوش آئند بات ہے کہ ”پاسوو“ جیسی خواتین کی تنظیمیں بھی کشمیر کاز کے لئے اپنا کردار ادا کرنے میں پیش پیش ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں خواتین کے ساتھ جو مظالم ہوئے ہیں اور ہو رہے ہیں ، وہ ناقابل بیان ہیں ۔ مظالم کی داستانیں سن کو راتوں کو نیند نہیں آتی ۔ اقوام عالم کے ضمیر کو جھنجھوڑنا ہوگا ۔ہم عہد کرتے ہیں کہ کشمیری عوام کی آزادی تک ان کے ساتھ ہوں گے ۔ ملک ندیم عابد نے کہا کہ ہم بھارتی مظالم کے خلاف اپنی جوجہد کا ایک حصہ ، امریکہ میں بھارتی پراڈکٹس کا بائیکاٹ کرکے بھی کر سکتے ہیں ۔
کونسل ممبر ڈاکٹرمیتھیو یوجین نے کہا کہ مارٹن لوتھر کنگ کا کہنا بالکل صحیح ہے کہ دنیا میں کہیں بھی ہونیوالی نا انصافی سے دنیا میں ہر جگہ ہونے والے انصاف کو خطرہ لاحق ہوتا ہے ۔ ہمیں ہر جگہ انصاف کو یقینی بنانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ امریکہ آزادی اور مساوی حقوق کی اقدار پر یقین رکھتا ہے۔
کونسل ممبر کے امیدوار منسٹر جان ولیمز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کی خدمات قابل قدر ہیں ۔ ہم ان کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں اور اس سلسلے کو مزید فروغ دیں گے۔ ۔
PASWO observes Kashmir Solidarity Day in New York