" "
پاکستان

پاکستانی امریکن خواتین کمیونٹی میں مردم شماری کےلئے متحر ک

”پاکستانی امریکن سکلڈ ویمن آرگنائزیشن“کے زیر اہتمام، نیاز اور اشیائے خوردونوش تقسیم کرنے کے ساتھ ساتھ امریکہ میں جاری مردم شماری میں کمیونٹی کی ہر ممکن شرکت کو یقینی بنانے کےلئے اقدام

نیویارک (اردونیوز ) پاکستانی امریکن کمیونٹی نیویارک کی ہنر مند خواتین کی ایک نمائندہ تنظیم ”پاکستانی امریکن سکلڈ ویمن آرگنائزیشن“PASWOکے زیر اہتمام ماہ محرم الحرام کی مناسبت سے بھی مستحق افراد میں اشیائے خوردو نوش کے ساتھ ساتھ نیاز بھی تقسیم کی گئی ۔اس موقع پر مردم شماری کے عملے کے ساتھ مل کر امریکہ میں جاری مردم شماری کے عمل میں کمیونٹی کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانے کا بھی اہتمام کیا گیا ۔
پاسو و کی ڈائریکٹرعطیہ شہناز کا کہنا تھا کہ ہم نے اشیاءخوردونوش کی تقسیم کے سلسلے کے ساتھ ساتھ ماہ محرم اور امام عالی مقام حضرت امام حسین ؑ کی مناسبت سے لنگر کا انتظام کیا ہے ۔ اللہ کا شکر ہے کہ جو ہمیں خدمت خلق کی توفیق عطاءفرما رہا ہے ۔ عطیہ شہناز نے مزید کہا کہ چونکہ امریکہ میں جاری مردم شماری 31ستمبر تک مکمل ہو رہی ہے اور ہم اس امر کو یقینی بنا رہے ہیں کہ اس مردم شماری میں ہماری کمیونٹی کا ایک ایک فرد کا شمار ہو۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری کا عمل ہر کمیونٹی بالخصوص امیگرنٹ کمیونٹیز کے لئے بہت اہم ہے ۔مردم شماری سے حاصل ہونیوالے اعداد وشمار سے ہی شہر، ریاست اور وفاق حتیٰ کہ محلے کی سطح پر وسائل مختص ہوتے ہیں ۔ ہم اپنی کمیونٹی پر زور دیں گے کہ وہ مردم شماری میں ہر ممکن حصہ لیں ۔
”پاسوو“ کی جانب سے کونی آئی لینڈ ایونیو ، بروکلین پر واقع PASWOکی بورڈ ممبر راحیلہ اسلم کے بیوٹی پارلر کے سامنے کیمپ لگایا گیا جہاں آرگنائزیشن کی عطیہ شہناز، راحیلہ اسلم ، صفیہ علی ، شاہین کھوکھر، مسرت صدیقی اور سمیرا نور نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر لوگوں میں اشیائے خوردو نوش اور نیاز تقسیم کی ۔ ماہ محرم کے حوالے سے صفیہ علی جانب سے سبیل کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔
پاسوو کی بورڈ ممبر راحیلہ اسلم کا کہنا تھا کہ خواتین کسی بھی معاشرے اور کمیونٹی کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں ۔ خواتین کو نہ صرف تعمیر و ترقی کے عمل میں شانہ بشانہ اپنا کردا ر ادا کرنا چاہئیے بلکہ آگے بڑھ کر دوسری خواتین کے لئے بھی رول ماڈل بننا چاہئیے ۔ ”پاسوو“ کمیونٹی کی خواتین کو ایک پلیٹ فارم فراہم کررہا ہے ۔
سمیرا نور نے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہر بدھ کو ہم فوڈ تقسیم کرتے ہیں ۔روزانہ ہاٹ لنچ شیلٹر ہوم میں تقسیم کرتے ہیں ۔ محرم کے حوالے سے ہم نے لنگر تقسیم کیا ہے ۔ انشاءاللہ خدمت خلق کے اس سلسلے کو جاری رکھیں گے ۔
مسرت صدیقی نے کہا کہ ہم نے لنگر بنایا ہے اور دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہماری خدمت کو قبول و منظورفرمائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر کمیونٹی پر مشکل وقت ہے اور اس مشکل وقت میں ہم سب کو ایک دوسرے کے ساتھ ساتھ دوسروں کی بھی مدد کرنی ہے ۔
صفیہ علی نے کہا کہ پاسوو کی ٹیم نے اشیاءخوردو نوش کے ساتھ ساتھ محرم کی نیاز کا بندوبست کیا ہے اور سبیل بھی لگائی ہے ۔ ہماری اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اپنی کاوشوں کو قبول فرمائیں ۔
اس موقع پر یو ایس سنسز بیورو کی اہلکار کمیونٹی ارکان کو آن لائن یا بذریعہ میل مردم شماری فارم بھرنے کے بارے میں معلومات اور رہنمائی فراہم کرتی رہی۔
پاسو و تنظیم کی ارکان کا کہنا ہے کہ کسی بھی معاشرے اور کمیونٹی کی ترقی میں خواتین کا کردار اہم ہوتا ہے اور وہ پاکستانی کمیونٹی کی خواتین کو دعوت دیتی ہیں کہ وہ آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کریں ۔

PASWO food and Census drive

Related Articles

Back to top button