”PASWO“کے زیر اہتمام یوم آزادی پاکستان کی عظیم الشان تقریب
کانگریس ویمن ایوٹ کلارک یوم آزادی پر پاکستان کے رنگ میں رنگ گئیں ، سبز رنگ کے پاکستانی لباس میں ملبوس ہو کر آئیں ، چوڑیاں پہنیں ،پاکستان زندہ آباد کے نعرے لگائے
نیویارک کونسل مین کے امیدوار سٹیون پیٹزر بھی شلوار قمیض میں ملبوس ہو کر آئے ، بورس نوبل کے علاوہ نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے ڈپٹی چیف بروکلین چارلس شول نے بھی خصوصی شرکت کی
نیویارک (اردونیوز ) پاکستانی امریکن کمیونٹی نیویارک کی ہنر مند خواتین سمیت خواتین کی ایک اہم و نمائندہ تنظیم ”پاکستانی امریکن سکلڈ ویمن آرگنائزیشن “(PASWO) کے زیر اہتمام یوم آزادی پاکستان کے سلسلے میں گورمے ریسٹورنٹ میں ایک عظیم الشان اور پروقار تقریب منعقد ہوئی ۔یہ تقریب اس لحاظ سے منفرد اور یاد گار رہی کہ اس میں شریک اہم امریکی منتخب قائدین ، پاکستانی امریکن کمیونٹی کی فرمائش پر اور ان کی جانب سے پیش کردہ خصوصی پاکستانی ملبوسات پہنچ کر اور پاکستان کے رنگوں میں رنگ کر تقریب میں شریک ہوئے ۔یہ پاکستانی ملبوسات ان امریکی قائدین کے لئے خصوصی طور پر تیار کروائے گئے تھے ۔
تقریب کے انعقاد میں ”پاکستانی امریکن سکلڈ ویمن آرگنائزیشن “(PASWO) کی پریذیڈنٹ عطیہ شہناز، وائس پریذیڈنٹ راحیلہ اسلم ، ڈائریکٹر کمیونٹی افئیرز سمیرا نور، مسرت صدیقی ، شاہین کھوکھر، صفیہ علی سمیت انکی ساتھیوں نے کلیدی کردار ادا کیا ۔
نیویارک کے علاقے بروکلین کی یو ایس کانگریس میںنمائندہ کانگریس ویمن ایوٹ کلارک (ڈیموکریٹ ) یوم آزادی پاکستان کی تقریب میں جب سبز رنگ کی پاکستانی شلوار قمیض میں کندھے پر سفید دوپٹے کے ساتھ شرکت کے لئے پہنچیں تو شرکاءنے خوشگوار حیرت کا اظہار کیا اور بعض کو تو انہیں پہچاننے میں کچھ وقت لگا۔ عطیہ شہناز اور ساتھیوں نے انہیں خوش آمدید کہا اور گلدستہ پیش کیا ۔ کانگریس ویمن کلارک کو سبز ہلالی پرچم کے سفید اور سبز رنگوں کی چوڑیاں پہنا کر پورے پاکستانی رنگ میں رنگ دیا گیا اور ہال ان کے حق میں تالیوں اور نعروں سے گونج اٹھا ،
کانگریس ویمن کے علاوہ بروکلین (نیویارک) سے کونسل مین کے امیدوار سٹیون پیٹزر بھی ”پاسوا“ تنظیم کی جانب سے پیش کی گئی شلوار قمیض میں ملبوس ہو کر تقریب میں شریک ہوئے ۔ اسی تقریب میں نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے ڈپٹی چیف بروکلین چارلس شول سمیت دیگر اہم شخصیات نے بھی خصوصی شرکت کی ۔تقریب میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات اور ارکان بالخصوص بچوں اور خواتین نے بڑی تعدادمیں شرکت کی ۔تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے کیا گیا جبکہ عطیہ شہناز نے بار گاہ رسالت ﷺ میں ہدئیہ عقیدت بھی پیش کیا ۔ بعد ازاں پاکستان اور امریکہ کے قومی ترانے پڑھے گئے ۔
کانگریس ویمن ایوٹ کلارک ، ڈپٹی پولیس چیف چارلس شول سمیت دیگر مہمانان خصوصی نے ”پاسوو“ کی خواتین اور شرکاءکے ساتھ مل کر پاکستان کے یوم آزادی کا کیک کاٹا اور مبارکباد دی ۔اس موقع پر ہال پاکستانی زندہ آباد کے نعروں سے گونج اٹھا۔
عطیہ شہناز نے خطاب کرتے ہوئے مہمانان خصوصی سمیت تمام شرکاءکا شکرئیہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کمیونٹی کو اپنے کام اور کردار سے امریکہ میں ملک و قوم کا نام سربلند کرنا چاہئیے ۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قوم ، معاشرے اور کمیونٹی کی ترقی کے لئے خواتین کا کردار نہایت ہی اہم ہے ۔ اس کردار کو ہم سب کو مل کر یقینی بنانا ہے اور سب کو ایک دوسرے کو ساتھ لے کر ترقی کے سفر کو یقینی بنانا ہوگا۔
کانگریس ویمن ایوٹ کلارک نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ دوست ممالک ہیں ، ان کی دوستی اور تعلقات کے فروغ میں جہاں کمیونٹی اپنا کردار ادا کرتی ہے وہاں کانگریس کا پاکستان کاکس بھی کردار ادا کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کی ترقی نہایت ہی ضروری ہے ۔ ہم سب مشکل وقت سے گذررہے ہیں اور کورونا وائرس وبا اور معاشی مشکلات کا سب کو مل کر مقابلہ کرنا ہوگا۔ کانگریس ویمن کلارک نے کہا کہ وہ جب کانگریس میں واپس جائیں گی تو مسلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور اس کے حل کے سلسلے میں اپنے کردار کو جاری رکھیں گی ۔
نیویارک پولیس کے ڈپٹی چیف پٹرول بورو ساو¿تھ چارلس شول نے کمیونٹی کو السلام علیکم اور پاکستان زندہ آباد کو نعرہ لگا کر مخاطب کیا ۔ انہوں نے کمیونٹی کو یوم آذادی کی مبارکباد دی ۔
تقریب سے انسانی حقوق کمیشن کے ملک ندیم عابد، کمیونٹی قائدین پرویز صدیقی ، بازہ روحی ، شازیہ وٹو، کیپٹن عدیل رانا، لیفٹنٹ ضیغم عباس، جیمز سپرئین، اسلم ڈھلوں ، مقامی امریکی شخصیات مارک اپیل ، بورس نوبل ، سٹیون پیٹزر،کریم وٹو ، ذکریا خان سمیت دیگر نے خطاب کیا اور پاکستانی امریکن سکلڈ ویمن آرگنائزیشن کی ٹیم کو یوم پاکستان کی عظیم الشان تقریب کے انعقاد پر مبارکباد دی ۔ پاکستان کے معروف فنکار عابد کاشمیری نے بھی خصوصی شرکت اور خطاب کرکے شرکاءکو اپنی مزاح بھری باتوں سے محظوظ کیا۔
عطیہ شہنازاور ان کی ساتھیوں کے زیر اہتمام اس تقریب میں پاکستان کا یوم آزادی جوش و خروش سے منایا گیا ، بچوں نے قومی نغموں پر پرفارمنس دی اور شرکاءنے مل کر پاکستان کی سالگرہ کا کیک کاٹا ۔
Pakistani American Skilled Women Organization PASWO has celebrated Pakistan’s 73rd Independence Day in Brooklyn, New York